Inquilab Logo

بغاوتوں  کے بیچ کانگریس نئے صدر کے انتخاب پر متفق

Updated: August 29, 2022, 10:32 AM IST | Agency | New Delhi

ورکنگ کمیٹی کے آن لائن اجلاس میں فیصلہ، علالت کے باوجود سونیا گاندھی نے صدارت کی، ۱۷؍ اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی اور ۱۹؍ اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائےگا

The online meeting of the Congress Working Committee was attended by several senior leaders from the party headquarters. Search for this on Google.Picture:INN
کانگریس ورکنگ کمیٹی کی آن لائن میٹنگ کئی سینئرلیڈر پارٹی ہیڈ کوارٹرز سے شریک ہوئے۔۔ تصویر:آئی این این

ایسے وقت میں جبکہ کانگریس اپنے سینئر لیڈروں کی ناراضگی اوران کی  بغاوتوں سے پریشان  ہے، اتوار کوپارٹی کی ورکنگ کمیٹی کی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ  پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے  الیکشن  ۱۷؍ اکتوبر کو منعقد کیا جائےگا اور ووٹوں کی گنتی نیز نتیجے کا اعلان  ۲؍ دن بعد ۱۹؍ اکتوبر کو ہوگا۔  یہ فیصلہ پارٹی  کی  ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا جس میں  سونیا گاندھی نے آن لائن شرکت کی۔   سونیا گاندھی طبی جانچ کیلئے اس وقت امریکہ میں ہیں۔  راہل گاندھی اور  پرینکا گاندھی  بھی ان کےساتھ  ہیں۔   انہوں  نے وہیں سے  ورکنگ کمیٹی کےاجلاس کی  آن لائن  صدارت کی۔
’’صدارتی الیکشن کروانےوالی واحد پارٹی ‘‘
 ورکنگ کمیٹی کے اجلاس  میں فیصلے کے بعد اس کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کانگریس کے  سینئر لیڈروں  نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کانگریس واحد پارٹی ہے جو  اپنے صدر کے انتخاب کیلئے با قاعدہ الیکشن منعقد کرواتی ہے۔ پارٹی قیادت  گاندھی پریوار میں ہی رہنے کی وجہ سے  خاندانی سیاست کے الزام میں گھری رہنے والی  کانگریس  کے صدر کیلئے اس سے قبل الیکشن نومبر ۲۰۲۰ء میں ہواتھا ۔  موجودہ الیکشن  ۲۱؍ اگست سے ۲۰؍ اگست کے درمیان ہوناتھا مگر مختلف وجوہات کی  بنا پر اسے ایک ماہ موخر کردیا گیا۔
ورکنگ کمیٹی کا اجلاس  اور انتخاب کا شیڈول 
 کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ایسے وقت میں منعقد ہوا ہے جب پارٹی کے سینئر لیڈر آنند شرما اپنے تمام عہدوں سے مستعفی ہوچکے ہیں،  غلام نبی آزاد نے راہل گاندھی  پر الزام تراشی کرتے ہوئے پارٹی کو ہی الوداع کہہ دیا ہے اور  منیش تیواری بھی باغیانہ تیوروں کا مظاہرہ کررہاہے ہیں۔ سونیا گاندھی کی قیادت میں  اتوار کوہونے والے اجلاس میں صدارتی الیکشن کیلئے جس شیڈول کو اتفاق رائے سے منظور کیاگیاہے،  اس کے مطابق  الیکشن کا نوٹیفکیشن۲۲؍ستمبر کو جاری  ہو گا اور۲۴؍ ستمبر سے ۳۰؍ ستمبر تک صبح ۱۱؍  سےدوپہر ۳؍  بجے تک نامزدگیاں داخل کی جا سکیں گی۔ پرچہ ٔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ  ۳۰؍ ستمبر ہے۔ یکم اکتوبر کو  پرچہ داخل کرنے والوں کے ناموں کی جانچ پڑتال ہوگی اور شام تک امیدواروں  کی فہرست جاری کردی جائے گی۔  ۸؍ اکتوبر تک  امیدواری واپس لی جاسکتی ہے۔  اہل امیدواروں کی حتمی فہرست۸؍اکتوبر کو شام۵؍  بجے جاری کی جائے گی اور ایک سے زائد امیدوار ہونے کی صورت میں ۱۷؍ اکتوبر کو الیکشن کا انعقاد ہوگا۔
؍۸؍ اکتوبر کو بھی نئے صدر کا اعلان ممکن
  کانگریس کی مرکزی الیکشن کمیٹی کے صدر مدھوسودن مستری  نے  اس ضمن میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کی صدارتی دوڑ میں اترنے والے امیدوار ۸؍ اکتوبر سے ۱۶؍اکتوبر تک اپنے حق میں مہم چلا سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا  کہ اگر ایک سے زیادہ امیدوار میدان میں نہ ہوئے تو ۸؍ اکتوبر کو صدارتی عہدہ کے واحد امیدوار کو  کے بلامقابلہ انتخاب کا اعلان کردیا جائےگا۔  اتوار کو ہونے والی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پارٹی کی  کارگزار صدر سونیا گاندھی  نے کی جس کے بعد پارٹی کی  مرکزی الیکشن کمیٹی کے صدر مدھوسودن مستری، جنرل سیکریٹری (تنظیمی امور) کے سی وینوگوپال اور مواصلات کے سربراہ  جے رام رمیش نے پارٹی ہیڈکوارٹرز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں انتخابی پروگرام کا اعلان کیا۔
غلام نبی آزاد پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی
 اس سوال پر کہ کیا  غلام نبی آزاد کے استعفیٰ پر ورکنگ کمیٹی میں کوئی بات چیت ہوئی،  جے رام رمیش نے کہا کہ سی ڈبلیو سی میں صرف کانگریس صدر کے انتخاب پر بات چیت ہوئی۔  انہوں  نے بتایا کہ کانگریس  صدر کے انتخاب کیلئے کمیٹی کے سامنے جو قرارداد پیش کی گئی تھی، وہ جوں کی توں منظور کر لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے جہاں صدر کے عہدہ کیلئے انتخابات ہوئے ہیں، ہو رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK