مہاراشٹر کے تمام اسکول ۸؍ اور ۹؍جولائی کو بند رکھنے کا اعلان، زیر التوا مطالبات پورے نہ ہونے سے امداد یافتہ اسکولوں کا تدریسی و غیر تدریسی عملہ ناراض۔
EPAPER
Updated: July 07, 2025, 3:18 PM IST | Ali Imran | Nagpur
مہاراشٹر کے تمام اسکول ۸؍ اور ۹؍جولائی کو بند رکھنے کا اعلان، زیر التوا مطالبات پورے نہ ہونے سے امداد یافتہ اسکولوں کا تدریسی و غیر تدریسی عملہ ناراض۔
زیر التوا مطالبات کو پورا کرنے میں ناکام حکومت کے خلاف مہاراشٹر کے تمام امداد یافتہ اسکول نے ۸؍ اور ۹؍جولائی کو بند کا اعلان کیا ہے۔ ہزاروں امداد یافتہ اسکولوں کے تدریسی و غیر تدریسی عملے کا مطالبہ ہے کہ حکومت گرانٹس اور دیگر فوائد سے متعلق مطالبات فوری کرے۔ والدین اور طلبہ کو بھی ریاست بھر میں اس بند کا نوٹس لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق احتجاج کی کال امدادی اور جزوی طور پر امداد یافتہ اسکولوں کے ملازمین نے دی ہے، ان کا الزام ہے کہ کئی بار توجہ دلانے کے باوجود حکومت مطالبات پورے کرنے میں ناکام رہی ہے، حکومت یقین دہانی تو کرتی ہے لیکن اب تک کسی ایک مطالبہ پر بھی عمل نہیں ہوا۔ اسکول بند کرنے کے اس فیصلے سے ریاست بھر میں تعلیمی نظام الاوقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پچھلے سال، اساتذہ کا ۷۵؍ روزہ احتجاج یکم اگست ۲۰۲۴ءکو شروع ہوا، جس کے نتیجے میں امداد یافتہ اسکولوں کے لیے مالی امداد میں اضافہ کا حکومت نے اس وقت مثبت جواب دیا تھا۔ موجودہ ناراضگی ۱۰؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو کابینہ کے اجلاس کے دوران کیے گئے وعدے سے پیدا ہوئی ہے، جب اس وقت کے وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ گرانٹس کی اگلی قسط جاری کی جائے گی۔
تاہم گزشتہ ایک سال کے دوران کوئی پیش رفت نہ ہونے پر اساتذہ کی انجمنوں نے ایک بار پھر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ ۸؍ اور ۹؍جولائی کو ہزاروں اساتذہ ممبئی کے آزاد میدان میں ایک بڑے مظاہرے کیلئے جمع ہوں گے اور کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔ خیال رہے کہ اس احتجاج کو مہاراشٹر اسٹیٹ ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن، جوائنٹ ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن اور مختلف ٹیچر یونینوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ تنظیم کے لیڈران نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری جواب نہ دیا تو احتجاج میں شدت آسکتی ہے جس سے تعلیمی نظام میں مزید خلل پڑ سکتا ہے۔