عوام کے تذبذب کو دور کرنے اور ان کی صحیح رہنمائی کرنے کیلئے سماجی تنظیم کا اہم قدم ، عوام سے شرکت کی اپیل۔
EPAPER
Updated: July 02, 2026, 10:29 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
عوام کے تذبذب کو دور کرنے اور ان کی صحیح رہنمائی کرنے کیلئے سماجی تنظیم کا اہم قدم ، عوام سے شرکت کی اپیل۔
ایس آئی آر (اسپیشل انٹین سیو ریویژن ) کے تعلق سے اب بھی عوام میں تذبذب پایا جارہا ہے۔ بی ایل او کی تقرری کا اعلان اور ان کے ذریعے گھرگھرجاکر تفصیلات اور ضروری دستاویزات اکٹھاکرنے کی بات کہی گئی ہے مگراب بھی یہ عمل باضابطہ طریقے سے شروع نہیںہوا ہے۔ شہریوںکےذہنوں میں طرح طرح کے سوالات ہیں۔
اس تعلق سے ۲؍جولائی( آج) کی شب ساڑھے ۹؍بجے سےایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر ) کے ذریعے آن لائن خصوصی سیشن ہوگا ۔اس میں شرکت کے لئے آن لائن آئی ڈی ۸۸۱۵۱۵۷۲۶۴۷؍جبکہ پاس کوڈ ۲۱۴۱۷۰؍ ہے ۔اس میںایس آئی آر کے تعلق سے معلومات رکھنے والی ایڈوکیٹ لارا جسانی، شاکرشیخ اوردیگر موجود ہوںگے جو اس کے تعلق سے شہریوں کے کسی بھی سوال کا جواب دیں گے اور انہیں یہ بتائیںگے کہ ایس آئی آر کا فارم کس طرح سے بھرنا ہے ، کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی ،اگرمانگے گئے دستاویز میں سے کوئی چیزموجود نہ ہو تومتبادل کے طور پر کیا دیاجاسکتا ہے ،کسے کن فارموں کے بھرنے کی ضرورت ہوگی مثلاً بالغ شہری کوکون سا فارم بھرنا ہوگا اور پتہ تبدیل کرنے والے کو کون سا فارم پُر کرنا ہوگا ۔
یہ بھی پڑھئے: غیر قانونی آئی وی ایف مراکز پر کارروائی کا مطالبہ
اسی طرح کسی شخص کے گھر پرموجود نہ ہونے کی صورت میں بوتھ لیول آفیسر ایک سےزائدمرتبہ گھرپہنچ کر کاغذات جمع کریں گے۔ اس لئے گھبرانے کی نہیں مگر بیدار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ اس مرحلے کے بعد جب فائنل ووٹر لسٹ شائع کی جائے توایک بھی شہری کا نام ووٹرلسٹ میں چھوٹنے کا اندیشہ نہ رہے۔
اے پی سی آر کے سکریٹری شاکر شیخ نے بتایاکہ ’’ ایس آئی آر کے تعلق سے بیداری کے لئے مختلف انداز میںکوشش کی جارہی ہے تاکہ شہریوں کی رہنمائی کی جائے اور ان کے ذہن میں جو سوالات یا اشکالات ہیں اس کے صحیح جوابات کےساتھ ان کی مدد کی جاسکے۔ زوم میٹنگ بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔‘‘یاد رہےکہ ایڈوکیٹ لارا جسانی اس معاملے میں پیش پیش رہ کر لوگوں کی رہنمائی کے ساتھ انہیں قانونی معلومات بھی فراہم کررہی ہیں ۔