Inquilab Logo

پی ایف آئی کیخلاف پھر کریک ڈاؤن، ۸؍ ریاستوں میں  ۱۷۰؍ گرفتار

Updated: September 28, 2022, 9:58 AM IST | new Delhi

مزید گرفتاریوں کا اندیشہ ۔ مہاراشٹر، اُتر پردیش، کرناٹک، گجرات، دہلی، آسام اور مدھیہ پردیش میں دھر پکڑکو جمعرات کو پکڑے گئے ۱۰۶؍ افراد سے تفتیش کا نتیجہ بتایاگیا۔کارروائی سےمسلمانوں میں شدید بے چینی

A PFI worker is being taken to court in Guwahati. 25 people were arrested in Assam. (Photo: PTI)
گوہاٹی میں پی ایف آئی کے ایک کارکن کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے لے جایا جارہاہے۔ آسام میں  ۲۵؍ افراد کو گرفتار کیاگیا۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

پاپولر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی)  کے خلاف منگل کو پھر ملک گیر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تفتیشی ایجنسیوں   نے ۱۷۰؍ سے زائد افراد کو  حراست میں لیا۔ یاد رہے کہ ابھی ۵؍ روز قبل ہی جمعرات کو اسی طرح کی کارروائی میں ملک کی ۱۵؍ ریاستوں سے ۱۰۶؍ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ 
 منگل کی کارروائی سے متعلق ابتدائی رپورٹوں  کے مطابق مہاراشٹر، اتر پردیش، کرناٹک، گجرات،  دہلی، آسام اور مدھیہ پردیش  سمیت ۸؍ ریاستوں  میں  ۱۷۰؍ سے زائد افرا دکو یا تو گرفتار کیاگیاہے یا پھر انہیں تحویل میں لیاگیاہے۔
 منگل کی کارروائی پوچھ تاچھ کا نتیجہ!
 منگل کی اس کارروائی   کو تفتیش کاروں نے جمعرات کو گرفتار کئے گئے پی ایف آئی کے کارکنوں سے ہونےو الی پوچھ تاچھ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ بتایا جارہاہے کہ تفتیش کاروں  نے ملزمین کے فون پہلے ضبط کرلئے ہیں اوران کی جانچ  کرکے ان لوگوں کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا جا رہا ہے  جن سے مذکورہ افراد رابطے میں تھے۔ بہرحال منگل کو گرفتار کئے گئے افراد میں سے بہت سوں کو شام ہوتے ہوتے رہا بھی کردیا۔ کچھ لوگوں کو ماحول خراب کرنے اور فرقہ وارانہ  منافرت پھیلانے کا الزام عائد کرکے کورٹ میں پیش کیاگیا جہاں سے انہیں  ضمانت پر  رہائی مل گئی۔ 
یوپی میں سب سے زیادہ گرفتاریاں
   ۷؍ سے زائد ریاستوں میں این آئی اے اور مقامی پولیس کی اس کارروائی  کے دوران سب سے زیادہ گرفتاریاں اتر پردیش میں  ہوئیں  جہاں  ۲۶؍  اضلاع  میں ۵۷؍ افراد کو حراست میں لیاگیاہے۔ اتر پردیش میں یہ کارروائی اے ٹی ایس اور اسپیشل ٹاسک فورس نے انجام دی۔دوسرے نمبر پر بی جےپی کے  ہی اقتدار والی ریاست کرناٹک ہے جہاں  ۴۵؍ افراد کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ بسوراج بومئی نے  ریاست میں پی ایف آئی کے خلاف چھاپوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ آپریشن ہماری پولیس نے حفظ ماتقدم کے تحت کیا ہے۔‘‘
 مہاراشٹر میں کئی اضلاع میں کارروائی
  مہاراشٹر میں تھانے، اورنگ آباد، ناندیڑ، پربھنی، مالیگاؤں،  جالنہ، پربھنی  اور امراوتی  میں  کارروائی کی گئی ہے۔اس دوران  ۲۷؍ افراد کو حراست میں لیاگیا ہے۔ (تفصیل صفحہ ۳؍ اور۴؍ پر پڑھیں۔)  اسی طرح آسام میں  ۲۵؍افراد کو  حراست میں   لیاگیاہے۔ مدھیہ پردیش میں  اے ٹی ایس نے  پی ایف آئی  سے وابستگی کی پاداش میں  ۲۱؍ افراد کو اپنی تحویل میں لیا ہے۔گجرات میں  بھی این آئی اے نے مقامی انسداد دہشت گردی عملہ (اے ٹی ایس ) کے ساتھ مل کر کارروائی کی اور ۱۵؍ افراد کو حراست میں لیا۔  دہلی میں ۳۰؍ سے زائد افراد کو تحویل میں لیاگیاہے۔ 

 

 

PFI Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK