Updated: July 31, 2026, 5:05 PM IST
| New Delhi
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ ای۲۰؍ پیٹرول استعمال کرنے سے بعض گاڑیوں کی ایندھن کی کارکردگی میں ۲؍ سے۶؍ فیصد تک کمی آ سکتی ہے، تاہم اس کے باوجود یہ ماحول دوست ایندھن درآمدی تیل پر انحصار کم کرنے اور کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے لیے اہم ہے۔
نتن گڈکری۔ تصویر:آئی این این
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ ای۲۰؍ (E20) پیٹرول استعمال کرنے سے بعض گاڑیوں کی ایندھن کی کارکردگی (Fuel Efficiency) میں ۲؍ سے۶؍ فیصد تک کمی آ سکتی ہے، تاہم اس کے باوجود یہ ماحول دوست ایندھن درآمدی تیل پر انحصار کم کرنے اور کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے لیے اہم ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اداکارہ سونالی بیندرے اب فلم پریزنٹربنیں، فلم ’سولہ‘ سے سنیما کے نئے سفر کا آغاز
گڈکری نے تحریری جواب میں کہا کہ ای ۲۰؍پیٹرول میں ۲۰؍ فیصد ایتھنول اور۸۰؍فیصد پیٹرول شامل ہوتا ہے۔ ایتھنول کی توانائی کی مقدار عام پٹرول کے مقابلے میں کم ہونے کی وجہ سے کچھ گاڑیوں میں مائلیج میں معمولی کمی دیکھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ کمی تمام گاڑیوں میں یکساں نہیں ہوگی بلکہ اس کا انحصار گاڑی کے ماڈل، انجن کی ٹیکنالوجی، ڈرائیونگ کے انداز اور آپریٹنگ حالات پر ہوگا۔وزیر کے مطابق، اگرچہ ای۲۰؍پیٹرول سے فی لیٹر چلنے والی دوری میں معمولی فرق آ سکتا ہے، لیکن اس کے کئی بڑے فوائد بھی ہیں، جن میں: خام تیل کی درآمد پر انحصار میں کمی، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، کیونکہ ایتھنول بنیادی طور پر گنے اور دیگر زرعی اجناس سے تیار کیا جاتا ہے،کاربن کے اخراج میں کمی اور ماحول کا تحفظ، ملک میں صاف اور پائیدار ایندھن کے استعمال کو فروغ۔
یہ بھی پڑھئے:برازیل کی فٹ بال ٹیم ہندوستان اور آسٹریلیا کے ساتھ کھیلے گی دوستانہ میچ
نتن گڈکری نے کہا کہ حکومت مرحلہ وار ملک بھر میں ای ۲۰؍ پیٹرول کو فروغ دے رہی ہے اور گاڑی ساز کمپنیاں بھی ایسے انجن تیار کر رہی ہیں جو اس ایندھن کے ساتھ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مستقبل میں ایتھنول ملا ہوا ایندھن ہندوستان کی توانائی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہوگا، جس سے نہ صرف ماحولیات بلکہ معیشت کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔