Inquilab Logo

بلنکن پھر اسرائیل کے دورے پر،غزہ میں شہریوں کے تحفظ پر زور

Updated: December 01, 2023, 12:11 PM IST | Agency | Ramallah

۷؍اکتوبر کے بعد تیسری مرتبہ دورہ کیا اورجنگ بندی کو کار آمد قرار دیتے ہوئے جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔

Antony Blanken can be seen meeting Mahmoud Abbas. Photo: INN
انٹونی بلنکن کو محمود عباس سے ملاقات کے دوران دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

امریکی محکمہ خارجہ نے جمعرات کوکہا ہےکہ سیکرٹری انٹونی بلنکن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پر زور دیا ہے کہ اگر لڑائی دوبارہ شروع ہوتی ہےتو جنوبی غزہ میں شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا کہ بلنکن نےنیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کےدوران اس بات پر زور دیا کہ جنوبی غزہ پٹی میں کسی بھی فوجی کارروائی سے قبل انسانی ضروریات اور شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھا جائے۔
ملر نےمزید کہا کہ بلنکن نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ شہریوں کو نقصان پہنچانے سے بچنے کیلئےتمام ممکنہ اقدامات کرے۔انہوں نے مغربی کنارے میں کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ساتھ ہی اسرائیل کو مغربی کنارےمیں تشدد کے لیے انتہا پسند آباد کاروں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
محمود عباس سے ملاقات
 اسرائیل کے دورےکےبعد امریکی وزیر خارجہ راملہ پہنچےجہاں انہوں نے فلسطینی اتھاریٹی کے سربراہ محمود عباس سے ملاقات کی۔خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے تصدیق کی۔ بلنکن یروشلم میں اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے فوراً بعد ایک بکتر بندگاڑی کے ذریعے فلسطینی اتھاریٹی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے۔
 امریکی وزیر خارجہ نےجمعرات کی صبح کہا تھا کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی قیدیوں کی رہائی اور انسانی امداد کے داخلے کی روشنی میں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی جاری رہے گی۔انہوں نےتل ابیب میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ’’جنگ بندی کا عمل ثمر آور اور اہم ہے۔ہمیں امید ہے کہ یہ جاری رہے گا۔‘‘
 رائیٹرز کی رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ ’’امریکہ اپنے دفاع کے حق میں اسرائیل کی بھرپور حمایت کرتاہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ۷؍اکتوبر کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں ۔‘‘ ان کا اشارہ ۷؍اکتوبر کی طرف تھا جب حماس کی طرف سے جنوبی اسرائیل پر حملہ کردیا تھا۔
غزہ میں جنگ بندی کامیاب ثابت ہوئی
 بلنکن نےجمعرات کو کہا کہ غزہ میں جنگ بندی قیدیوں کو آزاد کرنےاور غزہ پٹی تک انسانی امداد پہنچانےمیں کامیاب ثابت ہوئی ہے اور امریکہ کو امید ہے کہ یہ جاری رہے گی۔بلنکن نے’ایکس‘پلیٹ فارم پر لکھا کہ ’’مجھے غزہ میں آزاد کیے گئے یرغمالیوں میں ایک اور امریکی کی موجودگی دیکھ کر خوشی ہوئی۔ لڑائی کا خاتمہ یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK