• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

AMU طلبہ یونین انتخابات: نعمان اشرف صدر، نشریٰ نعیم پہلی خاتون نائب صدر منتخب

Updated: November 06, 2026, 11:07 AM IST | Aligarh

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ۸؍ سال بعد طلبہ یونین کے انتخابات منعقد ہوئے، جن میں نعمان اشرف صدر منتخب ہوئے، جبکہ نشریٰ نعیم نے پہلی خاتون نائب صدر بن کر تاریخ رقم کردی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

نشریٰ نعیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین (AMUSU) کی نائب صدر منتخب ہونے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ ان کی یہ کامیابی تاریخی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یونیورسٹی میں ۸؍ سال کے وقفے کے بعد طلبہ یونین کے انتخابات منعقد ہوئے ہیں۔ اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی نشریٰ قانون کی طالبہ ہیں اور فرٹرنٹی موومنٹ کی قومی ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکن بھی ہیں۔

یہ انتخابات طلبہ کے ان احتجاجات کے بعد منعقد ہوئے جن میں منتخب طلبہ یونین کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پی ایچ ڈی اسکالر، مقرر اور اردو شاعر نعمان اشرف طلبہ یونین کے صدر منتخب ہوئے، جبکہ محمد حمدان نے سکریٹری کا عہدہ حاصل کیا۔ نعمان اشرف نے ۷؍ ہزار ۷۹۷؍ ووٹ حاصل کرکے ۴؍ ہزار ۱۲۱؍ ووٹوں کے فرق سے کامیابی درج کی۔ محمد حمدان نے ۸؍ ہزار ۳۸۵؍ ووٹ حاصل کرکے اعزازی سکریٹری کا عہدہ جیتا۔ ان کی کامیابی کا فرق ایک ہزار ۵۰۳؍ ووٹ رہا۔ نشریٰ نعیم نے ۷؍ ہزار ۹۱؍ ووٹ حاصل کیے اور ایک ہزار ۲۷۳؍ ووٹوں کی برتری سے نائب صدر منتخب ہوئیں۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کی کابینہ کے لیے منتخب ہونے والے ۱۰؍ ارکان میں محمد احمد خان، ہانیہ خان، اریبہ دلشاد، شازیہ شمیم، محمد محسن کے، محمد مرشد کے، ارسلان خان، انیکا رمان راہی، شاہین پروین اور محمد فیض شامل ہیں۔

ووٹنگ سے ایک روز قبل مکتوب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نشریٰ نعیم نے کہا تھا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی جیسے اقلیتی اداروں کے طلبہ کو اکثر اندیشوں کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، کیونکہ ان کے یہاں سے ایسے قائدین سامنے آسکتے ہیں جو اپنی برادری کے مسائل کو سمجھتے اور انہیں اجاگر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مکتوب سے کہا، ’’انہیں اقلیتی اداروں سے ایسے قائدین کے ابھرنے کا خوف ہے جو اپنی برادری کے مسائل کو سمجھتے ہوں اور قومی و بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ان کے لیے آواز اٹھا سکیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ان کی صحیح نمائندگی کرسکے۔ دوسری جانب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ویمنز کالج طلبہ یونین کے انتخابات میں انعم ریاض صدر، عائشہ خان نائب صدر اور مریم جان سکریٹری منتخب ہوئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK