Inquilab Logo

امریکہ اور روس کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ،سعودی اور یو اے ای کا ثالثی کا دعویٰ

Updated: December 10, 2022, 10:24 AM IST | washington

امریکہ نے ثالثی کے دعوے کو مسترد کیا،ماسکو نے امریکی باسکٹ بال کھلاڑی برٹنی کو امریکہ میں قید روس کےسابق اسلحہ ڈیلر وکٹر بوٹ کے بدلے میں رہا کیا

Russian prisoner released by US; Photo: INN
امریکہ کے ذریعہ رہا کیا گیا روسی قیدی ؛تصویر:آئی این این

  ماسکو نے امریکی باسکٹ بال اسٹار اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ برٹنی گرائنر کو امریکہ میں قید روس کے سابق اسلحہ ڈیلر وکٹر بوٹ کے بدلے میں رہا کر دیا۔قیدیوں کا یہ تبادلہ ایک ایسے وقت ہوا ہےجب یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے امریکہ اور روس کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ گزشتہ ۸؍ماہ میں دونوں ملکوں کے درمیان یہ قیدیوں کے تبادلے کا دوسرا موقع ہے۔ قیدیوں کا یہ تبادلہ جمعرات کے روز ابوظہبی ہوائی اڈے پر ہوا۔امریکی صدر جو بائیڈن نےگرائنر کی رہائی کی اطلاع ایک ٹویٹ کے ذریعے دیتے ہوئے بتایا،’’وہ محفوظ ہیں، وہ طیارے میں ہیں اور اپنے وطن لوٹ رہی ہیں۔‘‘انہوں نے ٹویٹ کے ساتھ گرائنرکےشوہر چارلی گرائنر کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے۔امریکی اراکین کانگریس، کھلاڑیوں اور دیگر افراد نے گرائنر کی رہائی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
 روسی وزارت خارجہ نےبھی قیدیوں کے اس تبادلےکی تصدیق کی ہے۔اس نے ایک بیان میں کہا کہ بوٹ اپنے وطن پہنچ گئے ہیں۔روسی میڈیا کی جانب سےجاری ویڈیوز میں گرائنر کو ایک روسی طیارے سےابو ظہبی ہوائی اڈے پر اترتے اور امریکی حکام کو ان کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ جب کہ روسی حکام، ’موت کا سوداگر‘ کے  نام سے مشہور بوٹ کو گلے لگاتے نظر آرہے ہیں۔
امریکہ اور روس کے درمیان جاسوسوں کا تبادلہ
 بعد میں روسی ٹیلی ویژن پر ایک ویڈیو نشر کیا گیا جس میں بوٹ کو ماسکو میں ایک طیارے سے اترتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کی والدہ اور اہلیہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
سعودی عرب اور امارات کا ثالثی کا دعوی
 سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ روس اور امریکہ میں قیدیوں کا تبادلہ اماراتی صدر محمد بن زاید النہیان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی کوششوں سے ہوئی۔ تاہم وہائٹ ہاؤس نے اس کی تردیدکرتےہوئے کہا کہ یہ رہائی واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان بات چیت کے نتیجے میں عمل میں آئی۔
 سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای کی وزارت خارجہ کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہےکہ دونوں ممالک کی ثالثی کی کوششوں کی کامیابی ان کی امریکہ اور روسی فیڈریشن کے ساتھ باہمی اور ٹھوس دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔ بیان میں فریقین کےدرمیان بات چیت کے فروغ میں دونوں برادر ممالک کی قیادت کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK