ممبرا میں جلوسِ غوثیہ کے تعلق سے علماء ، ائمہ اور دانشوروں کی اہم میٹنگ۔ ممبرا کے سینئر انسپکٹر نے بھی شرکت کی۔
EPAPER
Updated: September 21, 2026, 1:53 PM IST | Inquilab News Network | Mumbra
ممبرا میں جلوسِ غوثیہ کے تعلق سے علماء ، ائمہ اور دانشوروں کی اہم میٹنگ۔ ممبرا کے سینئر انسپکٹر نے بھی شرکت کی۔
حالات کے پیش نظر اور امن و امان کے استحکام کیلئے آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء نے جلوس غوثیہ ۲۷؍ستمبر بروز اتوار نکالنے کا اعلان کیا گیا۔ اس تعلق سے ممبرا دارالعلوم غریب نواز میں سنیچر بعد نماز مغرب علماء، ائمہ ، دانشوروں کی مشاورتی میٹنگ منعقد کی گئی ۔
میٹنگ کی صدارت مولانا سید معین الدین اشرف اشرفی جیلانی ( سجادہ نشین آستانۂ عالیہ درگاہِ کچھوچھہ مقدسہ و صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء )نے کی۔ انہوں نے کہا کہ سماج اور معاشرہ سے برائیوں کے خاتمہ کیلئے غوث پاک کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ نے علماء کرام کو مخاطب کرتے ہوئے اصلاحِ معاشرہ اور سماجی خرابیوں کے خاتمے کے لئے عملی کوششوں پر زور دیا۔
معین میاں نے کہا کہ اس موقع پر دینی و اصلاحی سرگرمیوں کے ساتھ فلاحی اور امدادی کاموں کو بھی ترجیح دی جائے۔ آج معاشرے میں ایسے بہت سے افراد موجود ہیں جو غربت اور بے بسی کے باعث علاج معالجہ تک کیلئے پریشان ہیں، لہٰذا علماء اور دینی تنظیموں کو خدمتِ خلق اور ضرورت مندوں کی امداد کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا چاہئے۔ جلوسِ غوثیہ محبت ِ غوثِ اعظم کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے۔ اس محبت کا تقاضا یہ ہے کہ جلوس ادب، شریعت، اخلاق، امن، صفائی اور نظم و ضبط کے ساتھ نکالا جائے۔ ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ جلوس میں کسی کو تکلیف نہیں دیں گے، راستہ بلا ضرورت نہیں روکیں گے، قانون کی پابندی کریں گے، بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھیں گے، صفائی کا اہتمام کریں گے اور محبت و اخوت کا پیغام عام کریں گے۔
مفتی توکیل احمد شمسی ( صدر شعبۂ دارالافتاء، دارالعلوم اشرفیہ غریب نواز) نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور جلوسِ غوثیہ کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے علماء اور ذمہ داران کی توجہ مبذول کرائی۔
مولانا ابراہیم آسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جلوسِ غوثیہ کے اہتمام کا بنیادی مقصد حضور غوثِ اعظم کی شخصیت کا تعارف، آپ سے اظہارِ محبت اور آپ کی تعلیمات کو عام کرنے کا پیغام دینا ہے۔ مولانا نے علماء کرام سے اپیل کی کہ مساجد اور اپنے خطابات میں حضرت غوثِ پاک کی سیرت و تعلیمات کو نمایاں طور پر بیان کریں۔
یہ بھی پڑھئے:ایس آئی آر: تاریخ ِ پیدائش کے مطابق ثبوت پیش کرنے ہوں گے
قاری عطاء اللہ قادری (خطیب و امام سنی جامع مسجد) نے موجودہ حالات کے پیشِ نظر ۲۷؍ستمبر کو جلوسِ غوثیہ کے انعقاد کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اس کی حمایت کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ حضور معین ملت نے بروقت درست اور ذمہ دارانہ فیصلہ کیا ۔
اس میٹنگ میں ممبرا کے سینئر انسپکٹر نے بھی شرکت کی اور کہا کہ جلوس غوثیہ کے انتظامی امور میں مقامی پولیس، ٹریفک پولیس ہر طرح کا تعاون کر نے کے لئے تیار ہے ۔
میٹنگ میں موجود علماء اور ذمہ داران نے جلوس کو منظم، باوقار اور اصلاحی پیغام کا موثر ذریعہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس اہم مشاورتی میٹنگ میں مولانا الطاف حسین۔ مولانا عبدالرحیم ، مولانا نسیم، مولانا محفوظ الرحمٰن، ڈاکٹر اسلم اور عبدالغفار سپاری والا وغیرہ نے شرکت کی۔
واضح ہوکہ گنپتی وسرجن کے سبب جلوس غوثیہ کی تاریخ آگے بڑھادی گئی ہے۔