وزیر مالیات سیتارمن نے بینک کے ڈائریکٹر سے ملاقات کی، معاشی محاذ پر اسلام آباد کو الگ تھلگ کردینے کی کوشش۔
EPAPER
Updated: May 06, 2025, 11:55 AM IST | Agency | New Delhi
وزیر مالیات سیتارمن نے بینک کے ڈائریکٹر سے ملاقات کی، معاشی محاذ پر اسلام آباد کو الگ تھلگ کردینے کی کوشش۔
پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہرطرف سے پاکستان کا ناطقہ بند کرنے کی حکمت عملی کے تحت ہندوستان نے اب ایشین ڈیولپمنٹ بینک(اے ڈی بی) سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کی مالی مدد روک دے۔اس کیلئےہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے سربراہ مساٹو کانڈا سے ملاقات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے نےاے ڈی بی کے ڈائریکٹر سے درخواست کی ہے کہ پاکستان کو دی جانے والی مالی امداد کو کم کیا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نےاٹلی کے وزیر خزانہ جیانکارلو جیورجیٹی سے بھی ملاقات کر کے پاکستان کی فنڈنگ روکنے کے تعلق سے بات چیت کی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے پاکستان مالی محاذ پر الگ تھلگ کردینے کی حکمت عملی پر کام شروع کردیاہے۔ نئی دہلی کی کوشش ہے کہ اسلام آباد کو ’’فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ‘‘ کی گرے لسٹ میں دوبارہ شامل کروا دیا جائے۔ اس کیلئے یورپی ممالک کی مدد حاصل کرنے کیلئے ان کے کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی جارہی ہیں۔ ہندوستان کا الزام ہے کہ پاکستان کو ملنے والی بین الاقوامی امداد دہشت گردی کی مالی مدد کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔اس نے آئی ایم ایف سے بھی پاکستان کی فنڈنگ روکنے کی اپیل کی ہے۔