Inquilab Logo

مالیگاؤں بم دھماکہ۲۰۰۸ء معاملہ کے سبھی ملزمین کی عدالت میں حاضری

Updated: October 05, 2023, 12:26 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

پرگیہ سنگھ ٹھاکر،کرنل پروہت اور دیگر ۵؍ملزمین کے بیانات درج کرنے کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رہا

Pragya Thakur with her lawyers outside the court. (File Photo)
پرگیہ ٹھاکر کورٹ کے باہر اپنے وکلاء کے ساتھ۔(فائل فوٹو)

مالیگاؤں بم دھماکہ ۲۰۰۸ء معاملے میں کلیدی ملزمہ،بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اورکرنل پروہت ودیگر ۵؍ ملزمین کے بیانات درج کرنے کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رہا۔البتہ دوسرے دن ایک بار پھر  پرگیہ سنگھ صبح ۱۱؍ بجے کے بجائے دوپہر ایک بجے کمرہ عدالت میں حاضر ہوئی جس کی وجہ سے سماعت کا سلسلہ تاخیر سے شروع کیا گیا لیکن کورٹ نے پرگیہ ٹھاکر کے خلاف کوئی سخت احکامات جاری نہیں کئے ہیں ۔
  بدھ کو مذکورہ بالا کیس کے تمام ملزمین کو صبح ۱۱؍ بجے ہی کورٹ میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا تھا لیکن کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کمرہ عدالت میں ایک بجکر ۱۰؍ منٹ پر حاضر ہوئی   جس کی وجہ سے عدالت کی کارروائی ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی ۔ دوران سماعت سادھوی پرگیہ کے وکیل جے پی مشرا نے سادھوی کے علیل ہونے کے علاوہ ٹریفک کے سبب عدالت پہنچنے میں  تاخیرہوجانے کاجواز پیش کیا تھا ۔ خصوصی عدالت کے جج اے کے لاہوٹی کے روبرو ہونے والی شنوائی کے دوران ۶۰؍ سوالوں کے بعد پوچھے جانے والے سوالوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کیا گیا ۔ وہیں ملزمین نے ایک بار پھر اکثر و بیشتر سوال کے جواب نفی میں دیا یا سرے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا ۔  بدھ کو ہونے والی سماعت کے دوران ۶۱؍ ویں سوال سے سماعت کا آغاز ہوا جس میں دھماکہ سے متاثرہ زخمیوں کا علاج کرنے والے فاران اسپتال کے روح رواں ڈاکٹر سعید فارانی کے درج کردہ بیان سے متعلق وکیل استغاثہ نے ملزمین سے جاننا چاہا تھا ۔ اس پر ملزمین نے پوچھے گئے ۱۱۰؍ سوالوں کے جواب نفی میں دیئے یا پھر اسے سے لاعلمی کا اظہار کیا ۔بدھ کو ہونے والی شنوائی کے دوران بھی ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی سے ہندی ،مراٹھی اور انگریزی میں سوالات پوچھے گئے ۔ بدھ کو کارروائی شروع ہونے سے قبل ملزمین کی حفاظت کے پیش نظر خصوصی جج نے میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی کے بعد تمام فریق اور عدالت میں شریک ہونے والوں کو سماعت میں شامل ہونے کی اجازت دی تھی ۔دو دنوں میں ملزمین سے پوچھے گئے ۱۷۰؍ سوالات کے بعد خصوصی عدالت نے کارروائی کو جمعرات تک کے لئے ملتوی کر دیا ہے ۔

malegaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK