موجودہ امریکی کارروائیوں کے دوران بعض برطانوی اڈے استعمال کئے جانے کا امکان ، کیئر اسٹارمر کی پالیسی کا تسلسل۔
EPAPER
Updated: July 23, 2026, 1:00 PM IST | London
موجودہ امریکی کارروائیوں کے دوران بعض برطانوی اڈے استعمال کئے جانے کا امکان ، کیئر اسٹارمر کی پالیسی کا تسلسل۔
نئے برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم نے امریکہ کو فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی۔ اینڈی برنہم نے اس کی منظوری دی لیکن برطانوی میڈیا کے مطابق امریکہ کو برطانیہ کے کچھ ہی اڈوں کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔امریکہ کو فوجی اڈوں کی یہ فراہمی پیشرو کیئر اسٹارمر کی پالیسی کا تسلسل بتایا جا رہا ہے، اسٹارمر نے جمعہ کو اعلیٰ وزرا ءاور حکام کا ایک اجلاس منعقد کیا تھا تاکہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی کارروائیوں کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد برطانوی پالیسی پر غور کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: پاکستان کی معیشت مضبوط کرنے کے لیے امریکہ سے ۱۰؍ارب ڈالر امداد کی اپیل: رپورٹ
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزرا ءنے موجودہ پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت بحرِ ہند میں واقع ڈیاگو گارشیا اور انگلینڈ کے گلوسسٹرشائر میں موجود آر اے ایف فیئر فورڈ کے اڈوں کو امریکی طیاروں کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ طیارے ایران کے میزائل خطرے کا مقابلہ کرنے اور آبنائے ہرمز کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال ہونے والی تنصیبات کے خلاف کارروائیوں کے لئے مشن انجام دے سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پیر کو وزیر اعظم بننے والے اینڈی برنہم کو اس بحث سے آگاہ کیا گیا اور انہوں نے کئے گئے فیصلے سے اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق برنہم اس معاملے میں سابق حکومت کی پالیسی جاری رکھیں گے، اس کا مطلب ہے کہ موجودہ امریکی کارروائیوں کے دوران بعض برطانوی اڈے استعمال کئے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ اسٹارمر کی جانب سے کئے گئے فیصلے سیاسی طور پر مشکل ثابت ہوئے، کیونکہ انہیں برطانیہ کے بائیں بازو کے حلقوں کی جانب سے دباؤ کا سامنا تھا کہ وہ اڈوں کے استعمال کو روکیں جبکہ ٹرمپ کی جانب سے دباؤ تھا کہ برطانیہ جنگ میں اپنے کردار کو مزید وسعت دے۔ ٹرمپ کے ان بیانات نے بھی برطانوی حکام کو تشویش میں مبتلا کیا جن میں انہوںنے ایرانی شہری تنصیبات، جیسے پلوں اور بجلی گھروں، کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی تھیں۔ حکام کو ایسے حملوں کے قانونی اثرات پر خدشات ہیں۔
دوسری جانب برنہم کو بائیں بازو کی جماعت گرین پارٹی اور لبرل ڈیموکریٹس کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ دونوں جماعتیں ان اڈوں کے استعمال کی مخالفت کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے برطانیہ جنگی جرائم میں شریک بن سکتا ہے۔