ایم سی اے کے اشتراک سے پہلے مرحلہ میں ۴۸؍طالبات کو تجربہ کارکوچ ٹریننگ دے رہےہیں۔
افتتاحی تقریب میں پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی اور دیگر۔ تصویر:آئی این این
ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن( ایم سی اے) کے اشتراک سے انجمن اسلام نے لڑکوںکےساتھ پہلی مرتبہ لڑکیوںکو بھی کرکٹ کی کوچنگ دینےکا آغاز کیاہے۔ پہلے مرحلہ میںبیگم شریفہ کالسیکر ، سیف طیب جی اور الانا گرلزہائی اسکول کے ۴۸؍ طالبات کو تربیت دی جارہی ہے۔ انجمن اسلام (سی ایس ایم ٹی ) میں اس تعلق سے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں ایم سی اے کے اہم ذمہ داران ابھے ہڈپ ( اعزازی سیکریٹری ، ایم سی اے)، ارمان ملک( خزانچی، ایم سی اے)اورسورج سامنت( اپیکس کونسل ممبر اور ایچ او ڈی رجسٹریشن، ایم سی اے ) نے شرکت کی۔ممبئی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان حمیرا قاضی نے بھی اس موقع پر طالبات کی حوصلہ افزائی کی ۔ ان تجربہ کار شخصیات کی موجودگی نے طالبات کو حوصلہ بخشا۔
واضح رہےکہ انجمن اسلام کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی کی سرپرستی میں طالبات میں کھیل کود کوفروغ دینےکیلئے کرکٹ کی کوچنگ دینے کا نظم کیاگیاہےتاکہ لڑکیاں بھی کھیل کود میں حصہ لے کر اسپورٹس کےشعبہ میںبھی اپنی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پیشہ وارانہ سطح کی کرکٹ کی تربیت حاصل کرسکیں۔
ان طالبات کو بی سی سی آئی لیول ۲؍ وویمنس کوچ بھکتی تیمورے ، ایم سی اے کے کوچ وحیدیوسف شیخ اور سینئر کوچ قادر پٹیل کی رہنمائی میں کوچنگ دی جارہی ہے۔عابد خان کوچنگ سےمتعلق انتظامی امور کے نگراں ہیں۔
کرکٹ کوچنگ کے دوران بیگم شریفہ کالسیکر گرلز انگلش اسکول کے طالبات کی ٹیم نے حال ہی میںڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس ( ڈی ایس او) کے ٹورنامنٹ میںبھی پہلی بار حصہ لیا۔ پہلی بار سیزن گیند کے ساتھ کھیلنے کے باوجود لڑکیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔علاوہ ازیں دیگر کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی لڑکیوںنے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔