• Sun, 21 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اردو اکیڈمی کے بجٹ سے متعلق وعدہ خلافی کا الزام

Updated: September 21, 2025, 10:44 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اکیڈمی کی گولڈن جوبلی تقریبات کیلئے۵؍ تا۱۰؍ کروڑ روپے مختص کرنے کے بجائے محض ایک کروڑ۲۰؍ لاکھ روپے منظور کئے گئے۔

The Old Custom House in Fort, where the Urdu Academy is located. Photo: INN
فورٹ میں واقع اولڈ کسٹم ہاؤس جہاں اردو اکیڈمی کا دفتر ہے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹراُردو اکیڈمی کی گولڈن جوبلی تقریبات، دفتر اور اکیڈمی کاعملہ بڑھانے جیسےمطالبات پر وعدوں کے باوجود حکومت نے عمل نہیں کیا۔ اب تک محض ایک شخص کی تقرری کی گئی ہے۔ اسی طرح اکیڈمی کی گولڈن جوبلی کیلئے۵؍ تا۱۰؍ کروڑ روپے مختص کرنے کے بجائے محض ایک کروڑ بیس لاکھ روپے منظور کئے گئے اور دفتر کے لئے دو کروڑ روپے کے بجائے محض ۱۱؍ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیاہے۔ حکومت کی اس وعدہ خلافی پرجہاں دوٹانکی کھیت واڑی ناگرک پریشد کے صدر پروفیسر سعیدخان نے وزیربرائے اقلیتی امور کوکاٹے کو ٹویٹ کرکے انہیں وعدہ یاد دلایا وہیں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے وزیر موصوف اور نائب وزیراعلیٰ  اجیت پوار کوشکایتی خط لکھ کر وعدہ پورا کرنے اوراردو اکیڈمی کوفعال بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
ایم ایل اے رئیس شیخ نے سابق وزیر برائے اقلیتی امور دتاترے (ماما) بھرنے کے ہمراہ میٹنگ اوران کی جانب سے کئے جانے والے وعدوں کےساتھ اقلیتی امور کے موجودہ وزیرمانک راؤ کوکاٹے سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’ اولڈکسٹم ہاؤس سے اردو اکیڈمی کےدفتر کونہ ہٹانے کے علاوہ کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا گیا ہے، یہ اردو زبان اوراہل اردو کےساتھ صریح ناانصافی بلکہ تعصب ہے۔ آخر وعدہ کرنے کے باوجود کیوں پورا نہیں کیا گیا۔ ‘‘
انہوں نے مطالبہ کیا کہ’’ اردو اکیڈمی کے لئے ۵۰؍ کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا جائے اور اکیڈمی کی گولڈن جوبلی پروگراموں کو پورے سال اہتمام کےساتھ منعقد کیا جائے۔ گولڈن جوبلی کے لئے ایک کروڑ ۲۰؍لاکھ روپے کا جو فنڈ مختص کیا گیا ہے اور اردواکیڈمی کے دفتر خرچ کے لئے جو ۱۱؍لاکھ ۷۳؍ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں وہ اونٹ کےمنہ میں زیرہ کے مصداق ہے۔ ‘‘ 
پروفیسر سعیدخا ن نے۱۹؍ستمبر کےاپنے ٹویٹ میں لکھا ’’ ۸؍جولائی۲۰۲۵ء کوشری دتاتریہ بھرنے نے اردواکیڈمی کے دفتراور عملے کی فراہمی جیسے کئی وعدے کئےتھے مگر افسوس کہ دوماہ گزر جانے کےباوجود ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ برائے مہربانی وعدہ نبھائیے۔ ‘‘
اس تعلق سے وزیربرائے اقلیتی امور مانک راؤ کو کاٹے سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن موبائل فون بند ملا۔ ان کے پی اے ڈاکٹر سریش جادھو سے بات کرنے پر انہوں نے کہاکہ آپ پیر کو منترالیہ آئیے، متعلقہ افسر سے بات چیت کرواتے ہیں۔ وزیرموصوف کے اوایس ڈی گوتم ڈونگر دیوے سے بھی بات نہیں ہوسکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK