Inquilab Logo

؍۲سال بعد مساجد میں عیدکی نمازادا کرنے پر لوگوں میں خوشی کا ماحول

Updated: May 05, 2022, 9:07 AM IST | saadat khan | Mumbai

جنوبی ممبئی کی مساجد، مدارس اور میدانوںمیں نمازعیدالفطرادا کی گئی ۔ مینارہ مسجد میں نماز ادا کرنے والوںکو پولیس اہلکاروںنے گلاب پیش کیا

Scene of Eid-ul-Fitr prayers outside the railway station in Bandra Maghrib.
باندرہ مغرب میں ریلوے اسٹیشن کے باہر عیدالفطر کی نماز کا منظر۔ (تصویر: پردیپ دھیوار)

:کوو ڈ ۱۹؍ کی وجہ سے ۲؍سال تک رمضان المبارک اور عیدالفطر   لاک ڈاؤن کی پابندیوں کی وجہ سے معمول کے مطابق نہیں منایا تھا۔ امسال حالات معمول پر آنے کے سبب عید کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا۔ عید الفطرکےموقع پر جنوبی ممبئی کی مساجد ، مدارس اور مختلف عیدگاہوںمیں معمول کے مطابق نماز ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے ۔ مینارہ مسجد پر نماز ادا کرنے والوںکو پائیدھونی پولیس اسٹیشن کے اہلکاروںنے گلاب پیش کیا۔
 آگری پاڑہ ، وائی ایم سی اے گرائونڈ ، جھولا میدان ( مدنپورہ )، لال میدان ( آگری پاڑہ)، اگست کرانتی میدان ( گوالیاٹینک ) مدنپورہ بڑی مسجد، عرب مسجد ( مدنپورہ ) ، جونی مسجد، ہندوستانی چشتی مسجد(بائیکلہ ) ، مینارہ مسجد، حمیدیہ مسجد ، جامع مسجد ، سنگتراش مسجد( ناگپاڑہ ) ، عرب گلی مسجد ( گرانٹ روڈ )اور جنوبی ممبئی کے دیگر مساجد ، مدارس اور عیدگاہوںمیں عیدکی نماز  میں بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے ۔ نمازیوںکی سہولت کیلئے متعدد مساجدمیں  ۲؍جماعتوں کا نظم کیاگیا۔ بیشتر مساجد میں فٹ پاتھ اور سڑک پرنماز اداکرنے سے گریز کیاگیا اور کسی طرح کی بدنظمی نہ ہو، اس کا خیال رکھاگیا۔ 
  وائی ایم سی اے گرائونڈ میں ہزاروں نمازیوںنے پرامن ماحول سے عیدکی نماز ادا کی۔ اس موقع پر منتظمین کی طرف سےمعقول انتظام کیاگیاتھا۔  رضاکاروںنے نمازیوںکو قطار سے بٹھانے اور نماز کےبعد گرائونڈ سے باہر جانے کا عمدہ انتظام کیاتھا تاکہ بھیڑکی وجہ سے کسی کو پریشانی نہ ہو۔ یہاں ساڑھے ۶؍بجے عید کی نماز ادا کی گئی ۔
 مینارہ مسجد میں عیدکی نماز اداکرنےوالے مقامی سماجی کارکن امین پاریکھ نے بتایاکہ ’’ یہاں عیدکی ۲؍جماعتوں کا نظم کیا گیا  ۔ لوگوںمیں عیدکی نماز اداکرنے سے متعلق بے انتہاجوش وخروش دکھائی دیا۔پہلی جماعت میں مسجد  میں  نمازیوںکی گنجائش نہ ہونے  سےدوسری جماعت کیلئے لوگ مسجد کے باہر انتظار کرتے دکھائی دیئے ۔ پائیدھونی پولیس نے مسجد کے باہر سڑک پر نماز پڑھنےکی اجازت نہیں دی تھی۔ اس لئے دوسری جماعت میں بھی سیکڑوں لوگوںنے نماز اداکیا۔ کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے ۲؍سال سے عیدکی نماز مساجد میں نہیں ہوئی تھی۔ امسال اس طرح کی پابندی نہ ہونےسے لوگو ںمیںکافی جوش وخرو ش دکھائی دیا۔ پائیدھونی پولیس کے افسران نےعید کی نمازکےبعد لوگوں کی خدمت میں گلاب پیش کئے ۔‘‘ 
 اسی طرح ماہم ، دھاراوی ، باندرہ ، کرلا ، ملاڈ مالونی ، گوونڈی ، چیتاکیمپ اور  دیگر علاقوںمیں بھی عیدالفطر تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی اور لوگوں نے  ایک دوسرے کو گرمجوشی سے عیدکی مبارکباد پیش کی۔ عید کی نماز میں کوروناوائرس سے ملک کو محفوظ رکھنےکی دعاکے ساتھ ملک میں امن و امان اور بھائی چارگی کےماحول کو قائم رکھنےکیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

eid namaz Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK