Inquilab Logo

جلوس عید میلادا لنبی ؐمیں ہرقسم کی خرافات سے پرہیز کی تلقین

Updated: September 30, 2022, 10:00 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

امام الانبیاء محبو ب کبریاحضرت محمدؐکی دنیا میںتشریف آوری کی مناسبت سے سابقہ روایات کے مطابق ۱۲؍ ربیع الاول کو نکالے جانے والے جلوس میں غیر شرعی امور سے بچنے اور اس مبارک موقع پرزیادہ سے زیادہ رفاہی کاموں کی جانب عوام الناس کو متوجہ کرنے کا سلسلہ علماء اورمنتظمین نے شروع کر دیا ہے۔ اسی کی مناسبت سے جمعرات کی صبح سنّی مسجدبلال (دوٹانکی ) اورجامع مسجد (گھاٹکوپر) میں میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا۔

Arif Naseem Khan addressing the Ghatkopar meeting
عارف نسیم خان گھاٹکوپر کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے

امام الانبیاء محبو ب کبریاحضرت محمدؐکی دنیا میںتشریف آوری کی مناسبت سے سابقہ روایات کے مطابق ۱۲؍ ربیع الاول کو نکالے جانے والے جلوس میں غیر شرعی امور سے بچنے اور اس مبارک موقع پرزیادہ سے زیادہ رفاہی کاموں کی جانب عوام الناس کو متوجہ کرنے کا سلسلہ علماء اورمنتظمین نے شروع کر دیا  ہے۔ اسی کی مناسبت سے جمعرات کی صبح سنّی مسجدبلال (دوٹانکی ) اورجامع مسجد (گھاٹکوپر) میں میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان میٹنگوں میں علماء ،ائمہ اور جلوس کے منتظمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ 
 جلو س عیدمیلادالنبیؐ۹؍اکتوبر بروزاتوار کو  نکالا جائےگا لیکن میٹنگوں کاسلسلہ ابھی سے شروع ہوگیا ہےجس کا  مقصد یہ ہےکہ لوگ یکم ربیع الاول سے ہی اس جانب توجہ دیں اورحسب ِ استطاعت ۱۲؍ ربیع الاول تک حاجت مندوں اورمستحقین کی اعانت کے لئے دستِ تعاون درازکریںتاکہ ان کی رقم خیر کے کاموں میں صرف ہو ، اورغیرشرعی امور میںبرباد نہ ہو۔
رفاہی کاموںپرتوجہ دیں
 بلال مسجد میںحاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مولاناسید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے کہا کہ’’ جلوس عید میلاد النبی ؐدھوم دھام سے نکالیں لیکن ڈی جے  ،آتش بازی ، اسٹنٹ ، شور اور ہنگامہ،دل آزار نعرے وغیرہ سے مکمل گریز کریں ۔‘‘ انہوں نے تلقین کی کہ ’’اس موقع پر ضرورت مندوں، مریضوں، غریبوں، یتیموں، بیواؤں،مسکینوں اورطلبہ کی تعلیم اورغریب ونادار بچیوں کی شادی بیاہ پرخاص توجہ دیں۔‘‘
 مولانا محفوظ عالم نےکہا کہ ’’آج امت مسلمہ جس نازک دور سے گزر رہی ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ،اس لئے مسلمان غیر شرعی حرکتوں سے بچیں اورآقائے دوعالمؐکی سچی غلامی کاثبوت دیں۔‘‘رضااکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمدسعید نوری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ’’ اس موقع پرلوگ اپنے گھروں اوردکانوں پرپرچم رسالت آویزاں کریں۔‘‘ دریںاثناء قرآن حکیم کی عظمت کے حوالے سے مولانا ابراہیم آسی کی کتاب کااجراء بھی عمل میںآیا۔ مولانا نے وسیم رضوی عرف جتیندر تیاگی کی بکواس پرمبنی کتاب کے جواب میںیہ کتاب تحریرکی ہے۔بلال مسجد میںہونے والی میٹنگ میںبھیونڈی اورشہر ومضافات کے علماء اورائمہ وذمہ داران نے شرکت کی۔
 ضابطوںکی خانہ پُری کے لئے ابھی سے توجہ دیں
  ادھر مرکزی عید میلادالنبی کمیٹی ( گھاٹکوپر ) کی جانب سے گھاٹکوپر جامع مسجد میں بھی ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں کمیٹی کے سیکریٹری الطاف حسین فضل اللہ منشی نے کہا کہ’’ گھا ٹکوپر میں عید میلاد النبیؐ کا جلوس ۱۹۵۳ء سے نکالا جا رہا ہے، امسال یہ۷۰؍واں جلوس ہوگا،اسی کے پیش نظرتمام تیاریاں کی جارہی ہیں۔‘‘
 سابق ریاستی وزیر اورکانگریس لیڈر محمد عارف نسیم خان نے کہا کہ ’’ہم ہرطرح سے نظم ونسق کا خیال رکھیں اورآقا ئے دوجہاںؐکی تشریف آوری کی مناسبت سے ایسا عمل کریں جس سے دوسروں تک مثبت پیغام پہنچے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی کہا کہ’’جو تنظیمیں اورانجمنیںقائدین جلو س کا استقبال کرتی ہیں وہ امسال بھی میونسپل کارپوریشن اورمقامی پولیس اسٹیشنوں سے پیشگی اجازت حاصل کرلیں تاکہ ریکارڈ رہے اورعین وقت پرکوئی مسئلہ نہ ہو۔‘‘عارف نسیم خان نےنوجوانو ںکومتوجہ کرتے ہوئے کہا کہ’’وہ جلسے اور جلوس میں ڈی جےبجانے اور موٹر سائیکل پر کرتب بازی سے گریزکریں ۔‘‘ یاد رہے کہ عید میلادالنبیؐ کا جلوس ممبئی میں ۱۰۰؍ سال سے نکالا جا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK