Inquilab Logo Happiest Places to Work

امول کے کاروبار میں ۱۱؍ فیصد کا اضافہ، ایک لاکھ کروڑ کے ٹرن اووَر کا نیا سنگ میل

Updated: April 06, 2026, 12:28 PM IST | Anand

گجرات کوآپریٹیو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن لمیٹڈ نے اسے ۳۶؍ لاکھ ڈیری کسانوں  کی محنت کا نتیجہ جبکہ نائب چیئرمین نے ’کوآپریٹیو ماڈل ‘کی کامیابی کا عکاس قراردیا۔

Amul factory in Anand. Photo: INN
آنند میں  واقع امول کی فیکٹری۔ تصویر: آئی این این

امول جو آنند میں قائم گجرات کوآپریٹیو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن لمیٹڈ (جی سی ایم ایم ایف) کا ڈیری برانڈ ہے، نے مالی سال ۲۶-۲۰۲۵ء میں کاروبار میں ۱۱؍ فیصد کے اضافہ کے ساتھ  ایک لاکھ کروڑ روپے کے ٹرن اووَر(سالانہ کاروبار ) کا سنگ میل پار کر لیا ہے۔ ا س کی اطلاع فیڈریشن نے اتوار کودی۔ 
امول نے کہا کہ یہ اضافہ ڈیری مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ اور مضبوط مارکیٹنگ نیٹ ورک کا نتیجہ ہے۔ گجرات کوآپریٹو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن لمیٹڈ (جی سی ایم ایم ایف) کے مطابق امول برانڈ کا کل ٹرن اوور گزشتہ سال ۹۰؍ ہزار ہزار کروڑ روپے تھا جو امسال بڑھ کر ایک لاکھ کروڑ روپے ہو گیا، یعنی اس میں تقریباً۱۱؍فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 
جی سی ایم ایم ایف کا ٹرن اوور بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ۱۱ء۴؍ فیصد بڑھ کر۷۳ہزار ۴۵۰؍ کروڑ روپے ہو گیا ہے جو۲۵-۲۰۲۴ء میں ۶۵؍ہزار ۹۱۱؍ کروڑ روپے تھا۔ فیڈریشن نے کہا کہ یہ اضافہ ایک ہزار ۲۰۰؍ سے زائد پروڈکٹ پیک، وسیع تقسیم کے نیٹ ورک اور صارفین کی بدلتی ہوئی مانگ کے مطابق تیزی سے ڈھلنے کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ جی سی ایم ایم ایف( گجرات کوآپریٹو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن) کی۱۸؍ضلعی کوآپریٹو سوسائٹیاں اپنے اپنے اضلاع میں امول برانڈ کی مصنوعات فروخت کرتی ہیں تاہم ان سوسائٹیوں کا ٹرن اوور جی سی ایم ایم ایف کی آمدنی میں شامل نہیں ہوتا۔ امول کا سالانہ کاروبار ایک لاکھ کروڑ کے ہندسہ کے پار پہنچنے پر جی سی ایم ایم ایف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ یہ ہمارے۳۶؍لاکھ ڈیری کسانوں کی محنت اور لاکھوں صارفین کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ نائب چیئرمین نے کہا کہ یہ سنگ میل کوآپریٹو جذبے کی جیت اور کوآپریٹیو ماڈل کی کامیابی کا عکاس ہے۔ انہوں  نے کہا کہ ’’امول ماڈل‘‘قومی سطح پر پھیل کر یہ ثابت کر رہا ہے کہ یہ معاشی جمہوریت کے لیے ایک مثالی ماڈل ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: آئل انڈیا نے تھار ریگستان سے تیل کی پیداوار بڑھائی

کچھ گجرات کوآپریٹو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن لمیٹڈ کے بارے میں  
گجرات کوآپریٹیو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن (جی سی ایم ایم ایف )لمیٹڈ گجرات کی۱۸؍ ضلعی کوآپریٹو یونینوں کے ذریعے کام کرتا ہے۔ اس کے پاس ایک ہزار ۲۰۰؍ سے زائد مصنوعات پر مشتمل پورٹ فولیو اور وسیع تقسیم کا نیٹ ورک ہے۔ فیڈریشن کے مطابق مصنوعات میں توسیع اور کھپت کے رجحانات میں تبدیلی اس اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب امول کو انٹرنیشنل کوآپریٹو الائنس کی جانب سے سرفہرست کوآپریٹیو قرار دیا گیا۔ جی سی ایم ایم ایف کسانوں کی ملکیت والا دنیا کا سب سے بڑا ڈیری کوآپریٹو ادارہ ہے۔ ۳۶؍ لاکھ کسان اس کے ممبرہیں۔ یہ روزانہ۳ء۱؍ کروڑ لیٹر دودھ جمع کرتا ہے اور اس کے ذریعے سالانہ ۲۴؍ارب پیکٹس جیسے دودھ، مکھن، پنیر، گھی اور آئس کریم تقسیم کیے جاتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK