کہا کہ نتیش کمار نے عوام کے لئے بہت کام کئے ہیں۔ سڑک ہو، بجلی ہو، پانی ہو، نتیش کمار نے سب کچھ کیا ہے۔نتیش کمار لگاتار۲۵؍سال تک وزیر اعلیٰ رہیں گے۔
EPAPER
Updated: August 07, 2025, 1:05 PM IST | Agency | Patna
کہا کہ نتیش کمار نے عوام کے لئے بہت کام کئے ہیں۔ سڑک ہو، بجلی ہو، پانی ہو، نتیش کمار نے سب کچھ کیا ہے۔نتیش کمار لگاتار۲۵؍سال تک وزیر اعلیٰ رہیں گے۔
بہار کے اہم لیڈر اننت سنگھ نے بیور جیل سے باہر آنے کے بعد بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ نتیش کمار کی پارٹی سے الیکشن لڑیں گے۔ اننت سنگھ کو پچمہلا معاملے میں پٹنہ ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ جیل سے باہر آنے کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے۲۰؍ سال کام کیا ہے اور اگلے۲۵؍ سال تک وہی رہیں گے۔
سابق رکن اسمبلی اننت سنگھ نے کہا، ’’نتیش کمار نے عوام کے لئے بہت کام کئے ہیں۔ سڑک ہو، بجلی ہو، پانی ہو، نتیش کمار نے سب کچھ کیا ہے۔ اپوزیشن کیا کہے گی؟ اپوزیشن کبھی تعریف نہیں کرتی۔ نتیش کمار لگاتار۲۵؍سال تک وزیر اعلیٰ رہیں گے۔ ‘‘ واضح رہےکہ سابق ایم ایل اے اور چھوٹے سرکار کے نام سے مشہور اننت سنگھ کو بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے بڑی راحت ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے پچمہلا فائرنگ کیس میں ان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
اننت سنگھ پچمہلافائرنگ کیس میں جیل میں تھے۔ پٹنہ ہائی کورٹ میں اس کیس کی سماعت چل رہی تھی۔ رواں سال۲۲؍ جنوری کو دارالحکومت پٹنہ کے موکاما علاقے کے پچمہلا تھانہ علاقے کے گاؤں نورنگا جلال پور میں فائرنگ کی گئی۔ اس فائرنگ میں اننت سنگھ اور ان کے حریف سونو مونو گینگ کی طرف سے۶۰؍ سے۷۰؍راؤنڈ فائرنگ کی گئی تھی۔ اننت سنگھ پر قتل کی کوشش اور غیر قانونی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام تھا۔ اننت کا شمار’ باہوبلی ‘لیڈروں میں ہوتا ہے۔
فائرنگ کے اس واقعے کے بعد جے ڈی یو نے خود کو اننت سنگھ سے دور کر لیا۔ اس واقعہ کے بعد مونگیر کے ایم پی للن سنگھ نے کہا تھا کہ پولیس دہشت پھیلانے والوں کو نہیں بخشے گی۔ اتنا ہی نہیں، انہوں نے سال۲۰۲۰ء میں اننت کو آر جے ڈی سے ٹکٹ ملنے پر بھی سوال اٹھائے۔ جہاں تک اننت سنگھ کے اثر و رسوخ کا سوال ہے تو۲۰۱۵ء کے انتخابات کو چھوڑ کر اننت سنگھ کسی نہ کسی پارٹی سے جیتتے رہے ہیں۔
اننت سنگھ نے۲۰۰۵ء اور۲۰۱۰ء میں جے ڈی یو کے نشان پر اور۲۰۲۰ءمیں آر جے ڈی کے نشان پر الیکشن جیتا تھا۔ اس کے بعد جب۲۰۲۲ء میں ان کی رکنیت منسوخ ہوئی تو ان کی اہلیہ نے آر جے ڈی کے نشان پر الیکشن لڑکر جیت حاصل کی تھی۔ اننت سنگھ نے۲۰۲۰ء میں موکاما سیٹ۳۵؍ ہزار ووٹوں سے جیتی تھی۔ ۲۰۲۲ء کے ضمنی انتخاب میں ان کی اہلیہ نے۱۶؍ ہزار ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔