اومکار کےامتحان سے ۳؍ماہ قبل اسکے والد انتقال کرگئےتھے ، صدمے کے باوجود اومکار نے خود کو کسی طرح سنبھالے رکھا۔
EPAPER
Updated: April 17, 2026, 1:12 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
اومکار کےامتحان سے ۳؍ماہ قبل اسکے والد انتقال کرگئےتھے ، صدمے کے باوجود اومکار نے خود کو کسی طرح سنبھالے رکھا۔
کاٹئی گاؤں کے محنتی اور باہمت نوجوان اومکار پنگلے نے شدید گھریلو اور معاشی دشواریوں کے باوجود مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن (ایم پی ایس سی) کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے محکمۂ محصول میں معاون (ریونیو اسسٹنٹ) کے عہدے پر تقرری حاصل کر لی۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لئے فخر کا باعث بن گئی ہے۔اومکار پنگلے کی کامیابی کی داستان حوصلے اور عزم کی روشن مثال ہے۔ امتحان سے محض تین ماہ قبل ان کے والد، جو رکشا چلا کر خاندان کی کفالت کرتے تھے، انتقال کر گئے۔ اس دکھ اور آزمائش کے وقت میں جہاں گھر کی ذمہ داریاں بڑھ گئیں، وہیں ذہنی دباؤ بھی شدید تھا، لیکن اومکار نے ہمت نہ ہاری اور پوری توجہ کے ساتھ اپنی تعلیم اور تیاری جاری رکھی۔انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بھیونڈی کے ضلع پریشد اسکول سے حاصل کی اور اسی شہر سے گریجویشن مکمل کیا۔ اعلیٰ مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لئے انہوں نے ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (بارٹی) سے رہنمائی حاصل کی اور پونے میں ایم پی ایس سی کی خصوصی کوچنگ لے کر اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارا۔ان کی انتھک محنت رنگ لائی اور انہوں نے درج فہرست ذات (ایس سی) زمرے میں ریاست بھر میں پانچواں مقام حاصل کیا، جبکہ مجموعی میرٹ لسٹ میں۲۱۷؍ واں نمبر حاصل کر کے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔اومکار پنگلے کی یہ کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ حالات چاہے کتنے ہی ناموافق کیوں نہ ہوں، محنت، لگن اور مضبوط ارادے کے ذریعے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔