Inquilab Logo

مسجد الحرام کے تمام دروازے زائرین کیلئے کھول دئیے گئے

Updated: November 06, 2020, 9:32 AM IST | Agency | Makkah Sharif

سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ کی مرحلہ وار اجازت کے بعد دھیر دھیرے پابندیوں کو کم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران محدود تعداد میں عمرے کی اجازت کے تیسرے مرحلے کے شروع ہونے پر مسجد الحرام کے تمام دروازے کھول دیئے گئے۔

Makkah Sharif - Pic : Twitter
مکہ شریف ۔ تصویر : ٹویٹر

سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ کی مرحلہ وار اجازت کے بعد دھیر دھیرے  پابندیوں کو کم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران محدود تعداد میں عمرے کی اجازت کے تیسرے مرحلے کے شروع ہونے پر مسجد الحرام کے تمام دروازے کھول دیئے گئے۔حرم  شریف کے دروازوں سے متعلق امور  کے ڈائریکٹرفہد الجعید کے مطابق عمرہ پروگرام کے پہلے اوردوسرے مرحلے کے دوران  حرم کی  کے ۱۰۰؍سے زیادہ دروازے زائرین کے لیے کھول دیے گئے تھے تاہم اب عمرہ پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے  کے بعدتمام دروازے کھول دیئے گئے جبکہ حفاظتی انتظامات سخت کردیے ہیں۔
  ڈائریکٹر فہد الجعید نے کہا کہ دروازوں پر۲۴؍گھنٹے اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں، ۱۹؍دروازے نمازیوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں ۔ نماز کااجازت نامہ رکھنے والے افراد صرف انہی دروازوں سے داخل ہوسکیں گے۔ڈائریکٹر فہد الجعید نے کہا کہ عمرہ زائرین کیلئے۱۳؍ دروازے مختص کئے گئے ہیں ان میں ملک فہد، اجیاد، الصفا اور مروہ شامل ہیں۔ عمرہ زائرین حرم شریف میں داخل ہوتے وقت ان کے نام اور نمبر ذہن نشین کرلیں اس سے انہیں حرم شریف سے نکلنے میں سہولت ہوگی تاہم عمرہ یا نماز کے لئے آنے والوں کو حرم میں کھانے پینے کی اشیا اور دھار دار آلات لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
  واضح رہے کہ شروع میں سعودی حکومت نے صرف مقامی باشندوں کو جن  میں غیر ملکی بھی شامل تھے، عمرہ کی اجازت دی تھی۔ اس کے بعدبیرو ن ملک سے آنے والے عازمین کیلئے بھی عمرہ کی پروانگی جاری کی۔ اس نئے حکم سے عازمین میں جوش ہے۔ گزشتہ دنوں جب بیرون ملک سے عازمین کا پہلا دستہ حرم شریف میں داخل ہوا تو ان میں سے بیشتر نے خوشی کاظہار کیا۔  جدہ ایئر پورٹ پر اترتے ہی انہوں نے یہاں کی تصویریں اپنے کیمروں میں قید کی اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔
  حکام نے بتایا کہ  باہر سے آنے والے زائرین کیلئے مختلف ہوٹلوں میں ۲؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار سے زائد کمرے بک کئے گئے ہیں۔ زائرین کے جدہ ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد انہیں ہوٹل میں ۳؍ رو ز تک قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے ۔ ان میں اگر کورونا کی کوئی علامت نہ پائی گئی تو انہیں حرم شریف یا مسجد نبوی کی طرف روانہ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی بیرون سے ملک سے آئے زائرین کی صحت  اور دیکھ ریکھ کے تعلق سے کئی طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ 
باران رحمت کے دوران بھی طواف کا سلسلہ جاری
  اس دوران خبر آئی ہے کہ ایک روز قبل یعنی بدھ کو  مکہ مکرمہ میں زوردار بار ش ہوئی ۔ بتایا جا رہا ہے کہ  باران رحمت کے باعث نہ صرف یہاں موسم خوش گوار ہو گیا بلکہ بیت اللہ کی زیارت کے لئے آنے والے فرزندان توحید  بھی اس موسم سے سرشار ہو گئے۔مقامی میڈیاکے مطابق بارانِ رحمت کے دوران بھی بیت اللہ میں زائرین اور معتمرین کی آمد اور طواف کعبہ کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش میں طواف کعبہ اور مسجد حرام میں عبادت کے روح‌ پرور مناظر سامنے آئے ہیں۔
 بیت اللہ کا طواف کرتے ہوئے اور مسجد حرام میں عبادت کے دوران نمازیوں اور معتمرین نے اللہ سے باران رحمت کے نزول اور وبائوں سے نجات کیلئے  خصوصی دعائیں‌ کیں۔حرمین پریزیڈینسی کی طرف سے `ٹویٹر پر مسجد حرام میں ہونے والی باران رحمت اور اس دوران بیت اللہ کے طواف کی ایمان پرور تصاویر پوسٹ کی گئیں۔مسجد حرام کے انتظامیہ کی طرف سے طواف کعبہ کے دوران زائرین کو تولیے اور پانی خشک کرنے کے لئے کپڑے فراہم کئے گئے۔ حالانکہ عازمین کو بارش کی کوئی پروا نہیں تھی وہ خدا کے گھر کے طواف میں منہمک تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK