تربھے میں رہائش پزیر خان نغمہ الیاس کو ماحولیات کے عنوان پر تحریرکردہ مضمون کیلئے قومی سطح پراوّل انعام سے نوازاگیا۔ یہ مقابلہ ۱۸؍ زبانوں میں منعقد کیا جاتا ہے۔
EPAPER
Updated: June 19, 2025, 1:38 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
تربھے میں رہائش پزیر خان نغمہ الیاس کو ماحولیات کے عنوان پر تحریرکردہ مضمون کیلئے قومی سطح پراوّل انعام سے نوازاگیا۔ یہ مقابلہ ۱۸؍ زبانوں میں منعقد کیا جاتا ہے۔
ٹاٹا بلڈانڈیا اسکول کے قومی مضمون نویسی مقابلہ میں انجمن اسلام مصطفیٰ فقیہہ اُردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، تربھے کی ہونہار طالبہ خان نغمہ الیاس نے اُردو مضمون نویسی میں اوّل انعام حاصل کرکے انجمن اسلام اور ریاست کا نام روشن کیا۔ نغمہ خان کو دہلی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں ٹاٹا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے ہاتھوں سرٹیفکیٹ، گولڈ میڈل اور ۳۵ ؍ ہزار روپے کے وائوچر سے نوازا گیا۔ مقابلہ میں اوّل مقام حاصل کرنے والے ۴۱؍ طلبہ کو صدر جمہوریہ دروپدی مرموسے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوا۔
واضح رہےکہ ٹاٹا بلڈ انڈیا اسکول پروجیکٹ کے تحت گزشتہ ۱۶؍سال سے مضمون نویسی مقابلہ منعقدکیاجارہاہے جس میں ہر سال ۵۰۰؍ سے زیادہ شہر کے طلبہ حصہ لیتےہیں۔ مضمون نویسی کایہ قومی مقابلہ ۱۸؍زبانوں میں منعقد کیاجاتاہے۔
انجمن اسلام مصطفیٰ فقیہہ اُردوہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی طالبہ خان نغمہ الیاس نے ۲۵-۲۰۲۴ءمیں ’ ماحولیات‘ کےعنوان پر ہونے والے مضمون نویسی کے مقابلہ میں حصہ لیاتھا۔ اسکول، شہراور ریاست کی سطح پر اوّل مقام حاصل کرنےکےبعد نغمہ خان نےقومی سطح پربھی اوّل مقام حاصل کیا۔
اس ضمن میں دہلی میں تقسیم انعامات سے متعلق منعقدہونےوالی تقریب میں شرکت کیلئے ٹاٹا بلڈانڈیاگروپ کی جانب سے نغمہ خان اور ان کے والدین کو مدعو کیاگیاتھاجس کیلئے ہوائی جہاز کا ٹکٹ اور دہلی کےووانتادوار کافائیو اسٹار ہوٹل میں ۲؍ دن کیلئے قیام وطعام کاانتظام بھی ٹاٹا گروپ نے کیا تھا۔
اس کامیابی پر نغمہ نے انقلاب سے گفتگو کرتےہوئے کہاکہ ’’مذکورہ مقابلہ میں ضائع کردی جانے والی اشیاء کو استعمال کرکے اسے دوبارہ قابل استعمال بنانےکیلئے ۵؍تجاویز پیش کرنی تھیں ، میں نے اس موضوع پر اپنی صلاحیت کےمطابق تجاویز پیش کیں ۔ مضمون لکھنے سےمجھے یہ سیکھنے کو ملا کہ ہم اپنے ملک میں صاف صفائی کےپیغام کو کس طرح عام کرسکتےہیں۔ ضائع چیزوں کو دوبارہ کس طرح استعمال کرکے ہم اپنے ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھ سکتےہیں۔ ‘‘ نغمہ کے بقول ’’ میں ایک غریب خانوادہ سے تعلق رکھتی ہوں۔ میرے لئے ہوائی جہاز کاسفر اور فائیواسٹار ہوٹل میں قیام وطعام کا تصور خواب جیسا تھالیکن ٹاٹا گروپ اور انجمن اسلام نے اسے حقیقت میں بدل دیا، میں اپنے ادارہ کی پرنسپل اور اساتذہ کی بے حد مشکور ہوں ۔ ‘‘
ایک سوال کےجواب میں نغمہ نے کہاکہ ’’مجھے ۳۵؍ہزار روپے کاجووائوچر ملاہے، میں اس سے ایسی یادگار چیزیں خریدنا چاہوں گی جو مجھے ہمیشہ یہ یاد دلائےکہ میں نے مضمون نویسی مقابلہ میں حصہ لیاتھا، اس میں ملنے والی انعامی رقم سے یہ چیزیں حاصل کی ہیں۔ ‘‘
نغمہ کے والدین نے بیٹی کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر اداکیا اور کہا کہ انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی اور اسکول کی پرنسپل اُم سلمہ نقوی نے اس کامیابی میں کلیدی کردارادا کیا۔ واضح رہےکہ نغمہ خان نے اسی ادارہ سے حال ہی میں ایچ ایس سی امتحان پاس کیاہے۔