• Tue, 17 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سینٹرل ریلوے میں بلاٹکٹ مسافروں کے خلاف کارروائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

Updated: February 17, 2026, 3:03 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۲؍ارب ۳؍ کروڑ ۷۶؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ،۳۴؍لاکھ ۳۴؍ہزار مسافروں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں لوکل ٹرینو ں کے ۹؍ لاکھ ۴۹؍ہزارمسافر بھی شامل ہیں۔

A Scene Of Ticket Checking In A Long-Distance Train.Photo:INN
طویل مسافتی ٹرین میں ٹکٹ چیکنگ کاایک منظر۔ تصویر:آئی این این

  سینٹرل ریلوے میں اپریل تا جنوری ۲۰۲۵۔۲۶ ءکے رواں مالی سال میں بلاٹکٹ مسافروں کے خلاف کارروائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ مجموعی طور پر ۲؍ ارب ۳؍ کروڑ ۷۶؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ یہ کارروائی سینٹرل ریلوے کے الگ الگ زون میں ۳۴؍ لاکھ ۳۴؍ہزار مسافروں کے خلاف کی گئی۔ اس کارروائی میں ممبئی میں لوکل ٹرینو ں میں سفر کرنے والے ۹؍لاکھ ۴۹؍ہزار مسافر شامل ہیں۔ ان سے ۲۷؍کروڑ ۳۹؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ 
ان اعداد وشمار کے ساتھ سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ سینٹرل ریلوے، اپنے معزز مسافروں کو محفوظ، ہموار اور آرام دہ سفر کا تجربہ فراہم کرنے کےساتھ اپنے نیٹ ورک پر بغیر اجازت اور بغیر ٹکٹ کے سفرکرنے والوں کو سختی سے روکنے کے لئے اپنے اقدامات تیز کر رہا ہے۔ منظم انداز میں ٹکٹ چیکنگ ٹیموں کے ذریعے اتنی بڑی تعداد میں کی جانے والی کارروائی اس کی عملی مثال ہے۔گزشتہ سال اس مدت کے دوران ۲۸؍لاکھ ۳۱؍ہزارمسافروں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی جو رواں سال میں ۹؍ فیصد زیادہ ہے۔ ممبئی ڈویژن میں مضافاتی ٹکٹ چیکنگ مہم پر خاص توجہ دی گئی ،اس کا بھی خاصا اثر نظر آیا۔ مسافرو ں کے خلاف کی جانے والی کارروائی میں بھساول ڈویژن، ممبئی ڈویژن، پونے ڈویژن اور ناگپور ڈویژن شامل ہیںجبکہ اس میں ممبئی سرِفہرست ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:فرانسیسی صدر میکرون سے ملنے کا منتظر ہوں:مودی

سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے مذکورہ بالا تفصیلات کے ساتھ نمائندۂ انقلا ب کو یہ بھی بتایا کہ ’’غیر مجاز مسافروںکا پتہ لگانے کے لئے ایک کثیر الجہتی حکمت عملی کا استعمال کیا جاتا ہے اور وقفے وقفے سے مہم چلائی جاتی ہے۔یہ مہم میل،  ایکسپریس ٹرینوں، مسافر ٹرینوں، اسپیشل ٹرینوںاور مضافاتی ٹرینوں میں چلائی جاتی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:سشمیتا سے پہلے ’میں ہوں نا‘ میں دوسری اداکارہ کو موقع دیا جانے والا تھا

انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’سینٹرل ریلوے انتظامیہ مسافروں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ریلوے اورلائسنس یافتہ ایجنٹوں کے ذریعہ جاری کردہ درست ٹکٹ کے ساتھ سفر کریں یا اے ٹی وی ایم کے ذریعے یا پھر ویب سائٹ کے ذریعے ٹکٹ بک کریں۔ مسافر اپنے موبائل فون پر’ ریل ون ایپ‘ ڈاؤن لوڈ کرکے بھی ٹکٹ بک کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسافر جعلی ٹکٹ بنانے، حاصل کرنے اور ان پر سفر کرنے کے لئے دھوکہ دہی نہ کریں۔ ایسا کرنا انڈین پینل کوڈ ایکٹ۲۰۲۳کے تحت قابل سزا ہے۔ایسا کرتے ہوئے پکڑے جانے پر جرمانہ کے علاوہ ۷؍سال تک قید یا دونوںہوسکتا ہے۔ مسافر محفوظ ، ذمہ داری اور وقار کے ساتھ سفر کریں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK