Updated: July 31, 2026, 4:24 PM IST
| New York
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے ہندوستان میں ایک بار پھر جون سہ ماہی کے دوران ریکارڈ آمدنی حاصل کی ہے۔ کمپنی کے سی ای او ٹم کک نے کہا ہے کہ سپلائی چین میں شدید رکاوٹوں اور غیر ملکی زرمبادلہ کے دباؤ کے باوجود ایپل نے دنیا کے تمام جغرافیائی خطوں، بشمول ہندوستان، میں جون سہ ماہی کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی۔
ایپل اسٹور۔ تصویر:آئی این این
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے ہندوستان میں ایک بار پھر جون سہ ماہی کے دوران ریکارڈ آمدنی حاصل کی ہے۔ کمپنی کے سی ای او ٹم کک نے کہا ہے کہ سپلائی چین میں شدید رکاوٹوں اور غیر ملکی زرمبادلہ کے دباؤ کے باوجود ایپل نے دنیا کے تمام جغرافیائی خطوں، بشمول ہندوستان، میں جون سہ ماہی کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی۔ ایپل نے جون سہ ماہی میں۴ء۱۰۹؍ ارب ڈالرس کی آمدنی حاصل کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۶؍ فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے:برج خلیفہ کی بادشاہت ختم ہونے کے قریب؟ جدہ ٹاور کی ۴۳۰؍ میٹر بلندی تک تکمیل
کمپنی کا گراس مارجن ۱ء۵۰؍ فیصد رہا، جس میں ٹیرف ریفنڈز کی وجہ سے تقریباً ۲؍ فیصد کا مثبت اثر بھی شامل تھا، جبکہ فی شیئر آمدنی (EPS) ۰۲ء۲؍ڈالر رہی، جو سالانہ بنیاد پر۲۹؍ فیصد زیادہ ہے۔ٹم کک نے کہا’’ہم نے جون سہ ماہی میں دنیا کے ہر جغرافیائی خطے میں ریکارڈ آمدنی حاصل کی۔ امریکہ، لاطینی امریکہ، مغربی یورپ، بھارت، چین، جاپان اور جنوب مشرقی ایشیا میں ہماری کارکردگی انتہائی مضبوط رہی۔‘‘
ہندوستان میں میک کی شاندار کارکردگی
ایپل کے مطابق ہندوستان میں میک مصنوعات نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ خاص طور پرمیک بُک نیو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اورآئی فون ۱۷؍ سیریز کی مضبوط طلب نے کمپنی کی فروخت میں اہم کردار ادا کیا، حالانکہ ملک میں آئی فون کی سپلائی محدود رہی۔ عالمی سطح پر میک سے حاصل ہونے والی آمدنی ۴ء۱۰؍ ارب ڈالرس رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۲۹؍ فیصد زیادہ ہے اور جون سہ ماہی کا نیا ریکارڈ بھی ہے۔
نئے صارفین کی تعداد میں اضافہ
ایپل کے چیف فنانشل آفیسر کیون پاریکھ نے کہا کہ میک نے دنیا بھر میں نئے صارفین اور اپ گریڈ کرنے والے صارفین کے لحاظ سے اپنی بہترین سہ ماہی ریکارڈ کی، جس میں امریکہ، چین اور ہندوستان نمایاں رہے۔
قیمتیں مستحکم، مگر اضافہ متوقع
مارکیٹ ماہرین کے مطابق ایپل نے میموری چپس کی بڑھتی ہوئی لاگت کے باوجود اپنی مصنوعات کی قیمتیں بڑی حد تک مستحکم رکھی ہیں۔ کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے ڈائریکٹر ترون پاٹھک کا کہنا ہے کہ ۲۰۲۶ء کے دوران ہندوستان میں ایپل کی فروخت کی تعداد میں معمولی، جبکہ آمدنی میں دو ہندسوں کی شرح سے اضافہ متوقع ہے۔ ان کے مطابق مستقبل میں آئی فون کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ضرور ہے، لیکن ایپل کی مضبوط برانڈ ویلیو اور مقبولیت نئے صارفین کو مسلسل اپنی جانب متوجہ کرتی رہے گی۔
یہ بھی پڑھئے:رفیع صاحب کے حوالے سے کچھ اہم واقعات
انہوں نے مزید کہا کہ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں پر پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے جبکہ ایپل اب تک منافع اور فروخت کے درمیان توازن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے، جس کی ایک وجہ اس کا مضبوط صارفین کا نیٹ ورک اورSiri AI کو ملنے والا مثبت ردعمل بھی ہے۔