Inquilab Logo

امراوتی : اُمیش کولہے قتل کیس میں کلیدی ملزم گرفتار

Updated: July 04, 2022, 11:52 AM IST | Ali Imran | Amravati

پولیس نے ناگپور سے عرفان نامی مفرور ملزم کوگرفتار کیا جسےاس کیس کا ماسٹر مائنڈ بتایا جارہا ہے، پولیس کا دعویٰ ہےکہ شیخ عرفان ’رہبر‘نامی خدمت خلق کی ایک تنظیم چلاتا ہے اور اس نے ہی اس قتل کیلئے ملزم شمیم اور اُس کے دوستوں کو اُکسایا تھا، اس کیس میںاب تک ۷؍ ملزموں کی گرفتاری عمل میں آچکی ہے

The murder of Umesh Khole is also being linked to the murder of a tailor in Udaipur. Picture:INN
اُمیش کولہے کے قتل کے معاملے کوکو اُدے پور میں ہوئے درزی کے قتل سے جوڑ کر بھی دیکھا جارہا ہے ۔ تصویر: آئی این این

اُمیش کولہے قتل معاملے میں کلیدی ملزم کو ناگپور سے گرفتار کیا گیا ہے۔اس طرح اس کیس میں گرفتارملزمین کی تعداد۷؍ ہوگئی ہے۔ بی جے پی کی سابق ترجمان نپور شرما کی ٹی وی شو میں حضور اکرمؐ  کی شان میں گستاخی کے بعدسوشل میڈیا پر نپو رشرما کی حمایت کا سلسلہ چل پڑا تھا۔اس سلسلہ نپور شرما کے خلاف ملک بھر میںایف آئی آر بھی درج کی گئی لیکن نہ تفتیش ہوئی نہ نپور شرما کو گرفتار کیا گیا۔جبکہ حال ہی میں عدالت عظمیٰ نے نپور شرما کی سرزنش کی اور دہلی پولیس کو کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی عروج پر تھی کہ اس دوران نپور شرما کی حمایت کرنے پر اُدئے پورمیں درزی کو قتل کردیا گیا۔ابھی یہ معاملہ سرخیوں میں ہی تھا کہ ۲۱؍ جون کی رات امراؤتی شہر کے دوا فروش اُ میش کولہے کو قتل کردیا گیا۔واضح رہے کہ قتل کے تقریباً ۱۰؍ دن بعد بی جے پی لیڈروں نے الزام لگایا کہ اُمیش کو نپور شرما کی سوشل میڈیا پر حمایت کرنے کی بناء پرقتل کیا گیا ہے جبکہ پولیس اس معاملے کی عام لوٹ مار میں کئے گئے قتل  کے کیس کے لحاظ سے تفتیش کررہی تھی۔ امراوتی کے بی جے پی لیڈر انیل بونڈے  اورشیورائے کلکرنی کے مطالبہ پروزارت داخلہ نے اس معاملہ کی جانچ این آئی اے کے ذریعے کر نے کا حکم جاری کیا۔یکم جون سے اُمیش قتل کی تفتیش کیلئے این آئی اے ٹیم کررہی ہے۔اس دوران پولیس نے ناگپور سے عرفان نامی فرار ملزم کوگرفتار کیا ہے،عرفان کو اس کیس کا ماسٹر مائنڈ بتایا جارہا ہے ۔عرفان کو ۲؍ جولائی کی شام امراؤتی لایا گیا۔ پولیس کے مطابق شیخ عرفان ’’رہبر ‘‘نامی خدمت خلق کی ایک تنظیم چلاتا ہے اورشیخ عرفان نے ہی اس قتل کیلئے ملزم شمیم اور اُس کے دوستوں کو اُکسایا تھا۔ملزمین کو مالی مد د اور کار مہیا کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔اس کیس میں مزید جانچ قومی تفتیشی ایجنسی کررہی ہے۔
 اطلاع کے مطابق گرفتار کئےگئے ۷؍ ملزمین کو این آئی اے تفتیش کے لئے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔اس معاملے میں ایک اور بات یہ سامنےآئی ہےکہ ان ۷؍ملزمین میں سے ایک  یوسف خان کے اُمیش کولہے سے گھریلو تعلقات کی بات بھی سامنے آئی ہے۔یوسف خان ہمیشہ کولہے کے میڈیکل اسٹور پر آیا کرتا تھا۔اُمیش کولہے کی میت کی رسومات میں بھی یوسف خان کے شامل رہنے کی  اطلاع ہے۔
 اُمیش کولہے قتل کیس پر پردہ ڈالا جارہا ہے: نونیت رانا 
 ممبئی میں ماتو شری کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے کے معاملے میں سرخیوں میں آئی امراؤتی کی رکن اسمبلی نونیت رانا نے امراؤتی کمشنر آرتی سنگھ  کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔اُدئے پور کی طرز پر ہوئے امراؤتی کے اُمیش کولہے قتل کیس میں پولیس کمشنر پر معاملے کو غلط رخ دینے کا الزام لگایا جارہاہے۔اس معاملہ میں ایک خط نونیت رانا نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو روانہ کیا ہے۔واضح رہے کہ ۲۱؍ جون کی رات امراؤتی شہر کے دوا فروش اُ میش کولہے کو قتل کردیا گیا تھا۔ کولہے کو نپور شرما کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پوسٹ ڈالنےکی بناء کر قتل کئے جانے کا اندیشہ پولیس نے ظاہر کیاجس کی جانچ قومی تفتیشی ایجنسی کررہی ہے۔اس معاملے میں رکن اسمبلی نونیت رانا نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر کہا کہ امراوتی شہر میں پولیس کمشنر آرتی سنگھ کے رہتے دن دہاڑے قتل،فسادا،غیر قانونی کام،لوٹ پاٹ و دیگر جرائم دن بہ دن بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے خط میں لکھا کہ نگراں وزیر یشومتی ٹھاکر کے دباؤ میں آکر پولیس کمشنر آرتی سنگھ اُمیش کولے قتل کیس پر پردہ ڈالنے کا کام کررہی ہے۔انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اس معاملہ کے تار اُدئے پور سے جڑے ہوئے ہیں۔اسلئے اس قتل کی تفتیش سی بی آئی یا این آئی اے کے ذریعے کرکے حقیقت کو سامنے لایا جائے۔ نونیت رانا نے ملزمین کو سخت سے سخت سزا دے کر مقتول کے گھر والوں کوانصاف دلانے کا مطالبہ بھی کیا۔انہوںنے امیت شاہ کو لکھے خط میں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ امراوتی پولیس کمشنر آرتی سنگھ’ستہ دھاریوں‘ کو خوش کرنے کیلئے  اس طرح کے ہتھکنڈے ہمیشہ اپناتی رہتی  ہیں۔اسلئے آرتی سنگھ  کے تعلق سے بھی کیس کی  جانچ کی جائے اور اُن پر کارروائی کی جائے۔

udaipur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK