کرجت،مروڈ اور روہا نگر پریشد پر این سی پی (اجیت پوار)کا قبضہ مگرمہاڈ اور شریوردھن میں بڑا جھٹکا۔علی باغ میں شیتکری کامگار پکش کا دبدبہ رہا۔ ماتھیران میں شیو سینا(شندے) کی جیت۔
مروڈ میں این سی پی (اجیت پوار) کی جیت پرپارٹی کارکنان خوش نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
رائے گڑھ ضلع میں پولیس کے بھاری بندوبست میں نگر پریشدوں کے انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی ہوئی اور نتائج کا اعلان کر دیا گیا جس کے بعدکہیں خوشی تو کہیں غم کا ماحول رہا۔ اس انتخابات میں مہاڈ اور شریوردھن سب سے زیادہ موضوع بحث رہے۔یہاں کی صدر بلدیہ کی دونو ں سیٹیں این سی پی کے ہاتھ سے چلی گئیں اور یہ رکن پارلیمان سنیل تٹکرے اور ریاستی وزیر ادیتی تٹکرے کیلئے بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔اس معاملے میں سنیل تٹکرے نے کہا کہ ہمیں مروڈ،روہا اور کرجت میں بڑی کامیابی ملی ہے اور مہاڈ اور شری وردھن میں ہمارے نگر سیوک زیادہ تعداد میں کامیاب ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ شریوردھن اسمبلی حلقہ این سی پی کا گڑھ مانا جا تا ہے اور یہاں صدر بلدیہ کی سیٹ پر شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) کے امیدوار کا کامیاب ہونا رکن پارلیمان سنیل تٹکرے اور کابینی وزیر ادیتی تٹکرے کو بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہےلیکن اس حلقے میں ایسی خبریں بھی گشت کر رہی ہیں کہ نو منتخب صدر بلدیہ اتول چوگلے شیوسینا (شندے ) میں شامل ہو سکتے ہیں۔اگر ایسا ہوا تویہ شیوسینا( ادھو ٹھاکرے) کیلئے بہت بڑا جھٹکا بھی ہو سکتا ہے۔
شریوردھن کے نتیجے پر کابینی وزیر بھرت گو گاؤلے کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریوردھن کی صدر بلدیہ کی سیٹ پر کامیابی کیلئے ہماری مکمل حمایت رہی ۔ حالانکہ وہ شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) کے امیدوار تھے۔اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق شریوردھن نگر پریشد کے چناؤ میں این سی پی کے ۱۵، شیوسینا (شندے ) کے۳؍اور بی جے پی کے۲؍ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
علی باغ میں کسان مزدور پارٹی کا دبدبہ قائم رہا ۔ صدر بلدیہ کیلئے پارٹی کی اکشیا نائیک کامیاب ہوئیں ۔ علی باغ میں۲۰؍سیٹوں میں سے۱۷؍ سیٹوں پرکسان مزدور پارٹی نے کامیابی حاصل کی۔
مروڈ نگر پریشد پر این سی پی کا قبضہ رہا ۔پارٹی کی امیدوار ارادھںنا دانڈیکر۲۴۵؍ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئیں۔ ان کے مد مقابل شیوسینا(شندے ) کی کلپنا پاٹل کھڑی تھیں۔ یہاں۴؍ سیٹوں پرشیوسینا (ادھو ٹھاکرے)، این سی پی ۴، کانگریس ایک اور شیوسینا (شندے) ۱۱؍ سیٹوں پر کامیاب ہوئیں۔
مہاڈ نگر پریشد صدر بلدیہ کی سیٹ پر شیوسینا(شندے) کے امیدوار سنیل کاوسکر کامیاب ہوئے۔ یہاں شندے گروپ کے ۸، این سی پی کے۱۰؍ اور بی جے پی کے ۲؍امیدوار کامیاب ہوئے ۔روہا میں صدر بلدیہ کے طور پر این سی پی کی ون شری شیڑگے کامیاب ہوئیں۔
ممبئی سے قریب سیاحتی مقام ماتھیران کی نگر پریشد میں صدر بلدیہ کی کرسی شیوسینا (شندے ) کے امیدوار چندر کانت چودھری کے حصہ میں آئی۔پین شہر نگر پریشد پر بی جے پی قابض رہی ۔ یہاں پریتم پاٹل کامیاب ہوئے۔
ارن میں صدر بلدیہ کے الیکشن میں شرد پوار این سی پی کی امیدوار بھاؤنا گھانیکر نے بی جے پی کی امیدوار شو بھا کو لی کو ایک ہزار ۵۷۰؍ وو ٹوں سے شکست دی جبکہ ۲۱؍ سیٹوں میں سے ۱۲؍ سیٹوں پر بی جے پی اور ۹؍ سیٹوں پر مہا وکاس اگھاڑی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔