Inquilab Logo

امریکہ: با ئیڈن نے پوتن کیلئے نازیبا کلمات استعمال کئے، ٹرمپ پر تنقید کی

Updated: February 22, 2024, 9:56 PM IST | San Francisco

بدھ کی رات اپنی انتخابی مہم کیلئے چندہ جمع کرنے کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کیلئے نازیبا کلمات استعمال کئے اور سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کی، کہا کہ امریکہ کا خواب وہ کبھی پورا نہیں کرسکتے۔

US President Joe Biden. Photo: INN
امریکی صدر جو بائیڈن۔ تصویر: آئی این این

بدھ کی رات اپنی انتخابی مہم کیلئے چندہ جمع کرنے کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کیلئے انتہائی نازیبا کلمات استعمال کئے اور سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی ریلی میں اپنے آپ کو روس کے حزب اختلاف لیڈر سے تشبیہ دی تھی جو گزشتہ ہفتے آرکٹک جیل میں انتقال کر گئے تھے۔ 
 بائیڈن موسمیاتی تبدیلی کے تعلق سے بات کر رہے تھے، جب انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں پوتن اور دیگر پاگل موجود ہیں جن کے سبب ہمیں ہمیشہ جوہری جنگ سے متعلق فکر مند رہنا پڑتا ہے، لیکن انسانیت کیلئے حقیقی خطرہ آب و ہوا ہے۔ 
کریملین کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے اس بیان کا ذکر کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ بائیڈن کا بیان بمشکل ہی پوتن کو کوئی زک پہنچا سکتا ہے لیکن یہ امریکہ کیلئے بڑی شرمناک بات ہے۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بائیڈن اپنے ملکی سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے ہالی ووڈ اداکار کائو بوائے کے انداز میں برتائو کرتے ہیں۔ 
۲۰۲۴ء کے امریکی انتخابات کیلئے چندہ اکٹھا کرنے کیلئے کیلیفورنیا کے تین روزہ دورہ کے ایک حصہ کےطور پر بدھ کو سان فرانسسکوکے ایک نجی گھر میں عطیہ دہندگان سے بات کرتے ہوئے بائیڈن نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے ممکنہ ریپبلیکن کے مد مقابل کے حالیہ تبصروں سے حیران رہ گئے ہیں۔ 
ٹرمپ نے روسی حزب اختلاف کے لیڈر الیکسی ناوالنی کی جیل میں ہونےوالی مشتبہ موت کا موازنہ امریکہ میں اپنی قانونی مشکلات سے کیاتھا۔ خیال رہے کہ ٹرمپ پر ۳۵۰؍ ملین امریکی ڈالر کا جرمانہ اس وقت عائد کیا گیا تھا جب نیویارک کے جج نے پایا کہ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اپنی مالی حیثیت کے تعلق سے مدتوں تک جھوٹ بولا۔ اس کے متعلق ٹرمپ نے کہا کہ یہ فیصلہ کمیونزم یا فاشزم کی ایک شکل ہے۔ 
بائیڈن نے کہا کہ ’’کچھ باتیں جو میرے ساتھی کہہ رہے ہیں، جیسے وہ اپنا موازنہ ناوالنی سے کر رہےہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ان کا ملک کمیونسٹ ملک بن گیا ہے۔ اور ان کو بھی اسی طرح سزا دی گئی جس طرح ناوالنی کو دی گئی تھی۔ مجھے نہیں معلوم یہ واہیات باتیں کہاں سے آگئی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم امریکہ ۱۰؍ سے ۱۵؍ سال پیچھے چلا گیا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ جو وہ کہیں، امریکی وہی سوچیں۔ مجھے ان کا رویہ حیران کر دیتا ہے۔ ‘‘ 
بائیڈن نے ٹرمپ کے امریکہ کو ’ دوبارہ عظیم بنائیں ‘کے نعرے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ’’ میں ایک طویل عرصے سے رہا ہوں اور میں نے میگا ریپبلکن ہجوم جیسا ہجوم کبھی نہیں دیکھا۔ ایسا لگتا ہے کہ لوگوں کیلئے جو اہم ہے اس پر ان کے پاس اخلاقی زاویہ بہت کم ہے۔ ‘‘
منگل کی رات بیورلی ہلز میں چندہ جمع کرنے کی مہم کے دوران بائیڈن نے متوسط طبقے کے امریکیوں کی مدد کیلئے اپنی کوششوں پر روشنی ڈالی اور متنبہ کیا کہ نومبر میں ٹرمپ کی جیت ملک گیر اسقاط حمل پر پابندی کا باعث بن سکتی ہے، صدر بارک اوبامہ کی انتظامیہ کے دوران شروع ہونے والے ہیلتھ انشورنس پروگرام کو کالعدم کیا جائےگا اس کے علاہ ریپبلکن کی کوششیں اور پالیسیاں غیر متناسب طور پر دولت مند کی مدد کریں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK