تمام۲۴؍ وارڈوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کو حفظان صحت اور صفائی کے تعلق سے بیداری مہم چلانے اور سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ضروریات کے مطابق مائیکرو لیول پلان تیار کرنے کی ہدایت دی
EPAPER
Updated: June 12, 2025, 11:06 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
تمام۲۴؍ وارڈوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کو حفظان صحت اور صفائی کے تعلق سے بیداری مہم چلانے اور سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ضروریات کے مطابق مائیکرو لیول پلان تیار کرنے کی ہدایت دی
شہر میں مانسون کے پیش نظر بیماریوں کے بڑھتے خطرات، حفظان صحت اور شہر کو گندگی سے پاک رکھنے کے مقصد سے بی ایم سی نے صفائی مہم کے تحت ایک اور قدم اٹھایا ہے۔شہری انتظامیہ نے اس سلسلہ میں تمام۲۴؍وارڈوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کو عوام میں صفائی اور موسم باراں میں مختلف بیماریوں سے محفوظ رہنے کے تعلق سے بیداری مہم کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ساتھ ہی سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ضروریات کے مطابق ایک ٹھوس منصوبہ تیار کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
حفظان صحت اور گندگی سے پاک رکھنے کے مقصد سے منگل کو ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی نے ایف ساؤتھ وارڈ آفس میں منعقدہ میٹنگ کے دوران شہرکےتمام انتظامی محکموںکی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس میٹنگ میں زون۱؍ اور زون۲؍کے ڈپٹی کمشنرس، سنگیتا ہسنالے اور پرشانت سپکالے کےساتھ ڈپٹی کمشنر (سالیڈ ویسٹ ڈپارٹمنٹ) کرن دیگھاؤکر اورتمام ۲۴؍ وارڈوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کے علاوہ سالیڈ ویسٹ ڈپارٹمنٹس کے افسران اور صفائی عملہ نے بھی شرکت کی تھی۔
میٹنگ کے دوران ایڈیشن میونسپل کمشنر اشونی جوشی نے جہاں موسم باراں میں شہریوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور شہر کو گندگی سے پاک رکھنے کے لئے تمام وارڈ کے افسران کو سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک مائیکرو لیول منصوبہ تیار کرنے اور کمشنر کے روبرو پیش کرنے کا فرمان جاری کیا وہیں بارش کے سبب ہونے والی گندگی ، کوڑا کرکٹ کا معائنہ کرنے اور صفائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ڈاکٹر جوشی نے اس بات پر زور دیا کہ اگر صفائی مہم کے دوران بڑے پیمانے پر فضلہ اکٹھا کیا جا رہا ہے تو کچرے کو جمع کرنے اور اسے ٹھکانے لگانے کے سلسلہ کو برقرار رکھا جانا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو گندگی سے پاک رکھنے اور شہریوں کو موسم باراں کے دوران ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے سابقہ بیداری مہم کے تجربات کی روشنی میں اس سلسلہ کو دوبارہ شروع کیا جائے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حفظان صحت اور صفائی کے بارے میں عوامی بیداری کو فروغ دینا بھی اتنا ہی اہم ہےجتناایک ڈاکٹر کا کسی مریض کو بیماری سے پاک کرنے اور اسے صحت یاب کرنا ضروری ہوتا ہے۔
میٹنگ میں ایڈیشنل میونسپل کمشنرنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ باقاعدگی سے اپنے فرائض کو انجام دے ساتھ ہی اس بات سے بھی متنبہ کیا ہے کہ صفائی عملہ کا کوئی بھی ملازم اگر ۴۵؍ دن تک بنا کسی وجہ سے غیر حاضر رہتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوںنے تمام افسران کو بھی اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھانے کا حکم دیا ہے ۔