• Tue, 01 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیت ٹھاکرے نے اسکول کے دفتر میں لگی نریندر مودی کی تصویر ہٹوائی

Updated: September 01, 2026, 4:25 PM IST | Pune

ایم این ایس کے نوجوان لیڈر پونے کے ایک سرکاری کالج کا معائنہ کرنے گئے تھے، بی جے پی چراغ پا، معاملہ درج کروایا۔

MNS workers removing Modi`s portrait. Picture: INN
ایم این ایس کارکنان مودی کی تصویر ہٹاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر نو نرمان سینا کے نوجوان لیڈر اور راج ٹھاکرے کے فرزند امیت ٹھاکرے نے پیر کے روز پونے کا  دورہ کیاجہاں انہوں نے طلبہ کے مسائل کو سمجھنے کیلئے شہر کے مختلف کالجوں کا دورہ کیا ۔ جب وہ شیواجی نگر کے گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالج پہنچے تو وہاں پرنسپل کے دفتر میں دیوار پر آویزاں وزیرعظم نریندر مودی کی تصویر کو یہ کہہ کر نکلوا دیا کہ چھترپتی شیواجی کے بغل میں ان کی تصویر کیوں لگوائی گئی ہے؟ 

یہ بھی پڑھئے: تیز طرار آئی اے ایس افسر دیویا متل نے محض ۱۳؍ سال میں استعفیٰ کیوں دیا؟

یاد رہے کہ ان دنوں ہر کوئی طلبہ کو میسر سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے اسکولوں کا دورہ کر رہا ہے۔ امیت ٹھاکرے بھی پونے کے اسکول اور کالجوں کا جائزہ لینے پہنچے۔ گورنمنٹ پالی ٹیکنک  کالج کے  پرنسپل کے سامنے انہوں نے کینٹین میں طلبہ کو ملنے والے کھانے کو ناقص  بتاکر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس حقیقت کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی کہ طالبات کی حفاظت کیلئے کیمپس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ہیں۔اسی دوران ایک نوجوان نے امیت ٹھاکرے کی توجہ دفتر کی دیوار کی طرف مبذول کروائی جہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر چھترپتی شیواجی کی تصویر کے بغل میں لگی تھی۔ امیت ٹھاکرے نے تصویر ہٹانے کیلئے کہا اور ان کے کارکنان نے فوراً مودی کی تصویر وہاں سے ہٹادی۔

یہ بھی پڑھئے: ’ڈی جے فری‘ گنپتی کی تجویز پیش کرنے والے سماجی کارکن کو میٹنگ سے نکالا گیا

اس پر پونے میں سیاسی ماحول گرم ہو گیا بی جے پی کارکنان نے امیت ٹھاکرے اور ان کے کارکنان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔  بی جے پی ترجمان نوناتھ بان نے کہا ’’امیت ٹھاکرے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی توہین کی ہے۔ وہ ایم این ایس کے نئے  نویلے لیڈر ہیں انہیں معلوم نہیں ہے کہ وہ تصویر وہاں پروٹوکول کے تحت لگائی گئی تھی، یہ سب پروٹوکول کا حصہ ہے ، وہ ایک سرکاری کالج ہے، انہیں تصویر ہٹانے سے پہلے  پروٹوکول پڑھنا چاہئے تھا۔‘‘ نوناتھ بان نے کہا’’ وہ ابھی ابھی گھر سے نکلے ہیں،  انہیں پروٹوکول کا پتہ نہیں ہے۔ ہر سرکاری دفتر میں  وزیراعظم کی تصویر ہوتی ہے۔ ‘‘بی جے پی کے پونے شہر صدر دھیرج گھٹے نے بھی امیت پر تنقید کی ۔  انہوں نے کہا’’اگر کسی کالج میں چھترپتی شیواجی کے ساتھ ملک کے وزیر اعظم کی تصویر آویزاں ہے تو مجھے نہیں لگتا کہ اس کے پیچھے کوئی اور مقصد ہو گا۔ چھترپتی شیواجی ہم سب کے دیوتا ہیں۔ اورنریندر مودی اس ملک کے وزیراعظم۔ وزیراعظم کیلئے بھی چھترپتی شیواجی دیوتا ہیں۔ وزیراعظم کی آئینی حیثیت ہے، اسلئے اس تعلق سے سیاست کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایم این ایس نے جو کیا وہ غلط ہے۔ ‘‘ پونے میں امیت ٹھاکرے سمیت ۲۵؍ افراد کے خلاف اس معاملے میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK