Inquilab Logo

ریزرویشن تحریک کیلئے یکم دسمبر کو جالنہ میں بڑے پیمانے پر ریلی کا اعلان

Updated: November 30, 2023, 9:38 AM IST | Jalna

آبائی ضلع میں مختلف موضوعات پر اظہار خیال کا وعدہ ، ریاستی وزیر اوراو بی سی لیڈر چھگن بھجبل پر سماج میں انتشار پیدا کرنے کا سنگین الزام

This is how Manoj Jarangay Patil was received in mira bhayandar
میرابھائندر میں منوج جرنگے پاٹل کا کچھ اس طرح استقبال کیاگیا

منوج جرنگے پاٹل نے ریزرویشن تحریک کی حمایت میں یکم دسمبر کو جالنہ میں بڑےپیمانے پر ریلی  نکالنے کا اعلان کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کا وعدہ کیا ۔ جرنگے نے ریاستی  وزیر اوراو بی سی لیڈر چھگن بھجبل  پر سماج میں  انتشار پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔  بدھ کو منوج جرنگے پاٹل نے جالنہ میں میڈیا سے خطاب کرتےہوئے کہا ،’’ مختلف سیاسی پارٹیاں مراٹھا ریزرویشن تحریک کو روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اسی کے پیش نظر میں یکم دسمبر کو اپنے آبائی ضلع جالنہ میں بڑے پیمانےپر ریلی کر وںگا اور اس دوران کئی مسائل پر بات چیت کروں گا۔ میںاس  ریلی میںمختلف موضوعات پر گفتگو کروں گا، کیونکہ ان دنوں بہت سے  افراد نے الگ الگ موضوعات  پر بات چیت کی ہے۔ ‘‘
 منوج جرنگے پاٹل نے ریزرویشن سے متعلق حالیہ تحریک کے دوران مراٹھا سماج کے کچھ افراد کی گرفتاری کیخلاف  ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’’جب حکومت نے کہا تھا کہ تحریک کے دوران درج معاملے ختم کئے جائیں گے تو پھر مراٹھا تحریک کیلئے سڑک پرا ترنے والے جن افرادگرفتار کیاگیا تھا ، انہیں اب تک رہا کیوں نہیں کیا گیا؟‘‘ جرنگے نے حکومت سے سوال کیا،’’ بھجبل سماج میں  بدامنی  پیدا کر رہے ہیں۔  وہ عظیم شخصیات کی ذاتوں پر بات چیت کر رہے ہیں، مختلف برادریوں کے درمیان دوری پیدا کر رہے  ہیں۔ ہم امن کی اپیل کر رہے ہیں جبکہ ان کے لوگ  ہاتھ پیرتوڑنے کی بات کر رہے ہیں۔ کیا  ریاستی حکومت کی  یہی پالیسی ہے؟ ‘‘
  انہوںنے کہا، ’’بھجبل پر ریاستی حکومت کا جو بھی موقف ہو، اس  کی ہمیں کوئی پروا نہیں ہے ، مراٹھا اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انہیں او بی سی سماج کے تحت ریزرویشن ملے کیونکہ ہمارے  مطالبات  کے جوازموجود  ہیں ۔ ‘‘یاد رہےکہ گزشتہ دنوںسے  جرنگے اور بھجبل کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے کیونکہ این سی پی لیڈر  مراٹھوں کو کنبی  قرار دے کر انہیں او بی سی کے زمرے میں شامل کرنے کے جرنگے کے مطالبے کی مخالفت کر رہے ہیں۔جرنگے کا مطالبہ ہے کہ مراٹھا سماج کے افراد کو کنبی (او بی سی) ذات کا سرٹیفکیٹ دیا جائے۔  اس سلسلے میں انہوں نے ریاستی حکومت کیلئے سرکاری ملازمتوں اور تعلیم میں ریزرویشن  سے متعلق  اپنا دیرینہ  مطالبہ پورا کرنے کیلئے ۲۴؍دسمبر تک مہلت دی ہے ۔منوج جرنگے نے یہ بھی کہا ،’’ ماضی میں مختلف سیاسی پارٹیوں نے مہاراشٹر پر حکومت کی ہے لیکن ان میں سے کسی نے بھی مراٹھا سماج کو ریزرویشن نہیں دیا جس کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے۔  یہ جماعتیں ان حالات کی ذمہ دار ہیں۔ اب  عوام کو اس لڑائی کی قیادت کرنی چاہئےجو  وقت کی ضرورت ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK