اسپین نے ویب سائٹ سےمقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کرائے کے گھر کی دستیابی کے اسرائیلی اشتہارات کو ہٹانے کا حکم دیا ہے، یہ قدم وزیراعظم پیڈرو سانچیز کی حکومت کی فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
EPAPER
Updated: December 31, 2025, 10:06 PM IST | Madrid
اسپین نے ویب سائٹ سےمقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کرائے کے گھر کی دستیابی کے اسرائیلی اشتہارات کو ہٹانے کا حکم دیا ہے، یہ قدم وزیراعظم پیڈرو سانچیز کی حکومت کی فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
اسپین کی حکومت نے سات آن لائن پلیٹ فارم کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی گھروں کے کرائے پر دستیابی کے ۱۰۰؍ سے زائد اشتہارات ہٹانے کا حکم دیا ہے۔صارفین کے امور کی وزارت نے منگل کو کہا کہ اس نے اسپین میں کام کرنے والے پلیٹ فارم پر۱۳۸؍ فہرستوں کی شناخت کی ہیں اور کمپنیوں کو یہ اشتہارات فوری طور پر ہٹانے یا بلاک کرنے کی اطلاع دی ہے۔تاہم اگر وہ تعمیل میں ناکام رہے تو پلیٹ فارم کو مزید سرکاری کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یہ حکم وزیراعظم پیڈرو سانچیز کی حکومت کی طرف سے اپنائے گئے اقدامات کا حصہ ہے جو فلسطین کی حمایت کرتی ہے اور غزہ پر اسرائیل کے ظالمانہ جنگ کی مذمت کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: خطے میں عدم استحکام کی اسرائیلی کوششیں بڑھ رہی ہیں: اردگان
واضح رہے کہ اکتوبر میں قانون سازوں کی طرف سے منظور کیے گئے ایک حکم نامے میں اسرائیل پر اسلحہ کی پابندی اور غزہ اورمغربی کنارہ میں غیر قانونی کالونیوں سے آنے والی مصنوعات کی تشہیر پر پابندی شامل ہے۔صارفین کے امور کے وزیر پابلو بسٹنڈوئے نے کہا کہ’’ یہ فہرستیں بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی سمجھی جانے والی نوآبادیاتی حکومت کو معمول بنانے اور مستقل بنانے میں مدد کرتی ہیں۔‘‘ اکتوبر میں، فرانس کی ہیومن رائٹس لیگ نے ائر بی این بی اور بُکنگ ڈاٹ کام کے خلاف شکایات درج کیں، ان پر غیر قانونی آبادیوں میں پراپرٹی کے اشتہار کے ذریعے اسرائیلی سیاحت کو فروغ دینے کا الزام لگایا۔
یہ بھی یاد رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارہ میں اسرائیلی آبادیاں بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی سمجھی جاتی ہیں، یہ موقف اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کی اکثریت کی طرف سے بار بار تسلیم کیا گیا ہے۔ اسپین نے۲۰۲۴ء میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا اور غزہ پر اسرائیل کی جنونی جنگ کے سب سے زیادہ نکتہ چین یورپی ممالک میں سے ایک ہے، جس میں۷۱۰۰۰؍ سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں اور اس علاقے کا بیشتر حصہ ملبے میں تبدیل ہو گیا ہے۔