Inquilab Logo

نالوں کی صفائی سے متعلق شکایات کرنے کیلئے آن لائن سسٹم شروع کیا جائے

Updated: May 21, 2023, 11:38 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی بی ایم سی کو ہدایت، یکم تا ۱۰؍جون شہریوں سے شکایت بھیجنے کی درخواست

Chief Minister Eknath Shinde went down to Oshiwara drain and inspected the cleanliness.
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اوشیوارہ نالے میں اتر کر صفائی کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے حکم دیا ہےکہ بی ایم سی کے ذریعہ جو نالوں کی صفائی کی جارہی ہے اس تعلق سے شہریوں کو اپنی رائے دینے اور شکایات درج کرنے کیلئے ایک آن لائن سسٹم تیار کیا جائے۔ اسی کے ساتھ ساتھ کوڑا کرکٹ کے مسائل سے متعلق شکایات درج کرانے کیلئے رابطہ نمبر بھی شروع کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے شہریوں  سے درـخواست کی ہے کہ وہ یکم تا ۱۰؍  جون تک تصویر کےساتھ اپنی شکایت بھیجیں۔ انہوںنے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ نالوں میں فلڈ گیٹ لگانے کا عمل بروقت مکمل کریں، اس فلڈ گیٹ سے سمندر میں طغیانی کے  دوران سمندر میں پانی شہر میں داخل نہیں ہو سکے گا۔
  وزیر اعلیٰ نے جمعرات ممبئی کے نالوں کی صفائی کا جائزہ لینا سلسلہ شروع کیا ہے جو لگاتار دوسرے دن جمعہ (۱۹؍ مئی) کو بھی جاری رہا ۔ انہوں نے ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقوں کے نالوںکی صفائی کا معائنہ کیا۔ معائنہ کا دورہ ۴؍گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ اسی دوران ایک جگہ وزیر اعلیٰ خود نالے میں اتر گئے اور کام کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کارکن سے بات چیت بھی کی۔
 جمعہ کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ملن سب وے(سانتا کروز)، گوکھلے بریج (اندھیری ایسٹ)، اوشیوارہ ندی (لنک روڈ، اندھیری ویسٹ)،پوئسر ندی، لنک روڈ(کاندیوالی ویسٹ) ، دہیسر ندی(آنند نگر پل)، دہیسر مشرقی اور مغربی ندی (بوریولی ایسٹ) ، سری کرشنا نگر کے قریب سنجے گاندھی نیشنل  سینکچری (بوریولی۔ ایسٹ) کا دورہ کیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے بوریولی کے اٹل اسمرتی گارڈن میں پریس کانفرنس بھی کی۔
 وزیر اعلیٰ شندے نے اس وقت کہاکہ ہم توقع کریں گے کہ اس سال برسات کے دوران ممبئی میں پانی  نہیں بھرے گا۔میونسپل انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں نتیجہ نظر آئے گا،۳۱؍ مئی تک اچھا کام نظر آئے گا۔
۱۰؍ جون تک شکایتیں بھیجیں
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ نالوں کی صفائی کے حوالے سے شکایت ہو تو یکم سے ۱۰؍جون کے درمیان تصاویر کے ساتھ اپنی شکایت تصویر کے ساتھ بی ایم سی کو ارسال کریں۔  ‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’نالے کی صفائی میں لاپروائی برتنے والے ٹھیکیدار  اور متعلقہ کام میں تساہل برتنے پر افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔‘‘شندے نے ممبئی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ سے کہا ہے کہ  شدید بارش کے دوران پانی جمع ہونے کی وجہ سے ممبئی کے شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، نالے سے کیچڑ ہٹانے کا کام سختی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ضروری مقامات پر زیر زمین پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینکوں، فلڈ گیٹس کے نظام کو نافذ کرنے کی تجویز بھی دی۔
وزیراعلیٰ نے نالے کی صفائی کرنے والے کارکن سے بات چیت کی
 نالوں کی صفائی کےدورے کے دوران وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اوشیوارہ میں نالے میں وہ خود  اترے اور نالے کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی کرنے والے کارکنان سے بات چیت بھی کی اور ان کے کام کے بارے میں جان کر اس کام کی تعریف کی۔
گوکھلے پل کا کام دیوالی تک تیزی سے مکمل کیا جائے
 اس دوران وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اندھیری میں گوکھلے پل کے کام کا معائنہ کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے اس پل کے نیچے ممبئی بیوٹیفیکیشن پروجیکٹ کے تحت جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی کہ آنے والی دیوالی تک گوکھلے پل کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ویسٹرن ریلوے کے جنرل منیجر سے بھی بات چیت کی تاکہ اس پل کے کھلنے تک پیدل چلنے والوں کو سائیڈ ریلوے پل استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
احتیاط کریں شہریوں کو پریشان نہ کریں
 وزیر اعلیٰ شندے نے پوئسر ندی کا معائنہ کیا جہاں ہر سال سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے اور  آس پاس کا علاقے زیر آب آجاتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایات دی ہیں کہ کنارے پر رہنے والے شہریوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ اس ندی کے کنارے کیچڑ جمع نہ ہو۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ممبئی میں سڑکوں کو سیمنٹ کنکریٹ کی تعمیر کرنے کا کام شروع ہو چکا ہے اور فی الحال۴۵۰؍ کلومیٹر سڑکوں کا کام شروع ہو چکا ہے جبکہ۴۰۰؍ کلومیٹر کی سڑکوں کے کام کا عمل شروع ہو نے والا ہے۔ ممبئی کی بیوٹیفکیشن کے کام میں تیزی آئی ہے اور ساحلوں کو صاف رکھنے کے لئے الگ ٹیمیں مقرر کی جائیں گی۔
  انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت کی سہولت کے لئے ممبئی میں۱۷۰؍آپلا دواخانہ  شروع کئے  گئے ہیں اورکل ۲۵۰؍ دواخانے کھولے جائیں گے۔اس موقع پر ریاستی سیاحت، خواتین اور بچوں کی بہبود کے وزیر اور مضافاتی ممبئی ضلع کے نگراں وزیر منگل پربھات لودھا، رکن پارلیمان گوپال شیٹی، ایم پی راہل شیوالے، ایم ایل اے منیشا چودھری، ایم ایل اے پروین دریکر، امیت ساٹم، پرکاش سروے ممبئی میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل،  ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹس) پی ویلراسو اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK