Updated: July 21, 2022, 9:34 AM IST
| Lucknow
آبی وسائل کے وزیر دنیش کھٹک نے دلت ہونے کی بنا پر نظرانداز کئے جانے کا الزام لگایا، امیت شاہ کو استعفیٰ اور مکتوب روانہ کیا، یوگی سرکار کے طریقہ کار پر سوال اٹھائے، بدعنوانی کا
بھی الزام لگایا، اپنے ساتھ برتاؤ کوپورے دلت سماج کی توہین بتایا۔ کانگریس سے بغاوت کرکے بی جےپی کا دامن تھامنے والے جتن پرساد بھی ناخوش ، شکایت لے کر دہلی پہنچے
یوگی کے ناراض وزیر دنیش کھٹک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔ (فائل فوٹو)
یو پی میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں ہے۔ ایک وزیر دنیش کھٹک نے دلت ہونے کی بنا پر نظر انداز کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے جہاں مرکزی وزیر امیت شاہ کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے وہیں دوسرے وزیر جتن پرساد بھی ناراض ہیں اور اپنی شکایت کے ساتھ دہلی پہنچے ہیں جہاں امیت شاہ سے ان کی ملاقات متوقع ہے۔ اس سے قبل نائب وزیراعلیٰ برجیش پاٹھک بھی یوگی حکومت کے طریقہ کار پر سوال اٹھا چکے ہیں۔
کار تو دیدی مگر اختیار نہیں دیا: کھٹک
یوگی کابینہ میں وزیر مملکت برائے آبی وسائل دنیش کھٹک نے الزام لگایا ہے کہ انہیں وزیر کی حیثیت سے کار تو دیدی گئی ہے مگر اختیار نہیں دیا گیا۔ امیت شاہ کو بھیجے گئے خط میں کھٹک نے الزام لگایا کہ دلت ہونے کی وجہ سے انہیں عزت دی جاتی ہے،ان کی بات کو سنا جاتاہے۔ان کے مطابق’’دلت ہونے کی بنا پر افسر میری بالکل نہیں سنتے، اب تک میری وزارت میں مجھے کوئی کام تک نہیں دیاگیا۔ ‘‘ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ دلت سماج سے وزیر ہونے کی وجہ سے ان کی کسی بھی ہدایت پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی، نہ ہی انہیں یہ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ میں کون کون سی اسکیمیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’یوپی سرکار کے افسر دلتوں کی توہین کررہے ہیں۔‘‘
بدعنوانی کا بھی الزام عائد کیا
دنیش کھٹک نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو بھیجے گئے مکتوب میں یوگی سرکار کے کام کاج کے طریقے پر بھی سوال کھڑے کئے ہیں اور بدعنوانی کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’نمامی گنگے‘‘ اور’’ہر گھر جل یوجنا‘‘ میں ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہورہی ہے۔ انہوں نے اپنے محکمہ میں ہی بدعنوانیوں کو نے نقاب کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آبی وسائل کے محکمے میں افسران کے تبادلے میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی ہے۔ دنیش کھٹک کی یہ بھی شکایت ہے کہ ان کی سفارش کے باوجود کئی افسران کے تبادلے نہیں کئے گئے۔ ان کے مطابق بے ضابطگیوں کا علم ہونے پر انہوں نے تفصیلات طلب کیں توانہیں فراہم نہیں کی گئیں۔
’چیف سیکریٹری فون کاٹ دیتے ہیں‘
مکتوب میں انہوں نے نشاندہی کی کہ وزیراعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور پارٹی صدر جے پی نڈا نے دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی جو پالیسی اپنائی ہےاسی کی وجہ سے یوپی میں بی جے پی ایک بار پھر اقتدار میں آئی ہے۔ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کو صاف ستھری شبیہ والا وزیراعلیٰ کہتے ہوئے ان کی کابینہ میں شمولیت پر خوشی کااظہار بھی کیا مگر کہا کہ ’’دلت ہونے کی وجہ سے میرے کسی حکم پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔‘‘ا نہوں نے الزام لگایا کہ’’ ریاست کے چیف سیکریٹری انل گرگ میرا فون بیچ میں ہی کاٹ دیتے ہیں۔‘‘ امیت شاہ سے کھٹک نے شکایت کی ہے کہ ’’متعلقہ محکمہ کے ذمہ دار وزیر مملکت کو محض گاڑی فراہم کردینا ہی اس کا حق سمجھتے ہیں۔‘‘ انہوں نےکہا کہ ’’محکمہ میں مجھے اب تک کوئی اختیار نہیں دیاگیاہے۔‘‘
جتن پرساد شکایت لے کردہلی پہنچے
کانگریس سے بغاوت کرکے بی جےپی کا دامن تھامنے والے جتن پرساد بھی خوش نہیں ہیں۔ انہیں یوگی حکومت میں محکمہ تعمیرات عامہ کا محکمہ سونپا گیا ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی شکایت لے کر دہلی پہنچے ہیں۔ جلد ہی امیت شاہ سے ان کی ملاقات متوقع ہے۔
ان کے محکمے میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انکوائری بٹھا دی ۔اس دوران ان کی ٹیم کے ایک سینئر افسر کو معطل کردیا گیا جس سے جتن اور بھی زیادہ ناراض ہو گئے۔ منگل کو پھر پی ڈبلیو ڈی وزارت کے ۵؍ افسران بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کا تبادلہ کیاگیاہے۔