• Sun, 18 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خشک سالی کے پیش نظر ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں کمشنر کی جائزہ میٹنگ

Updated: October 18, 2026, 10:05 AM IST | Z.A Khan | Nanded

پانی کے رساؤ کی مرمت، غیر قانونی نلوں کی نشاندہی اور کنکشن منقطع کرنے پر خصوصی توجہ، شکایات کیلئے جلد ٹول فری نمبر جاری ہوگا، پانی کے غیر قانونی استعمال پر سخت کارروائی کا انتباہ۔

Strict action will now be taken against illegal water connections. Photo: INN
اب غیر قانونی نل کنکشنوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ تصویر: آئی این این

عالمی سطح پر ال نینو کے اثرات کے باعث اس سال مہاراشٹر سمیت ناندیڑ ضلع میں بھی اوسط سے انتہائی کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ خشک سالی کی سنگین صورت حال کے پیش نظر دستیاب محدود آبی ذخیرے کو انتہائی احتیاط کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے آئندہ سال اگست تک پورے ناندیڑ شہر کو مسلسل پانی فراہم کرنا انتظامیہ کیلئے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ اس سنگین آبی بحران کے پیش نظر ناندیڑ میونسپل کارپوریشن نے فوری اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ اسی سلسلے میں ۱۶؍ اکتوبر کو میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے کی صدارت میں ایک اہم جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں کمشنر نے شہر میں پانی کی فراہمی کی موجودہ صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا اور پانی کے دوبارہ استعمال، رساؤ کو روکنے اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کیلئے متعلقہ افسران کو اہم ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر محکمہ آب رسانی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ محکمہ آب رسانی کے مطابق شہر میں غیر قانونی طور پر پانی حاصل کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے۱۰۹؍ غیر مجاز نل کنکشن منقطع کیے گئے۔ اس کے علاوہ پانی کی بربادی کو روکنے کیلئے ۱۱۴؍مقامات پر رساؤ کی مرمت کی گئی، جبکہ عوامی اور دیگر مقامات پر پانی کے غیر ضروری بہاؤ کو روکنے کیلئے۲۱؍ نئے نل بھی نصب کئے گئے۔ پینے کے پانی پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے میونسپل کارپوریشن نے صاف کئے گئے گندے پانی کو دوبارہ استعمال میں لانے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈنکین کے مقام پر واقع میونسپل کارپوریشن کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں روزانہ ۱۰؍ ایم ایل ڈی پانی کو صاف کیا جاتا ہے۔ اس میں سے فی الحال۲؍ ایم ایل ڈی پانی کو مہاراشٹر آلودگی کنٹرول بورڈ کے مقررہ معیارات کے مطابق شہر میں تعمیراتی کاموں، باغات اور صفائی سے متعلق دیگر سرگرمیوں کیلئے دوبارہ استعمال کیا جائے گا۔ آئندہ شہر میں موجود ۵؍ مختلف کمپیکٹ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس سے بھی گندے پانی کو صاف کرکے دوبارہ استعمال میں لانے کا منصوبہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’بچوں کو انٹرنیٹ سے دور نہیں رکھا جا سکتا، یہ ان کا بنیادی حق ہے‘‘

اس اقدام سے پینے کے صاف پانی کی بچت ہوگی اور محدود آبی ذخیرے پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ شہریوں کو پانی کی فراہمی سے متعلق شکایات درج کرانے اور ان کے فوری ازالے کیلئے میونسپل کارپوریشن جلد ہی ایک خصوصی ٹول فری نمبر جاری کرے گا۔ اس نمبر کے ذریعے شہری پانی کے رساؤ، غیر قانونی نل کنکشن اور پانی کی قلت سے متعلق اپنی شکایات براہِ راست درج کرا سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی شہر میں پانی کی کفایت شعاری اور اس کے محتاط استعمال کے بارے میں بڑے پیمانے پر عوامی بیداری مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ میونسپل کمشنر نے شہر میں غیر مجاز اور غیر قانونی نل کنکشنوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ ۱۹۴۹ء کے شیڈول ’ڈ‘ کے باب۱۰، نئے نل کنکشن کے معاہدے اور میونسپل کارپوریشن کو حاصل قانونی اختیارات کے تحت غیر قانونی طور پر پانی استعمال کرنے والوں کے خلاف فوجداری اور جرمانے کی کارروائی کی جائے۔ میونسپل کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ آبی بحران سنگین ہے اور اگست۲۰۲۷ء تک شہر کو پانی فراہم کرنا ہے۔ انتظامیہ پانی کے رساؤ اور چوری کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کر رہا ہے لیکن شہریوں کے تعاون کے بغیر اس چیلنج سے نمٹنا ممکن نہیں۔ ہر شہری پانی کے دوبارہ استعمال کو فروغ دے اور پانی کے ایک ایک قطرے کو احتیاط اور کفایت شعاری کے ساتھ استعمال کرے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK