Inquilab Logo

گیارہویں میں داخلے سےمتعلق ہدایت نہ آنے سے طلبہ میں بےچینی

Updated: July 03, 2022, 11:05 AM IST | saadat khan | Mumbai

سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کے دسویں جماعت کےرزلٹ میں تاخیر سے گیارہویں جماعت کے داخلے کے دوسرے مرحلے کی کارروائی شروع نہیںہوسکی

Students who have succeeded in SSC are worried about getting admission in 8th standard
ایس ایس سی میں کامیابی پانے والےطلبہ ۱۱؍ویں میں داخلے کے تعلق سے فکر مند ہیں

سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای بورڈ کے دسویں جماعت کےرزلٹ میں ہونےوالی تاخیر سے گیارہویں جماعت کے داخلے کے دوسرے حصہ کی کارروائی کاآغازنہیںہوسکا ہےجس سے متعدد طلبہ، سرپرست اوراساتذہ بے چینی میں مبتلاہیں۔حالانکہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے اعلان کردیا گیا ہے کہ دیگر بورڈ مثلاً سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کے دسویں جماعت کے رزلٹ جاری ہونےکے بعد ہی دوسرے پارٹ کی کارروائی شروع کی جائے گی مگر اس کےباوجود گیارہویں جماعت میں داخلے کےمتمنی طلبہ پریشان ہیں۔اسی دوران ڈپٹی ایجوکیشن ڈائریکٹر ممبئی سےجمعرات کو یہ اطلاع موصول ہوئی ہےکہ امسال ممبئی میںگیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے ۳؍لاکھ ۶۹؍ہزار ۹۹۵؍سیٹیں ہیں جبکہ ایس ایس سی میں ۳؍ لاکھ ۵۱؍ ہزار ۷۶۲؍ طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ مذکورہ بورڈکے رزلٹ کے بعد یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ 
 واضح رہےکہ اسٹیٹ بورڈ نے ایس ایس سی کا رزلٹ ۱۷؍جون ۲۰۲۲ءکو جاری کیاتھا۔ جس کےبعد سے ہی گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے فرسٹ پارٹ کی کارروائی کاآغاز کیاگیاتھا۔فرسٹ رائونڈ میں طلبہ نے  گیارہویںجماعت میں داخلے کیلئے رجسٹریشن کروانےکی کارروائی مکمل کرلی ہے مگر سیکنڈپارٹ کے بارےمیں ابھی تک کسی طرح کی ہدایت نہ ملنے سے طلبہ میں بے چینی ہے۔ تقریباً ۱۵؍دن گزر گئے ہیں مگر ابھی تک ڈپٹی ایجوکیشن ڈائریکٹر کی طرف سے سیکنڈ پارٹ کے بارے میںکوئی ہدایت نہیں جاری کی گئی ہے۔طلبہ ،سرپرست اور کالج انتظامیہ کی پریشان دور کرنےکیلئے ڈپٹی ایجوکیشن ڈائریکٹرکی طرف سے یہ معلومات فراہم کی گئی ہےکہ جب تک سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای بورڈ کے دسویں جماعت کے رزلٹ جاری نہیںہوتے، سیکنڈپارٹ کی کارروائی کا آغاز نہیں کیاجائےگا۔ان بورڈ کے رزلٹ جاری کئے جانے کےبعدان میںپاس ہونے والے طلبہ بھی گیارہویں جماعت میں داخلے کی کارروائی میں حصہ لےسکیں گے۔اس لئے ابھی تک سیکنڈپارٹ کی کارروائی شروع نہیں کی گئی ہے۔
 دریں اثناء ڈپٹی ایجوکیشن ڈائریکٹر کے دفتر سے جمعرات کوموصول ہونے والی اطلاع کےمطابق امسال ممبئی میٹروپولیٹن میں گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے ۳؍لاکھ ۶۹؍ہزار ۹۹۵؍ سیٹیں دستیاب ہوںگی جن میںسب سے زیادہ ایک لاکھ ۹۸؍ہزار ۵۰۰؍سیٹیں کامرس ،ایک لاکھ ۱۷؍ہزار ۷۶۰؍سیٹیں سائنس اور  ۴۸؍ہزار ۷۳۰؍سیٹیں آرٹس اسٹریم کیلئے ہوںگی جبکہ ووکیشنل کورسیزکیلئے۵؍ہزار ۵؍سیٹیں مختص ہوں گی۔  امسال ایف وائی جے سی سینٹریلائزڈ آن لائن سسٹم میں ۳؍ نئے علاقے پنویل،بھیونڈی اور وسئی شامل کئے گئے ہیں۔یہاں اس بات کا بھی خیال رکھناچاہئے کہ امسال ممبئی ریجن سے ایس ایس سی امتحان میں ۳؍لاکھ ۵۱؍ہزار ۷۶۲؍ طلبہ پاس ہوئے ہیں۔جو گیارہویں جماعت میں داخلے کے متمنی ہیں۔ ان کے علاوہ سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای بورڈ سے دسویں جماعت پاس کرنے والے طلبہ بھی گیارہویں میں داخلہ لیں گے۔ ان طلبہ سے گیارہویں جماعت میں داخلے  کے متمنی طلبہ کی تعداد کے بڑھنے کا امکان ہے۔    

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK