امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ہوائی جزائر کیلئے سونامی وارننگ پوسٹ کی اور الاسکا اور بحر الکاہل سے متصل امریکی ساحلی علاقوں کیلئے الرٹ کی تصدیق کی۔ انہوں نے لکھا، ”مضبوط اور محفوظ رہیں!“
EPAPER
Updated: July 30, 2025, 4:09 PM IST | Moscow/Tokyo/Washington
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ہوائی جزائر کیلئے سونامی وارننگ پوسٹ کی اور الاسکا اور بحر الکاہل سے متصل امریکی ساحلی علاقوں کیلئے الرٹ کی تصدیق کی۔ انہوں نے لکھا، ”مضبوط اور محفوظ رہیں!“
بدھ کو روس کے دور دراز کامچٹکا جزیرہ نما کے ساحل پر ۷ء۸؍ شدت کا زبردست زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس نے ساحلی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ مقامی وقت کے مطابق، صبح سویرے آنے والے اس زلزلے نے روس کے کوریل جزائر اور جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں حکام تباہ کن لہروں کے خوف سے رہائشیوں کو اونچی جگہوں پر منتقل کرنے کیلئے دوڑ پڑے۔ اس زلزلے کی وجہ سے جس کے بعد شمالی بحر الکاہل میں بھی ہلچل ریکارڈ کی جارہی ہے جس کے بعد جاپان، امریکہ اور بحرالکاہل خطہ کے متعدد ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی (جے ایم اے) کے مطابق، پہلی سونامی کی لہر، جس کی اونچائی تقریباً ۳۰ سینٹی میٹر (ایک فٹ) تھی، زلزلے کے ایک گھنٹے کے اندر ہوکائیڈو کے مشرقی ساحل پر واقع نیمورو سے ٹکرائی۔ روس کے علاقے سیورو-کوریلسک میں، جو کوریل جزائر کی اہم بستی ہے، حکام نے اسی طرح کی لہروں کی تصدیق کی اور بتایا کہ زلزلے کے فوراً بعد ایمرجنسی سائرن بجائے گئے تھے۔ روس کے سخالن علاقے کے گورنر ویلری لیمارنکو، جو جزائر کی نگرانی کرتے ہیں، نے بتایا کہ ”تمام رہائشیوں کو اونچی جگہوں پر منتقل کر دیا گیا ہے اور جب تک خطرہ ٹل نہیں جاتا، وہ وہیں رہیں گے۔“
یہ بھی پڑھئے: ۵۴؍ مراکشی بچے سمندر میں تیر کر اسپین پہنچ گئے!، پناہ کے متلاشی
زلزلہ پیما ماہرین نے اس واقعے کو ایک ”بڑا ٹیکٹونک خلل“ قرار دیا ہے جو کئی گھنٹوں تک متعدد آفٹر شاکس اور اضافی سونامی لہریں پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روسی اکیڈمی آف سائنسز کی جیو فزیکل سروس کی کامچٹکا برانچ نے کہا کہ ۱۹۵۲ء کے بعد سے یہ خطے میں سب سے طاقتور زلزلہ تھا، جب اسی فالٹ لائن پر ۰ء۹ شدت کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا۔
جاپان اور بحرالکاہل میں انخلاء
جاپان نے ہوکائیڈو اور شمالی ہونشو کی ۱۳۳ میونسپلٹیوں میں ۹ لاکھ سے زیادہ رہائشیوں کیلئے انخلاء کی ایڈوائزری جاری کی۔ ان علاقوں میں ایمرجنسی پناہ گاہیں کھول دی گئیں ہیں اور ساحل کے کچھ حصوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کو معطل کردیا گیا۔ جاپان کی فائر اینڈ ڈزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ”اب تک کسی کے زخمی ہونے یا عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، لیکن صورتحال اب بھی غیر مستحکم ہے۔“
فلپائن میں، انسٹی ٹیوٹ آف وولکناولوجی اینڈ سیسمولوجی نے ساحلی صوبوں کو ایک میٹر (۲ء۳ فٹ) سے کم لہروں سے خبردار کیا اور رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ کئی گھنٹوں تک ساحل کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔ انڈونیشیا نے بھی سولاویسی اور پاپوا کے کچھ حصوں کیلئے اعلیٰ سطح کا الرٹ جاری کیا۔
یہ بھی پڑھئے: اسد حکومت کے زوال کے بعد۲۲؍ لاکھ سے زائد شامی وطن واپس آ چکے ہیں: اقوام متحدہ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ہوائی جزائر کیلئے سونامی وارننگ پوسٹ کی اور الاسکا اور بحر الکاہل سے متصل امریکی ساحلی علاقوں کیلئے الرٹ کی تصدیق کی۔ انہوں نے لکھا، ”مضبوط اور محفوظ رہیں!“ ہوائی کے حکام نے تجارتی جہازوں کو بندرگاہیں چھوڑنے کا حکم دیا اور آنے والے جہازوں کو روک دیا ہے۔
متعدد پروازیں منسوخ، روٹ تبدیل
سونامی الرٹس نے فضائی سفر میں نمایاں خلل ڈالا ہے۔ ہوائی جانے اور وہاں سے آنے والی درجنوں پروازیں منسوخ یا موڑ دی گئیں۔ ہوائین ایئرلائنز اور ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز نے ہیلو، لیہو، ماوئی کاہولوئی اور کونا سے پروازیں معطل کر دیں۔ ڈیلٹا اور امریکن ایئرلائنز نے لاس اینجلس سے ہونولولو کیلئے متعدد پروازیں منسوخ کر دیں۔ ہوائین ایئرلائنز نے مشورہ دیا کہ ”مسافروں کو ہوائی اڈے پر جانے سے پہلے اپنی پرواز کی صورتحال چیک کرنی چاہئے۔“
عالمی سطح پر سونامی الرٹس
امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کا مرکز کامچٹکا کے ساحل سے تقریباً ۸۵ میل دور ۱۲ میل کی گہرائی میں بتایا۔ پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے کہا کہ ہوائی، الاسکا، جاپان، تائیوان، گوم، ٹونگا، برٹش کولمبیا، میکسیکو، پیرو اور ایکویڈور کیلئے الرٹس جاری کئے گئے ہیں۔ لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے کہا کہ ”شہر کے ساحلی علاقوں کیلئے ہنگامی تیاریاں کرلی گئی ہیں، حتیٰ کہ پیش گوئی میں چھوٹی لہریں دکھانے کے باوجود، ہم اسے انتہائی احتیاط سے لے رہے ہیں۔“
سائنسدان آئندہ دنوں میں ۵ء۷ شدت تک کے ممکنہ آفٹر شاکس کی وارننگ دے رہے ہیں۔ بحرالکاہل کے حکام نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ جب تک تمام خطرہ ٹل نہ جائے، ساحلی پٹیوں سے دور رہیں۔ پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے کہا کہ ”یہ ایک نادر، اعلیٰ شدت کا واقعہ ہے جو ایک ساتھ کئی اقوام کو متاثر کر رہا ہے۔ اگلے ۲۴ گھنٹوں میں تیاری اور احتیاط انتہائی اہم ہیں۔“