ٹرمپ کی پیشکش پرکانگریس کا سوال،یہ بھی پوچھا کہ جنگ بندی کن شرطوں پر ہوئی؟
EPAPER
Updated: May 12, 2025, 10:05 AM IST | Agency | New Delhi
ٹرمپ کی پیشکش پرکانگریس کا سوال،یہ بھی پوچھا کہ جنگ بندی کن شرطوں پر ہوئی؟
ہند-پاک جنگ بندی کا اعلان امریکی صدر کے ذریعہ کئے جانےا ور اب مسئلہ کشمیر پر بھی ان کی ثالثی کی پیشکش کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کانگریس نے مودی حکومت سےکئی سخت سوال کئے اور مسئلہ کشمیر کو ’’بین الاقوامی ‘‘کرنے کے کسی بھی اقدام کی پر زور مخالفت کی۔
نئی دہلی میں کانگریس کے ہیڈ کوارٹرز پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سیکریٹری سچن پائلٹ نے جنگ بندی کا اعلان امریکی صدر کے ذریعہ کئے جانے کو’’حیران کن‘‘ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اعلان نے کئی سنگین سوالات کو جنم دیا ہے جس پر حکومت ہند کو اپنا موقف واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ پائلٹ نے حکومت سے یہ بھی سوال کیا کہ آخر پاکستان کے ساتھ کن شرائط پر جنگ بندی کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ’’ گزشتہ۲۴؍گھنٹوں میںتیزی سے پیش آنے والے واقعات کی وجہ سے حیران کن صور تحال سامنے آئی ہے۔ یہ جان کر سب حیران رہ گئے کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کرتے ہیں۔‘‘کشمیر پر ثالثی کے ٹرمپ کے بیان پر سچن پائلٹ نے حکومت کو ہندوستانی پارلیمنٹ میں ۱۹۹۴ء میں متفقہ طور پر منظور کی گئی وہ قرارداد یاد دلائی جس میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو واپس لیا جائے گا۔ انہوں نے ٹرمپ کے سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں اس بات پر بھی توجہ دینی چاہیے کہ انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا لکھا ہے۔ جو معاملہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کا ہے اسے بین الاقوامی سطح پر لانا انتہائی حیران کن ہے۔‘‘