Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر کے تعلق سےبیداری مہم ، دھولیہ میںرہنمائی کیمپ کا انعقاد

Updated: March 04, 2026, 1:56 PM IST | Ismail Shaad | Dhule

جمعیۃ علماء نے تعلیم یافتہ نوجوانوں اور سماجی کارکنان سے اپیل کی کہ مقامی بی ایل او ز کے ساتھ مل کر اس معاملے میں عوام کی رہنمائی کریں۔

A Large Number Of People Participated In The Camp Held In Dhule.Photo:INN
دھولیہ میں منعقدہ کیمپ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی- تصویر:آئی این این

یکم اپریل سے مہاراشٹر میں بھی ایس آئی آر کی کارروائی شروع ہونے جا رہی ہے۔ اس کیلئے ہر شہری کا ۲۰۰۲ء کی ووٹنگ لسٹ میں نام ہونا ضروری ہے مگر ۲۰۰۲ء کی لسٹ میں نام تلاش کرنے میں عوام کو دشواریوں کا سامنا  پڑ رہاہے۔ جبکہ بہت سے لوگ ایس آئی آر کے تعلق سےاب بھی غفلت میں ہیں۔اسی کے پیش نظر دھولیہ جمعیۃ علماء کے صدر مفتی سید محمد قاسم جیلانی کی صدارت میں شہر کے سو فٹ روڈ پر اسٹار ہال میں ایک رہنمائی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں بی ایل اوز کے ہمراہ ملّی، سماجی تنظیموں کے کارکنان اور سابق و حالیہ کارپوریٹروں کے علاوہ کثیر تعداد میں مقامی باشندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھئے:امریکی-اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والی بچیوں اور عملے کی اجتماعی نمازِ جنازہ اداکی گئی

ابتدا میں بی ایل او عبدالرزاق سر نے ووٹنگ لسٹ میں ناموں کے متعلق درپیش آنے والے مسائل، ایس آئی آر کی پہلی کارروائی رائے دہندگان کے ناموں کی میپنگ اور دیگر ضروری ہدایتیوں سے حاضرین کو روشناس کیا۔ ایس آئی آر کے تعلق سے شہر میں سب سے زیادہ سرگرم ایڈوکیٹ زبیر شیخ نے’ ایس آئی آر کیا ہے؟، اس کیلئے عوام کو کیا کرنا ہے؟ اور اس کیلئے ضروری کاغذات و دیگر اہم امور پر مفصل طریقے سے عوام کی رہنمائی فرمائی۔صدارتی خطبے میں مفتی سید محمد قاسم جیلانی نے کہا کہ حکومت مہاراشٹر نے اپریل مہینے سے  ایس آئی آر کی کارروائی شروع کرنے کا اشارہ دیا ہے۔بی ایل او حضرات نے بھی اس ضمن میں اپنا کام شروع کردیا ہےلیکن اس کام کے دوران بی ایل اوز کو بہت سی تکلیفیں پیش آرہی ہیں۔ ۲۰۰۲ءکی رائے دیہی فہرست میں نام تلاش کرنے میں پریشانی ہورہی ہے۔ جمعیۃ علماء نے اس ضرورت کو محسوس کیا تاہم اسی ضمن میں ایس آئی آر کے متعلق ایک روزہ رہنمائی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:باوقار شخصیت کے مالک افتخار نے رعب دار کردار ہی ادا کئے

مفتی قاسم جیلانی نے منعقدہ رہنمائی کیمپ میں عوام کا جم غفیر کی شکل میں موجود ملّی، سماجی کارکنان کی موجودگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بیدار ہونے سے کوئی بھی کام دشوار نہیں ہے ۔انھوں نے ملّی ،سماجی تنظیموں ،خاص طور پر حالیہ اور سابق مسلم کارپوریٹروں اور نوجوانوں سے گزارش کی کہ اپنے علاقوں میں چوک چوراہوں پر بی ایل اوز کے ساتھ مل کر لوگوں کی رہنمائی کریں۔ ۲۰۰۲ءکی رائے دیہی فہرست میں نام تلاش کرنے میں تعاون کریں اور ہر امور پر بی ایل اوز کا ساتھ دیں۔اس موقع پر مسلم کارپوریٹرس کے ہمراہ ملّی، سماجی تنظیموں کے سرکردہ افراد اور تعلیم یافتہ نوجوانوں نے اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا وعدہ کیا ہے۔اس بابت مفتی سید محمد قاسم جیلانی نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ جلد ہی جمعیۃ علماء کی جانب سے تعلیم یافتہ نوجوانوں اور سماجی، ملّی تنظیموں کے سرکردہ افراد کو ہر ایک بی ایل او کے ساتھ جوڑ کر اپنے اپنے علاقوں میں رہنمائی کیمپ کا انعقاد کر کے ایس آئی آر کے متعلق تمام ضروری کام کو انجام دیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK