Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام حملہ حکومت کی ناکامی ہے، کانگریس کا امیت شاہ پر نشانہ

Updated: May 29, 2025, 10:36 AM IST | ZA Khan | Nanded

ناندیڑ میں ہر ش وردھن سپکال کی قیادت میں ’جے جوان جے کسان‘ ریلی نکالی گئی، کسانوں کی قرض معافی کا بھی سوال اٹھایا گیا۔

Harshvardhan Sapkal and other Congressmen during the rally. Picture: INN
ریلی کے دوران ہرش وردھن سپکال اور دیگر کانگریسی۔ تصویر: انقلاب

کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے سوال کیا ہے کہ  کشمیر میں ۳۰۰؍ کلو میٹر اندر تک گھس کر آنے والے دہشت گرد پہلگام میں ۲۶؍ معصوم شہریوں کو قتل کرنے کے بعد واپس کیسے چلے گئے؟ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی ناکامی ہے۔ ہر ش وردھن سپکال ناندیڑ میں کانگریس کی ’جے جوان جے کسان‘ ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ 
بدھ کو کانگریس نے آپریشن سیندور میں جانبازی کا مظاہرہ کرنے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور کسانوں کے مسائل کی طرف پر حکومت کی توجہ مبذول کروانے کیلئے  ناندیڑ میں ’جے جوان جے کسان ‘ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ نیا مونڈھا علاقے میں واقع کانگریس کے رابطہ دفترسے ریلی کا آغاز ہوا ۔ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے یہ ریلی مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے پاس پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ ریلی کے بعد کانگریس کے ایک وفد نے ضلع کلکٹر سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا ۔  جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ  کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ’’کشمیر میں ۳۰۰؍ کلومیٹر اندر تک گھس کر دہشت گردوں نے ۲۶؍ معصوم شہریوں کا قتل کر دیا اور وہ واپس بھی چلے گئے۔یہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے۔‘‘ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب مقبوضہ کشمیر کو قبضے میں لینے کا سنہرا موقع تھا، تب اچانک جنگ بندی کیوں کی گئی؟ کیا امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دباؤ میں آکر جنگ روکی گئی؟ سپکال نےکہا کہ یہ ریلی آپریشن سیندور میں ہمارے بہادر جوانوں کے اعزاز میں نکالی گئی ہے، جنہوں نے زبردست دلیری کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ۱۹۴۸ء سے لے کر اب تک ہوئی تمام جنگوں میں اپنی جان قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ساتھ ہی اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور مہاتما گاندھی کو بھی یاد کیا جو کہ دہشت گردی کا شکار ہوئے تھے۔
سپکال نے امیت شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین دن کے مہاراشٹر دورے پر آئے، لیکن کسانو ں کی  قرض معافی، لاڈلی بہنوں کو ۲۱؍ سو روپے ماہانہ دینے اور دو سلنڈر مفت فراہم کرنے جیسے انتخابی وعدوں پر ایک لفظ تک نہیں بولے۔ جنگ بندی پر خاموشی اختیار کی اور صرف کانگریس کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو کانگریس پر تنقید کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں۔ کانگریس نے ملک کو آزادی دلائی، اندرا گاندھی نے پاکستان کو دو ٹکڑوں میں بانٹا، لال بہادر شاستری  نے ’’جے جوان، جے کسان ‘‘کا نعرہ دیا، اور راجیو گاندھی نے ملک کیلئے  قربانی دی۔سپکال نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا آزادی کی جدوجہد میں کوئی کردار نہیں رہا، بلکہ ان لوگوں نے ۵۰؍ سال تک اپنے دفتر پر ترنگا بھی نہیں لہرایا۔ ایسے لوگوں کو ترنگے اور شہداء پر بات کرنے کا حق نہیں ہے۔
 اس جلسہ میں مہاراشٹر کانگریس کے نائب صدر موہن جوشی، رکن پارلیمان  رویندر چوہان، ڈاکٹر شیواجی کالگے، کانگریس کے ضلع صدر ہنومنت پاٹل، شہر صدر عبدالستار ، مادھو راو پاٹل، سریش گائیکواڑ سمیت  بڑی تعداد میں کانگریس لیڈران شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK