Inquilab Logo

مالونی:مہاڈا گراؤنڈ پرشادی کےمنڈپ لگانے پرایک بار پھر پابندی

Updated: January 23, 2023, 11:47 AM IST | Kazim Shaikh | Malwani

: یہاں مالونی بیسٹ بس ڈپو کے قریب مہاڈا گراؤنڈ میں ایک بار پھر شادی منڈپ لگا نے کی کوشش کی گئی مگر انتظامیہ کی شکایت پر پولیس نے اس پرپابندی لگا دی۔

Photo: INN
تصویر:آئی این این

یہاں مالونی  بیسٹ بس ڈپو کے قریب مہاڈا گراؤنڈ میں  ایک بار پھر شادی  منڈپ لگا نے کی کوشش کی گئی مگر انتظامیہ کی شکایت پر پولیس نے اس پرپابندی لگا دی۔  اب ایک بار پھر  دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسی گراؤنڈ کے قریب ایک دوسرے گراؤنڈ میںمنڈپ بناکر  شادیوں کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ مالونی کے مہاڈا گراؤنڈ کے علاوہ دیگر مہاڈا گراؤنڈ میں شادیو ں کی منڈپ لگائے جاتے تھے اور ایک ایک دن میں کئی کئی شادیاں ہوتی تھیں لیکن اس کے خلاف متعدد شکایتوں کے بعد مہاڈا  کے متعلقہ افسران کی شکایت پر اس گراؤنڈ میں ۱۹؍ جنوری سے شادی منڈپ لگانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے بعد سے جن کے گھروں میں مہاڈا گراؤنڈ میں شادیوں کی تاریخ طے کی گئی ہے، وہ شادی ہال کیلئے در بدر  بھٹکنے پر مجبور ہیں  ۔ 
  سنیچر کو  نمائندہ ٔ انقلاب کو معلوم ہوا کہ بیسٹ بس ڈپو کے قریب مہاڈا گراؤنڈ میں  ایک بار پھر منڈپ لگانے کا کام شروع ہوگیا ہے اور اس کی اجازت مل گئی ہے تو  انقلاب نے منڈپ ڈیکوریٹر وسیم شیخ سے تفصیلی بات چیت کی تو انھوں نے بتایا کہ مہاڈا گراؤنڈ کے قریب ایک اور خالی گراؤنڈ میں مٹی وغیرہ ڈال کر چھوڑدیا گیا تھا ۔ اسی مٹی کو گراؤنڈ میں پھیلاکر شادی منڈپ کیلئے  زمین ہموار کی جارہی ہے  ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس گراؤنڈ میں بھی انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ طور پر کوئی اجازت نہیں دی گئی ہے لیکن مقامی لیڈروں پشت پناہی سے گراؤنڈ کی زمین کو ہموار کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ 
 اس سلسلے میں نادر منڈپ کے بیٹے سلمان سے بات چیت کی گئی توانھوں نے بتایا کہ سنیچر کو ایک بار پھر مہاڈا گراؤنڈ میں شادی منڈپ لگانے کا کام شروع کردیا گیا تھا لیکن ایسا  بتایا  جارہا ہے کہ مہاڈا  کے ایک انجینئر کی شکایت پر پولیس اہلکاروں نے  پھر مہاڈا گراؤنڈ میں شادی منڈپ لگانے سے روک دیا   ہے۔  البتہ گراؤنڈ میں جو بامبو وغیرہ ؎ لگائے تھے ، وہ اسی طرح لگے ہوئے ہیں ۔ 
 ا س ضمن میں  مالونی پولیس اسٹیشن کے ایک پولیس انسپکٹر نے کہا کہ مہاڈا کے ذریعہ ملنے والی شکایت کے بعدمہاڈا  گراؤنڈ میں شادی منڈپ لگانے  سے    روک دیا گیا ہے۔ انھوں  نےمزید کہا کہ اس پابندی سےشادی کیلئے گراؤنڈ بک کرنے والے افراد کافی پریشان ہیں ۔ 
 مہاڈا کے متعلقہ افسران سے کوششوں کے باوجود رابطہ نہیں ہوسکا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK