میونسپل انتظامیہ اس کھاد کو اپنے باغات میں استعمال کرے گا۔ورالا تالاب گھاٹ، کامت گھر گھاٹ، فیناپاڑا گھاٹ، ورلا مصنوعی تالاب اور تاڈالی گھاٹ پر ۳؍ ٹن ہار جمع کیا گیا
EPAPER
Updated: October 02, 2023, 11:50 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل انتظامیہ اس کھاد کو اپنے باغات میں استعمال کرے گا۔ورالا تالاب گھاٹ، کامت گھر گھاٹ، فیناپاڑا گھاٹ، ورلا مصنوعی تالاب اور تاڈالی گھاٹ پر ۳؍ ٹن ہار جمع کیا گیا
یہاں میونسپل انتظامیہ نے گنپتی وسرجن کے دوران جمع ہونے والے۱۰؍ٹن ہار پھول،مالا اورمورتیوں پر چڑھائی جانے والی دیگر اشیاء سے کھاد بنانے کااعلان کیا ہے۔اس کمپوسٹ کھاد کو وہ اپنے باغات میں استعمال کرے گا۔ اس اقدام سے تالاب کو بھی آلودہ نہیں ہوئے۔
یادرہے کہ میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بنائے گئے وسرجن گھاٹوں پر مورتیوں پر چڑھائے جانے والے ہار کو پانی میں پھینک کر اسے آلودہ کرنے کے بجائے کلش(بڑے بڑے گھڑے) میں ڈالنے کاانتظام کیا گیا تھا۔ کارپوریشن کی جانب سے گنیش بھکتوں سے درخواست کی گئی تھی کہ ڈیڑھ دن، پانچ دن،۷ ؍ دن اور ۱۰؍ دن کے گنپتی وسرجن کے دوران گھر میں جمع شدہ مالا اور دیگر اشیاء ندی میں پھینکنے کے بجائے کلش میں ڈال دیں۔
میونسپل کمشنر کی اپیل کاعقیدت مندوں پر مثبت اثر ہوا۔ سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی میونسپل کمشنر دیپک جھنجاڈ نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی اپیل کے بعد ورالا تالاب گھاٹ، کامت گھر گھاٹ، فیناپاڑا گھاٹ، ورلا مصنوعی تالاب اور تاڈالی گھاٹ پر ۳؍ ٹن ہار جمع کیا گیا۔ اسی طرح بھادوڑ گھاٹ پر ۲؍ٹن،نارپولی گھاٹ پر ۲؍ٹن،کا مواری ندی پر واقع تلک گھاٹ اور شیلار گھاٹ سے ۳؍ٹن ہار اکٹھا کیا گیا۔
دیپک جھنجاڈ نے بتایا کہ گنپتی وسرجن کے دوران جمع شدہ ۱۰؍ٹن ہار اور دیگر اشیاء سے ورا دیوی گارڈن، نارپولی تالاب، عارف گارڈن اور دنڈی گڑھ میں کمپوسٹ کھاد بنائی جائے گی۔ کمپوسٹ کھاد تیار ہونے کے بعد اسے میونسپل کارپوریشن کے باغات میں استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کارپوریشن کے اس اقدام سے تالاب آلودہ نہیں ہوئے۔ آئندہ اس اقدام سے میونسپل کارپوریشن کے درختوں اور پودوں کو بہترین کھاد بھی مل جائے گی۔