Inquilab Logo

انٹاپ ہل :شیخ مصری درگاہ کے قریب ’واچنالیہ‘ بنا کر فٹ پاتھ پر قبضہ کرنے کی کوشش

Updated: May 19, 2023, 9:35 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

ہل ویو بلڈنگ اور نورا بازار سے متصل فٹ پاتھ پر چلنا پھرنا مشکل۔سیاسی پارٹی کی جانب سے بنائے گئے واچنالیہ کے خلاف بلڈنگ کے مکینوں میں شدید ناراضگی ۔ اسے نہ ہٹانے پر جلد ہی بی ایم سی اور مہاڈا کے خلاف شدید احتجاج کا انتباہ

In front of the Hillview Building, footpath prachanalia and hawkers can be seen.
ہل ویو بلڈنگ کے سامنے فٹ پاتھ پرواچنالیہ اورہاکرس کو دیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

یہاں شیخ مصری درگاہ کےقریب فٹ پاتھ پرحالیہ دنوںایک سیاسی پارٹی کی جانب سے واچنالیہ بنانے کے بہانے اس پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے۔حالاں کہ بلڈنگ کی سوسائٹی کی جانب سے مہاڈا اور بی ایم سی آفس میں تحریری  شکایتیں کی گئی ہیں ۔ مکینوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر چند روز کے اندر  واچنالیہ اور فٹ پاتھ پر رکھی گئی دیگر  چیزیں   ہٹائی نہیں گئیں تو  مہاڈا اور بی ایم سی کے خلاف  مورچہ نکالا جائے گا ۔
  انٹاپ ہل کی شیخ مصری درگاہ کے پیچھے مہاڈا کی ۷؍ منزلہ عمارت ہل ویو بلڈنگ کے سامنے روزانہ صبح ۸؍بجے سے دوپہر تقریباً ۳؍بجے تک بازار لگتا ہے ۔ اس وجہ سے بلڈنگ  کے مکینوں کو شور شرابہ کے علاوہ   تمام جگہوں پردکانیں لگنے سے آس پاس میںخاص طورپر معمر خواتین ، حاملہ  ، مریضہ اور طلباء وطالبات کو اسکول آنے جانے  میںدقتوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ اسی طرح ایمبولنس اور دوسری ضرورت کیلئے تمام گاڑیوں  کے راستے مکمل طور پر بند ہوجاتے ہیں ۔ تقریباً ۷؍ماہ سے بلڈنگ سے ملحق فٹ پاتھ پر پہلے ایک سیاسی پارٹی کی جانب سے ۱۰؍ بائی۳۰؍ فٹ کا واچنالیہ بناکرلوہے کے کھمبوںاور اس پر سیمنٹ شیٹ لگادی گئی ہے ۔اسی کو دیکھ کر دیگر پارٹیوں کی جانب سے اس کے آس   دوسرے جھنڈے لگاکر فٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ کچھ مقامی افراد بھی وہاں پر اپنی دکانیں لگانے کیلئے فٹ پاتھ پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔   ہل ویو بلڈنگ  میں رہنے والے سلام قاضی نے بتایا کہ بلڈنگ کےمین گیٹ سے متصل کوڑے دان   ہے جس میں آس پاس کی تمام بلڈنگوں اور چالیوں کا کوڑاکرکٹ پھینکا جاتا ہے۔ کوڑے دان میں کم باہر زیادہ کچرا پھینکنے کی وجہ سے وہاں سے گزرنا مشکل ہوتا تھا ۔ دوسرے گیٹ سے متصل واچنالیہ بنانے کی وجہ سےبلڈنگ کے اندرآنا جانا دشوار ہوگیا ہے ۔ وہیں پورے فٹ پاتھ پر قبضہ کرنے کی وجہ سے لوگوں کاچلنا پھرنا دشوار ہو گیا ہے ۔ بلڈنگ سوسائٹی کے چیئرمین معظم ناقوا نے کہا کہ تقریباً ۷؍ ماہ پہلے واچنالیہ بنایا گیا اور اس کے تیسرے دن ہی اس کی تحریری شکایت مہاڈا اور بی ایم سی کے این وارڈ میں کی گئی تھی لیکن اب تک اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ واچنالیہ بنانے کے تقریباً ۵؍ ماہ بعد بی ایم سی نے مہاڈا کو این او سی دیا ہے ۔اس کا مطلب یہ ہے کہ بی ایم سی اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرنا چاہتی۔
 اس ضمن میں نمائندہ انقلاب نے این وارڈ کے متعلقہ افسر جونیئر انجینئر شندے سے استفسار کیا تو انھوں نے شکایتی لیٹر کےحوالے سے کہا کہ ’’ہم نے مہاڈا کو اس بارے میں ساری معلومات دے دی ہے اور اب فٹ پاتھ سے متعلق کی جانے والی شکایت پر مہاڈا کارروائی کرے گا ۔ ہمارا  اس معاملے   سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ مہاڈا کے متعلقہ افسران کو ہم نے مطلع کردیا ہے ۔‘‘

 

antop hill Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK