جامعہ معدن اکیڈمک کے تحت اس اجتماع میں منشیات کے استعمال کے خلاف لاکھوں فرزندان توحید کے حلف لینے کی تیاری۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ابراہیم خلیل البخاری ۔ تصویر:آئی این این
ملاپورم کی جامعہ معدن اکیڈمک کے تحت رمضان المبارک کی ۲۷؍ویں شب یعنی شب قدر کے موقع پر ۱۶؍ مارچ کوایک عظیم الشان روحانی اجتماع منعقد ہو نے جا رہا ہے جس میں منشیات کے استعمال کے خلاف لاکھوں فرزندان توحید حلف لیں گے۔ترواننت پورم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اس کااعلان کیا گیا۔اس تعلق سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ یہ اجتماع ملک کا سب سے بڑا روحانی اور دعائیہ اجتماع ہوگاجس میں لاکھوں فرزندان توحید شب بیداری کرتے ہیں جس میں اجتماعی افطار کے بعد پوری رات نماز تراویح، حلقہ ذکر ،جلسہ اعتکاف ،جلسہ یوم القرآن، اسماء الحسنیٰ اور صلوۃ التسبیح جاری رہتا ہے ۔یہ ماہانہ صلوۃ مجلس کی سالانہ ختم دعائیہ اجتماع کی سالگرہ ہے۔
پریس کانفرنس میںیہ اطلاع جامعہ کے روح رواں اور کیرالا مسلم جماعت کے سیکریٹری سیدخلیل البخاری نے دی۔ انہوں نے بتایاکہ کانفرنس کا افتتاح گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد کریں گے ۔اطلاع کے مطابق دعائیہ اجتماع کے پروگرام کا آغاز۱۴؍ مارچ کو صبح ۱۰؍ بجے ہوگا۔ اس افتتاحی تقریب کی صدارت سمستھا کے صدر ای سلیمان مسلیارکریں گے۔ اس موقع پر غیر ملکیوں کیلئے ایک خصوصی گلف کاؤنٹر اور دور دراز سے آنے والوں کیلئے سحری کی سہولیات کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ بہترانتظامات کیلئے پولیس، فائر فورس اور میڈیکل ونگز پر مشتمل ایک سو سے زائد ہیلپ لائن کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے۔