Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیت شاہ کا ادھو پر نشانہ، سنجے رائوت کا جوابی حملہ

Updated: May 27, 2025, 10:06 PM IST | Nanded

وزیر داخلہ نے کہا ’ بالا صاحب ہوتے تو وزیراعظم کو گلے لگا لیتے ‘ رائوت نے کہا’’ وہ افسوس کرتے کہ میں نے کن لوگوں کو بچالیا ‘‘

Amit Shah with Chandrashekhar Bawankule in Nagpur (Photo: PTI)
امیت شاہ ناگپور میں چندر شیکھر باونکولے کے ساتھ( تصویر: پی ٹی آئی)

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ  نے پیر کی شام ناندیڑ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے حیات ہوتے تو  وہ آپریشن سیندور کے سبب وزیر اعظم مودی کو گلے لگا لیتے۔ اس پر شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت  نے منگل کو جواب دیا کہ اگر بالا صاحب اس وقت حیات ہوتے تو انہیں اس بات پر افسوس ہوتا کہ انہوں نے کن لوگوں سے اتحاد کر لیا۔ امیت شاہ نے جہاں اپنی تقریر میں ادھو ٹھاکرے کو نشانہ بنایا تو سنجے رائوت نے اپنی پریس کانفرنس میں مودی اور امیت شاہ  دونوں پر تنقید کی اور امیت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ 
  پیر کی شام ناندیڑ میں تقریر کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا ’’ حکومت ہند نے دہشت گردی کو قطعاً برداشت نہ کرنے کے اپنے موقف کو واضح کرنے کیلئے جو وفد بین الاقوامی سطح پر بھیجے ہیں انہیں   شیوسینا( ادھو) بارات کہہ رہی ہے اور اس کا مذاق اڑا رہی ہے۔‘‘ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا ’’ مجھے نہیں معلوم ’ادھو سینا‘ کو کیا ہو گیا ہے۔  وہ وفد کو بارات کہہ رہے ہیں۔   جبکہ اس کے اپنے اراکین اس ٹیم کا حصہ ہیں۔ ہم نے پاکستان کی دہشت گردی کو اجاگر کرنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر ۷؍ وفود بھیجے ہیں۔‘‘ امیت شاہ نے کہا ’’ شیوسینا (ادھو) کے ایک اعلی لیڈر نے کہا ’’ یہ کس کی بارات جا رہی ہے؟  شیوسینا کبھی بالا صاحب ٹھاکرے کی پارٹی ہوا کرتی تھی۔  اگر آج بالا صاحب ٹھاکرے حیات ہوتے تو آپریشن سیندور کے سبب وزیراعظم مودی کو گلے لگا لیتے۔‘‘    امیت شاہ نے کہا آپریشن سیندور کی کامیابی نے ایک مضبوط پیغام بھیجا ہے۔ نہ صرف پاکستان کو بلکہ پوری دنیا کو کہ ہندوستان کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا۔  کوئی بھی ہماری مسلحہ افواج ، ہمارے عوام اور سرحدی باشندوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘‘ 
   رائوت کا جوابی حملہ 
  امیت شاہ کے بیان کے بعد منگل کی صبح سنجے رائوت نے اپنی معمول کی پریس کانفرنس میں یہ سنسنی خیز دعویٰ کیا کہ آپریشن سیندور ناکام ہو گیا ہے۔  انہوں نے کہا ’’ جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا  آپریشن سیندور ناکام ہو گیا ہے لیکن ہم اپوزیشن والے صرف قومی مفاد میں خاموش بیٹھے ہیں۔  ‘‘ سنجے رائوت نے پہلگام حملے کیلئے پوری طرح سے امیت شاہ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔  انہوں نےکہا ’’  پہلگام حملہ کیوں ہوا؟ صرف اور صرف امیت شاہ کی وجہ سے۔ اس لئے  امیت شاہ کو استعفیٰ دیدینا چاہئے۔ دراصل نریندر مودی کو خود ان کا استعفیٰ طلب کرنا چاہئے۔بحیثیت وزیر داخلہ وہ ناکام رہے ہیں۔ ‘‘  انہوں نے کہا ’’ امیت شاہ ہمیں سکھا رہے ہیں۔ وہ کل ناندیڑ میں تھے جہاں انہوں نے ’آدرش فیم‘  اشوک چوان کے ساتھ رات کا کھانا کھایا۔ وہاں انہوں نے  آمرس پوری اور ڈھوکلا کھایا۔ یہ وہی اشوک چوان ہیں جنہیں آدرش گھوٹالے کے سبب وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔  ‘‘ امیت شاہ کے بال ٹھاکرے کے نریندر مودی کو گلے لگانے والے دعوے کا جواب دیتے ہوئے   سنجے رائوت نے کہا ’’اگر آج بالا صاحب حیات ہوتے تو انہیں افسوس ہوتا کہ انہوں نے کن لوگوں کی مدد کی اور کن لوگوں کو بچایا۔ چاہے وہ تڑی پار کے طور پر ہو یا وزیراعلیٰ کے طور پر۔ ‘‘  یاد رہے کہ سنجے رائوت نے حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی کتاب میں یہ دعویٰ کیا ہے  بال ٹھاکرے نے گجرات فساد کے بعد نریندر مودی کی وزیراعلیٰ کی کرسی بچائی تھی اور امیت شاہ کو جیل جانے سے بچایا تھا۔   

nanded Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK