Inquilab Logo

مالیگائوں میں۷؍ سالہ بچے کی پراسرار موت، لاش نالے سے برآمد

Updated: April 18, 2024, 11:59 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

محمد شہزاد کئی گھنٹوںسے غائب تھا،پولیس کو اطلاع دی گئی تھی ، دیر رات مشتبہ حالت میں مردہ پایا گیا، سی سی ٹی کی مددسے جانچ کا مطالبہ۔

Muhammad Shehzad Saifullah. Photo: INN
محمد شہزاد سیف اللہ۔ تصویر : آئی این این

بدھ  کی رات دیر گئے ایک کمسن لڑکے کی لاش مشتبہ حالت میںآواڑی نالے سے برآمد ہوئی۔ متوفی بچے کا نام محمد شہزاد سیف اللہ(۷) ہے۔ اہل خانہ  کے مطابق محمد شہزاد  پُراسرار طریقہ سے گم ہو گیا تھا۔ مالیگائوں کے سماجی کارکنان جوگم شدہ بچوں کی تلاش کیلئے رضاکارانہ کام کرتے ہیں انہیں شہزاد کی تصویر اور دیگر تفصیلات دی گئی۔ اسی دوران خبرملی کہ صنعتی شہر کے مضافات میں آواڑی نالے میں ایک کمسن لڑکا ڈوباہوا دِکھائی دے رہا ہے۔ جائے مقام پر پہنچ کر دیکھا گیا تو وہ لاش محمد شہزاد کی تھی۔ اس کی لاش نالے کے بیچ میں نہیں بلکہ کنارے پرآکر ٹِک گئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: بارامتی کے عوام مودی کے ساتھ ہیں یا راہل گا ندھی کے؟

شہزاد کے چچامحمد فیضان نے انقلاب کو بتایا کہ ۱۷؍اپریل کی شام ۵؍بجے کے آس پاس شہزاد اچانک غائب ہوگیا تھا۔ گھروالوں نے آس پاس  تلاش کیا لیکن وہ نہیں ملا۔ اُس کے والد سیف اللہ بیرون شہر گئے ہوئے ہیں۔ ہم نے پولیس کو بھی اطلاع دی۔ شہزاد کی تلاش جاری تھی کہ اِس دوران آواڑی نالے میں ایک بچے کی ڈوب جانے کی خبر ملی۔ وہاں پہنچ کردیکھا تو وہ لاش شہزاد کی تھی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ۳؍ بھائیوں میں شہزاد منجھلابھائی تھا۔ جس نالے میں اس کی لاش ملی ہے وہاں سے قریب میں ہی ان کی رہائش ہے۔ شکیل تیراک (میونسپل فائر عملہ میں لائف گارڈ) نے کہا کہ’’ دوسے ڈھائی فٹ پانی نالے میں ہے۔ اتنی کم سطح آب میں محمد شہزاد کا ڈوب کرفوت ہو جانا شکوک کو تقویت دیتا ہے۔‘‘
 شفیق احمد شیخ(سماجی کارکن )نے کہا کہ ’’آواڑی نالے کے اطراف کارخانوں میں لگے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی مدد سے واقعے کی شفاف تفتیش کی جائے توبہت سارےشکوک وشبہات کا ازالہ ممکن ہے۔موت کی آغوش میں جانے سے قبل کمسن لڑکاکس کے ساتھ تھا؟اس سوال کا جواب تلاش کرنے میں سی سی ٹی وی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔نالے کی سمت جانے والے راستوں پرجاری کارخانوںمیںلگے کیمرے پختہ ثبوت بھی بن سکتے ہیں۔‘‘
اس معاملے میںپولیس نے تفتیشی کارروائی شروع کردی ہے تاہم کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ شہزاد کا جسد خاکی سرکاری اسپتال میں طبّی جانچ کیلئے لایا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے سپردکردی گئی۔ سوگواروں نے نم آنکھوں سے عائشہ نگرقبرستان میں سپردخاک کیا۔اس واقعہ سے شہر میں غم واندوہ کا ماحول دیکھا گیا۔ چند ماہ قبل مالیگائوں کے محمد کیف کے سنسنی خیز قتل کاواقعہ بھی شہریوں کے درمیان گفتگو کا عنوان بنا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK