Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام کا ایک بھی حملہ آور مارا نہیں گیا تو پھر آپریشن سیندور کامیاب کیسے ہوا؟

Updated: May 12, 2025, 1:23 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کانگریس کا سوال، پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ۔

Maharashtra Congress chief spokesperson Atul Londe. Photo: INN
مہاراشٹر کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے۔ تصویر: آئی این این

 پہلگام حملے کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے خلاف آپریشن ’ سیندور‘ شروع کیا ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے اس آپریشن کو کامیاب اور پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نیست و نابود کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن مہاراشٹر کانگریس کا حکومت سے سوال کیا ہے کہ جن حملہ آوروں نے پہلگام میں ہماری بہنوں اور ماؤں کا سیندور مٹا دیا ہے، ان حملہ آوروں میں سے ایک بھی آپریشن سیندور میں مارا نہیں گیا تو پھر یہ آپریشن کامیاب کیسے ہو گیا؟ کانگریس کی جانب سے خصوصی پارلیمانی اجلاس منعقد کرنے اور پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے استعفیٰ دینے کابھی مطالبہ کیا ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ’’ ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کیاہے اور وہ بھی امریکہ کی مداخلت کے سبب یہ اعلان کیا ہے۔ حالانکہ اس بارے میں پہلے یہ فیصلہ کیاگیاتھا کہ اس معاملے میں کوئی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔ اندرا گاندھی نے نکسل کو کنارے کر دیا تھا اور صاف کہہ دیا تھا کہ ۷؍ کیا ۱۷؍ بھی آئیں تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور ہم اپنا کام کر کےرہیں گے اور پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔ آج پہلگام کا ماسٹر مائنڈ سیف اللہ، حافظ سعید، اظہر مسعود اور صلاح الدین یہ سب تو اب بھی زندہ ہیں۔ صرف سرحدی علاقوں پر حملہ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان کو سبق سکھا دیا ہے۔ ‘‘ 
 انہوں نے مزید کہا کہ’’ جن ۴؍ تا ۶؍ دہشت گروں نے پہلگام میں حملہ کیاتھا اور ہماری ماں بہنوں کا سیندور اجاڑ دیا ان حملہ آوروں میں سے ایک بھی پکڑا گیا کیا؟ تو پھر آپریشن سیندور کن معنوں میں کامیاب ہوا؟کیا پاکستان گھٹنوں پر آگیا؟ کیا پاکستان کو ہم نے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا ؟ ہمارا الزام ہے کہ مرکزی انٹلی جینس اور مقامی پولیس انٹلی جینس کی ناکامی کے سبب پہلگام حملہ ہواہے۔ اس کی ذمہ داری مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو قبول کرنا چاہئے۔ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام اور فوج کے حوصلے کو کم کیا ہے جس کے سبب ان دونوں کو اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سب سے پہلے استعفیٰ دینا چاہئے۔ دونوں ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ‘‘
  انہوں نے مطالبہ کیاکہ ’’ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں جلد از جلد کل جماعتی میٹنگ بلانی چاہئے اور پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس منعقد کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم نہ کل جماعتی میٹنگ میں شریک ہوتے ہیں او ر وہ منی پور جاتے ہیں اور نہ ہی کشمیر کا دورہ کرتے ہیں ۔ میٹنگ اور خصوصی اجلاس کا سامنا کرنے سے پتہ نہیں وزیر اعظم کیوں گھبراتے ہیں ؟‘‘اتل لونڈھے نے مزید کہا کہ ’’اس وقت ملک میں مذہب اور ذات بھول کر سبھی کو متحد کرنے اور عوام وفوج کا حوصلہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس لئے خصوصی اجلاس منعقد کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK