• Sun, 18 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’اناج اے ٹی ایم‘ کا ناسک میں آغاز

Updated: October 18, 2026, 10:07 AM IST | Mukhtar Adeel | Nashik

کابینی وزیرخوراک بھجبل کے ہاتھوں افتتاح، انہوں نے ریاست کے ۷؍ کروڑ لوگوں کیلئے اناج اے ٹی ایم کی مرحلہ وار تنصیب کا وعدہ کیا۔

Minister for Food, Civil Supplies and Consumer Protection Chhagan Bhujbal at the inauguration of a `grain ATM`. Photo: INN
خوراک، شہری سپلائز اور صارفین کے تحفظ کے وزیر چھگن بھجبل اناج اے ٹی ایم کے افتتاح کے موقع پر۔ تصویر: آئی این این

ریاست کا پہلا اناج اے ٹی ایم ناسک میں شروع ہوا۔ اس کا افتتاح کابینی وزیربرائے خوراک ورسد چھگن بھجبل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر کلکٹر آیوش پرساد بھی موجود تھے۔ سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ناسک میں شروع ہونے والا اناج اے ٹی ایم ریاست مہاراشٹر کا پہلا اناج اے ٹی ایم ہے۔ چھگن بھجبل نے کہا کہ ریاست میں ۴۵؍ ہزار سرکاری راشن دکانیں ہیں ۔ ۷؍ کروڑ افراد کیلئے ان دکانوں سے سستی قیمتوں میں گیہوں چاول و دیگر غذائی اشیاء فراہم کی جاتی ہیں۔ 
ریاست کے خوراک، شہری سپلائز اور صارفین کے تحفظ کے وزیر چھگن بھجبل نے اس موقع پر کہا کہ مہاراشٹر حکومت اور اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے اشتراک سے شروع کی گئی یہ پہل، عوامی تقسیم کے نظام کو مزید شفاف، متحرک اور سود مند بنانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی تقسیم کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ اہل استفادہ کنندگان کو ان کا اناج عزت کے ساتھ اور وقت پر ملے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں جبکہ مختلف شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، خوراک کی تقسیم کے نظام میں بھی اس کا موثر استعمال ضروری ہے۔ `اناپورتی دھنیا اے ٹی ایم اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اناج اے ٹی ایم مرحلہ وار پوری ریاست میں نصب کئے جائیں گے۔ یہ بالکل اُسی طرح کام کرتا ہے جیسے بینک اے ٹی ایم۲۴؍گھنٹے کام کرتا ہے۔ بوقت ِ ضرورت یہاں سے سستی قیمتوں میں گیہوں اور چاول ملیں گے۔ بھجبل نے مزید کہا کہ عام طور سے سرکاری راشن دکانوں کے باہر لمبی قطاریں دِکھائی دیتی ہیں۔ اناج اے ٹی ایم سے لمبی قطاروں کا سلسلہ بھی رُک جائے گا۔ شری کاڑے(ڈپٹی کمشنر، فوڈا ینڈ سول سپلائز منسٹری) نے کہا کہ ناسک کے بعد ناگپور اور تھانے میں اناج اے ٹی ایم شروع کئے جانے کا منصوبہ زیرغور ہے۔ اناج اے ٹی ایم سے ضرورت مندوں میں اناج کی تقسیم کاری نظام میں شفافیت ہوگی اور اناج کی مکمل تفصیلات سرکاری ریکارڈ میں آئے گی۔ آیوش پرساد(کلکٹر، ناسک)نے کہا کہ ریاست کا پہلا اناج اے ٹی ایم شروع کرنے کا موقع ناسک کے حصے میں آیا ہے۔ یہاں کے ناسک روڈ ڈیویزنل کمشنر آفس سے قریب گورے واڑی میں اناج اے ٹی ایم کی شروعات ہوئی ہے۔ 
اناج اے ٹی ایم کی خصوصیات
اناج اے ٹی ایم۲۴؍ گھنٹے اور سال کے ۳۶۵؍ دن جاری رہےگا۔ صرف۳۵؍ سیکنڈ میں ۲۵؍ کلو گرام اناج ملے گا۔ بائیومیٹرک کارڈ ہولڈرس کیلئے زیادہ آسانیاں ہوں گی۔ اناج اے ٹی ایم میں ڈیجیٹل پیمینٹ ادائیگی کی سہولت بھی ہو گی۔ اے ٹی ایم اسکرین پر راشن کارڈ رکھنے کے بعد راشن کارڈ نمبر ٹائپ کرنا ہوگا۔ بائیو میٹرک پروسیس کا آپشن ’یس‘ کرنے کے بعد تھیلا اے ٹی ایم کے نیچے رکھناہوگا۔ اسکرین پر ’ وِترن شروع کرا ‘ بٹن دباکر اناج حاصل کیا جاسکے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK