Inquilab Logo

اُدھو کی شیوسینا اراکین سے واپس آنے کی اپیل

Updated: June 23, 2022, 10:39 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

جذباتی انداز میں کہا کہ ’’میں ان میں سے نہیں جو کرسی کیلئے جھگڑا کریں، ایک بھی ایم ایل اے شکایت کریگا تو کرسی چھوڑ دوں گا ۔‘‘ شندے کا ۴۶؍ ایم ایل ایز کی حمایت کا دعویٰ

Chief Minister uddhav Thackeray addressed the gathering via video conferencing and appealed to Shiv Sena to come back
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کیا اور شیو سینکوں سے واپس آنے کی اپیل کی

مہا وکاس اگھاڑی کی قیادت کررہی شیوسینا کے سینئر لیڈراور شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے کی بغاوت اور سیاستی اتھل پتھل کے درمیان شیو سینا کےسربراہ اور وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بدھ کی شام سوشل میڈیا پر عوام اور خصوصاً شیو سینکوں سے خطاب کیا۔ تقریباً ۳۵؍ منٹ کے خطاب میں ادھو ٹھاکرے نے کئی اپیلیں کی اور واضح کیا کہ وہ دبائو  اور جوڑ توڑ کی اس سیاست کے خلاف ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ ہر چند کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ تیار رکھا ہے لیکن وہ ایک ایک شیو سینک ایم ایل اے سے واپس آنے کی اپیل کریں گے ۔ 
ادھو ٹھاکرے کا جذباتی انداز 
  ادھو ٹھاکرے نے  فیس بک لائیو کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اگر ایک بھی شیو سینک مجھ سے آکر کہےکہ انہیں مَیں پارٹی کے سربراہ کے طور پر منظور نہیں یا وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دو تو مَیں دونوں ہی عہدوں سے فوراً استعفیٰ دے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرسی کیلئے جھگڑا کرنے والے لوگوں میں سے نہیں ہیں۔  ادھو ٹھاکرے نے یہ بھی واضح کیا کہ شیو سینا اور ہندوتواایک دوسرے سے الگ  نہیں ہو سکتے اور جو شیو سینا بالا صاحب ٹھاکرے کے زمانے میں تھی وہی آج  بھی ہے۔ اس لئے یہ بھرم نہ پھیلایا جائے کہ ہم نے ہندوتوا سے سمجھوتہ کرلیا ہے۔ 
باغیوں سے اپیل اور دوٹوک انداز 
 باغی لیڈروں کے تعلق سے ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ وہ لوگ غائب ہونے کےبجائے مجھ سے بات چیت کرتے تو زیادہ بہتر ہو تا۔ اگر اب بھی وہ مجھ سے کہہ دیںتو مَیں پارٹی کے سربراہ اور وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کو تیار ہوں۔مجھے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا کوئی لالچ نہیں ہے بلکہ میں نے استعفیٰ تیار کرلیا ہے لیکن میں اس طرح کی دبائو کی  سیاست کے سامنے نہیں جھکوں گا۔ اس طرح کی سیاست کا مقابلہ کرنا مجھے آتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہاکہ  یہ شکایت کی جارہی ہے کہ مَیں لوگوں  سے نہیں ملتا جبکہ یہ بالکل جھوٹ ہے۔ میرے عہدہ سنبھالتے ہی کورونا کی وبا آگئی اور کورونا سے نمٹنے میں میرا زیادہ  وقت صرف ہونے لگا تھا۔ ایسے مشکل حالات میں  میں نے نہایت ایمانداری  سے کام کیا  ۔ اسی وجہ سے  مجھے ملک کے ٹاپ ۵؍ وزرائے اعلیٰ کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ پھر میری سرجری ہوئی جس کے سبب مَیں ۲؍  سے ۳؍مہینے کسی کو نہیں مل سکتا تھا۔ اس  کے بعد مَیں نے لوگوںسے ملاقات کرنے اور حکومت کو مزید بہتر ڈھنگ سے چلانے کا کام شروع کیا۔  انہوں نے یہ بھی یاد دلایاکہپہلی کابینہ کی میٹنگ بھی مَیں نے اسپتال سے ہی کی تھی۔
ہندوتوا پر واضح موقف کا دعویٰ 
  ادھو ٹھاکرے نے  ہندوتوا کے تعلق سے لگنے والے الزامات پر کہا کہ شیوسینا ہندوتوا سے دور نہیں ہو سکتی، اسی  لئے آدتیہ ٹھاکرے ، ایکناتھ شندے ایودھیا گئے تھے۔ میں ودھان بھاون میں ہندوتوا پر بات کرنے والا پہلا وزیر اعلیٰ ہوں لیکن یہ خبر پھیلائی گئی کہ یہ بالاصاحب کی شیوسینا نہیں ہے لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ شیو سینا  جو بالاصاحب  ٹھاکرے کے ز مانے میں تھی وہی  آج بھی ہے ۔ 
ایم ایل ایز کے غائب ہونے پر افسوس ظاہر کیا 
  ادھو ٹھاکرے نے نے مزید کہاکہ شیو سینا کے متعدد ایم ایل اے غائب  ہیں ۔ اس سے مجھے صدمہ ہوا ہےکیونکہ  اگر کانگریس اور این سی پی  کے لیڈر  یہ کہتے کہ ادھو ٹھاکرے ہمیں قبول نہیں تو بات سمجھ میں بھی آتی لیکن آج صبح ہی کمل ناتھ  اور  شردپوار نے فون کر کے مجھ پر ہر طرح سے اعتماد ظاہر کیا لیکن  میرے ہی لوگ مجھ سے چھپتے پھررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ انہیں مجھ پر اعتبار نہیں ہے۔  یہ بہت زیادہ تکلیف دہ ہے ۔ انہیں یہ سب کرنے کے بجائے مجھے آکر صاف طور پر بتادینا چاہئے تھا کہ ان کی شکایت کیا ہے۔ 
گورنر اور وزیر اعلیٰ کو کورونا
 مہاراشٹر میں تیزی سے تبدیل ہو رہے سیاسی منظرنامہ کے درمیان گورنر کوشیاری کے بعد وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ جس کے بعد ورچوئل طریقہ سے کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا  ہے اور وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے  نے  اس میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔
شیو سینا نے وہپ جاری کیا تھا 
 مہاراشٹر میں غیر معمولی سیاسی ہنگامہ آرائی کے دوران شیوسینا نے شام میں اپنے اراکین اسمبلی کی  میٹنگ  کے لئے  وہپ جاری کردیا تھا تاکہ تمام اراکین اسمبلی  میٹنگ میں شرکت کری۔ ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں صرف ۱۶؍ اراکین اسمبلی نے شرکت کی ۔ اس دوران ادھو ٹھاکرے نے ان سبھی  سےمتحد رہنے کی اپیل کی ۔ 
 باغی اراکین گورنر سے ویڈیو کانفرنسنگ کریں گے
  دوسری طرف  شیوسینا کے باغی  اراکین اسمبلی  جو اس وقت آسام کے گوہاٹی میں ریڈیسن بلو ہوٹل میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں یہاں تین دن قیام کریں گے اور مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے  گفتگو کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ باغی شیو سینا لیڈر ایکناتھ شندے نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو ایک خط لکھا ہے تاکہ وہ حکومت بنانے کے لیے اپنی طاقت ظاہر کرنے کے  لئے میٹنگ طلب کریں۔ اہم بات یہ ہے کہ کوشیاری بھی بدھ کو کورونا سے متاثر  پائے گئے۔  ان کی غیر موجودگی میں گوا کے گورنر سریدھرن ریڈی کو مہاراشٹر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔دریں اثناء معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریڈی نے پہلے ہی شندے کو ویڈیو کانفرنسنگ کے لئے رضامندی دے دی ہے۔ 
شندے کا ۴۶؍ اراکین کی حمایت کا دعویٰ 
 دریں اثناء باغی رکن اسمبلی اور وزیر ایکناتھ شندے نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں شیوسینا اور آزاد  اراکین سمیت ۴۶؍اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔دریں اثناء تمام ۴۰؍ایم ایل ایز بشمول ۳۳؍شیوسینا ایم ایل اے اور سات آزاد امیدوار، گوہاٹی کے ہوٹل میں ایک اہم میٹنگ میں شرکت کر رہے ہیں۔ آسام کی کابینہ کے کئی سینئر وزیر بھی ریڈیسن بلو ہوٹل میں موجود ہیں۔  اس سے قبل  شندے مہاراشٹر کے دیگر پارٹی ایم ایل ایز کے ساتھ بدھ کی صبح سورت سے گوہاٹی پہنچے تھے۔ امکان ہے کہ انہیں اب امپھال روانہ کردیا جائے۔  
ایکناتھ شندے کے دعوے 
  گوہاٹی ہوائی اڈے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے شندے نے دعویٰ کیا کہ انہیں شیوسینا کے ۴۰؍ ایم ایل ایز اور  ۶؍ آزاد اراکین  کی حمایت حاصل ہے اور وہ بالاصاحب ٹھاکرے کے نظریے کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا،  ہم نے بالاصاحب ٹھاکرے کی شیوسینا کو نہیں چھوڑا اور نہ چھوڑیں گے

shiv sena Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK