مودی، امیت شاہ ، نتیش کمار اور یوگی آدتیہ ناتھ نے این ڈی اے کا مورچہ سنبھالا، ملکارجن کھرگے، پرینکا ، تیجسوی اور اکھلیش انڈیااتحاد کیلئے میدان میں اترے
EPAPER
Updated: November 04, 2025, 9:22 AM IST | Patna
مودی، امیت شاہ ، نتیش کمار اور یوگی آدتیہ ناتھ نے این ڈی اے کا مورچہ سنبھالا، ملکارجن کھرگے، پرینکا ، تیجسوی اور اکھلیش انڈیااتحاد کیلئے میدان میں اترے
                                بہار اسمبلی انتخابا ت۲۰۲۵ء کیلئے پہلے مرحلے کی پولنگ ۶؍نومبر کو ہوگی۔ اس کے لیے انتخابی مہم منگل یعنی آج ۴؍نومبر کو ۵؍ بجے ختم ہوجائے گی۔ اس سے قبل حکمراں اتحاد این ڈی اے اور اپوزیشن انڈیا اتحاد نے انتخابی مہم کے لیے پوری طاقت جھونک دی۔ پیر کو این ڈی اے کی طرف سے وزیراعظم نریندر مودی، وزیرداخلہ امیت شاہ،وزیراعلیٰ نتیش کمار، مرکزی وزیرنتن گڈکری، چراغ پاسوان، اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور للن سنگھ نے کمان سنبھالی تو وہیں ’انڈیا‘ اتحاد کی جانب سے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، پرینکا گاندھی ، تیجسوی یادو ، اکھلیش یادو میدان میں اترے۔ 
 وزیراعظم نے کٹیہار اور سہرسہ کی ریلیوں میں اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بہار کی نئی نسل کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ لالٹین ، پنجہ اور لال جھنڈے والوں نے بہار کو دہائیوں تک بے حال رکھا۔ دوسری جانب این ڈی اے بہار کو تیزی سے خوشحالی کی طرف لے جارہا ہے ۔ انہوں نے سرحدی ضلع کٹیہار میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر ’گھس پیٹھئے‘ کا ذکر کیا اور کہا کہ بہار کے ساتھ ساتھ ملک کے وسائل پر صرف اور صرف ہندوستان کے شہریوں کا ہی حق ہے۔ ان کے اس حق کو ہم ’گھس پیٹھیوں‘ کو چرانے نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے لوگوں سے کہا کہ بہار کی تیز رفتار ترقی کو جاری رکھنے کے لیے آپ کا ایک ایک ووٹ بیحد قیمتی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سہرسہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل انجن سرکار نے بہار کے جنگل راج کو ’سُشاسن‘ (قانون کی حکمرانی ) میں بدلا۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ کوسی سیمانچل علاقے میں صنعتوں کی توسیع ہورہی ہے اور مدھے پورہ ریل فیکٹری ’میک اِن انڈیا‘ کی شان بن رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مدھے پورہ میں ریل فیکٹری قائم کرنے کی تجویز لالو پرساد یادو نے ریلوے کے وزیررہتے ہوئے بجٹ میں پیش کی تھی ۔ اس تجویز کو جنوری ۲۰۱۴ء میں کابینہ نے منظوری دی تھی۔ 
 وزیرداخلہ امیت شاہ نے بھی متعدد ریلیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے بہار کی سبھی شکر ملوں کو پھر سے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ قابل ذکر ہے کہ نریندر مودی نے ۲۰۱۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں موتیہاری میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگلی مرتبہ جب وہ آئیں گے تو وہیں کی شکر مل سے تیار شکر کی بنی چائے پئیں گے ۔ یہ بھی کہا کہ بہار میں بنے ’گولے‘ آپریشن سیندور جیسے اقدامات کیلئے استعمال کیے جائیں گے ۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپوزیشن کے لیڈروں کو ’تھری بی ‘ یعنی تین بند ر کہا۔انہوں نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے ساتھ ہی اپوزیشن اتحاد میں شامل سبھی پارٹیوں کو ’رام ‘ کا مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو رام کے مخالف ہیں ، ہم ان کے خلاف ہیں البتہ نتیش کمار نے اپنی تقریر میں سماج کے سبھی طبقوں کے لیے کام کرنے کی بات دہرائی اور کہا کہ پہلے ہندومسلم جھگڑے ہوتے تھے ، اب نہیں ہوتے ۔ انہوں نے آئندہ پانچ سال میں ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکری اور روزگار دینے کی بات دہرائی۔ وہ بھاگلپور اور بانکا ضلع میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کررہے تھے۔ 
 این ڈی اے کی طرف سے مرکزی وزیرنتن گڈکری نے سارن ضلع میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’بہار کی سڑکیں امریکہ سے بھی بہتر بنیں گی۔ یادرہے کہ انہوں نے چند سال پہلے بھی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہی بات کہی تھی۔ 
 دوسری جانب مہاگٹھ بندھن کی طرف سے وزیراعلیٰ کے عہدہ کے امیدوار تیجسوی یادو، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پرینکا گاندھی کے ساتھ ہی سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش پرساد نے مورچہ سنبھالا۔ تیجسوی یادو نے پٹنہ ، سارن اور بھوجپور میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہا رکو بہاری چلائیں گے ، گجراتی نہیں۔ انہوں نے عوام سے مہاگٹھ بندھن کو ایک موقع دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے ۲۰؍سال حکومت کرنے کے باوجود کچھ نہیں کیا، وہی لوگ آج پھر جھوٹے وعدے کررہے ہیں۔ ادھر پرینکا گاندھی نے سمستی پور، لکھی سرائے اور سہرسہ ضلع میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بہار کے لیے اور اپنے بچوں کے لیے ووٹ کریں ۔ انہوں نے خاص طور  پر خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ دس دس ہزار روپے لے لیں لیکن انہیں ووٹ نہیں دیں جنہوں نے آپ کے گھروں کو تباہ کررکھا ہے۔ اکھلیش یادو نے عورتوں کو روزگار کے لیے دس دس ہزار دینے پر طنز کرتے ہوئے این ڈی اے بالخصوص وزیراعظم مودی سے پوچھا کہ لوگوں کے ۱۵۔۱۵؍لاکھ کا کیا ہوا؟