Inquilab Logo Happiest Places to Work

لائسنس شدہ پٹاخوں کی دکانوں کا بھی سروے کرنے کی ہدایت

Updated: October 28, 2024, 11:13 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

دیوالی کا تہوار پُر امن اور حادثات سے پاک رکھنے کیلئے بی ایم سی نے سرکیولر جاری کیا جبکہ پولیس بھی نگاہ رکھ رہی ہے،خاطیوں کیخلاف کارروائی کا انتباہ

Diwali
دیوالی

دیوالی کا تہوار پُر امن اور حادثات سے پاک رکھنے کے مقصد سے ہوا میں اڑائے جانے والے لالٹین پٹاخوں اور بڑی مقدار میں پٹاخوںکو دکانوں میں ذخیرہ انداوز کرنے سے پولیس اور بی ایم سی نے سختی سے منع کیا ہے ۔ تاہم بی ایم سی نے شہر اور مضافات کے تمام ۲۴؍ وارڈ کے افسران کو پٹاخے فروخت کرنے والے غیر قانونی اسٹالوں کا جائزہ لینے کے ساتھ لائسنس شدہ پٹاخوں کی دکانوں کا بھی سروے کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
  بی ایم سی نے تمام ۲۴؍ وارڈ کے لائسنس ڈپارٹمنٹ کے سینئر انسپکٹرز پر پٹاخے فروخت کرنے اور انتہائی تیز آواز والے پٹاخے پھوڑنے والوں پر نہ صرف نگاہ رکھنے بلکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی حکم جاری کیا ہے ۔ اس ضمن میں پولیس اور بی ایم سی کے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق نہ تو انتہائی تیز آواز والے پٹاخے فروخت کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور نہ ہی شہریوں کو ایسے پٹاخوں کااستعمال کرنا چاہئے جس سے آگ لگنے کا خدشہ لاحق ہویا وہ حادثہ کا سبب بنے ۔ممبئی پولیس نے شہریوں اور پٹاخے فروخت کرنے والوں کو جاری کردہ ہدایت پر عمل کرنے اور عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کئے جانے کی  وارننگ بھی دی ہے ۔
 دیوالی کا جشن مناتے وقت ممبئی پولیس اور بی ایم سی نے یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ ایسے پٹاخوں کو نہ فروخت کیا جائے یا جلایا جائے جس سے صوتی آلودگی کا خطرہ  لاحق ہو ۔ اس ضمن میں ممبئی پولیس کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس اکبر پٹھان نےکہا کہ ’’ دیوالی کو پُر امن اور حادثات سے پاک رکھنے کیلئے شہر اور مضافات میں پٹاخے فروخت کرنے والے تمام لائسنس شدہ دکانداروں کو انتہائی تیز آواز والے پٹاخے فروحت کرنے یا دکانوں میں بڑی تعداد میں اسے ذحیرہ انداوز کرنے سے منع کیا گیا ہے ۔ساتھ ہی حفظ ماتقدم ، شر پسندانہ اور سماج دشمن عناصر کے ذریعہ نظم و نسق کا مسئلہ پیدا کرنے کے خدشات کے پیش نظر خصوصی طور پر اڑائے جانے والے فلائنگ لالٹینوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر جاری کردہ سرکیولر کے ذریعہ دی گئی ہدایات پر ۲۱؍ نومبر تک عمل کرنا ہوگا۔
  وہیں بی ایم سی کا کہنا تھا کہ زیادہ شور کرنے والےیا زیادہ طاقتور پٹاخے فضائی اور صوتی آلودگی کا سبب بنتے ہیں ۔ اس کی وجہ سے آلودگی کا جو مسئلہ پیدا ہوگا اس سے شہری ہی متاثر ہوں گے ۔ یہی نہیں ایسے خطرناک پٹاخوں کو فروخت اور پھوڑنے سے آگ لگنے کا خدشہ بھی لاحق ہوتا ہے۔  اس لئے لائسنس شدہ دکانداروں کو حادثات کا سبب بننے والے پُر خطر پٹاخوں کی خرید و فروخت کرنےسے سختی سے منع کیا گیا ہے ۔ وہیں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر پٹاخے فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے ، سامان ضبط کرنے اور جرمانہ وصول کرنے کا فرمان بھی جاری کیا گیا ہے ۔مذکورہ بالا معاملہ میں خلاف ورزی کرنے والوں پرپولیس اور بی ایم سی مشترکہ طور پر یا علیحدہ علیحدہ بھی کارروائی کرتی رہے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK