Inquilab Logo

کورونا کے سبب ہوئے نقصان کے ازالے میں برسوں لگ جائیں گے

Updated: December 05, 2020, 1:35 PM IST | Agency | Washington

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مطابق صرف ویکسین حاصل کر لینے سے کورونا کا بحران ختم نہیں ہو جائے گا

António Guterres.Picture :INN
انتونیو غطریس ۔ تصویر:آئی این این

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو غطریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والا نقصان صرف ویکسین کے آنے سے ختم نہیں ہو گا بلکہ اس میں کئی برس یا شاید دہائی  لگ جائے۔جمعرات کو کرونا وائرس پر عالمی ردِ عمل کا جائزہ لینے کیلئے منعقد کئے گئے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو غطریس نے کہا کہ عالمی وبا سے پیدا ہونے والا نقصان بہت بڑا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جنرل اسمبلی کی دو روزہ ویڈیو سمٹ سے ۸۰؍ کے قریب ممالک کے سربراہ خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ سائنس داں، ماہرین، اقوامِ متحدہ کی متعدد ایجنسیوں کے سربراہ اور عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل بھی خطاب کریں گے۔ اقوامِ متحدہ نے جمعرات کو ایک رپورٹ بھی جاری کی ہے جس کے مطابق رواں برس کورونا وائرس سے اب تک ۳؍ کروڑ ۲۰؍ لاکھ سے زائد افراد شدید غربت کی جانب چلے گئے ہیں جبکہ اس کے ردِ عمل میں اقوام متحدہ نے لاکھوں لوگوں تک امداد پہنچائی ہے۔ انتونیو غطریس  نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دنیا بھر کی پیداوار کے ۱۰؍ فی صد پر مبنی امدادی  فنڈ مقرر کیا جائے جس سے متاثرہ ملکوں کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث قرضوں کے بوجھ تلے ملکوں کو بھی ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔کورونا وائرس کی پہلی منظور شدہ ویکسین کی ترسیل بھی آئندہ ماہ متوقع ہے۔ اقوامِ متحدہ کے چیف نے تمام ملکوں میں ویکسین کی منصفانہ ترسیل پر بھی زور دیا ہے۔ برطانیہ نے حال ہی میں امریکی دوا ساز کمپنی `فائزر اور جرمن کمپنی `بائیو این ٹیک کے اشتراک سے بننے والی ویکسین کی منظوری دی تھی۔ یہ ویکسین اگلے دو ہفتوں میں لگائی جائے گی جس کیلئے برطانیہ میں کام شروع کر دیا گیا ہے۔ رواں برس اپریل میں عالمی ادارۂ صحت کی جانب ویکسین کے ٹیسٹ، علاج اور ویکسین کی منصفانہ ترسیل کیلئے کوویکس کے نام سے نیا ادارہ بنانے کا کام شروع کیا گیا تھا۔اقوامِ متحدہ کے چیف کے مطابق اس منصوبے کو فوری طور پر ۲۸؍ ارب ڈالر کی کمی کا سامنا ہے جس میں اگلے دو ماہ  میں ۴ء۳؍ ارب ڈالر فوری درکار ہوں گے۔ واضح رہے کہ انتونیو غطریس اس سے قبل بھی غریب ممالک کی امداد کیلئے عالمی برادری سے ۳۵؍ بلین ڈالر کی اپیل کر چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK